آج کا دن
![آج کا دن](https://dunya.com.pk/news/special_feature/specialFeature_img/27145_27205910.jpg)
اسپیشل فیچر
''لندن سموگ‘‘
''لندن سموگ‘‘ ایک شدید فضائی آلودگی کا واقعہ تھا جس نے لندن کوشدید متاثر کیا۔ اس شدید سموگ کا آغاز 5 دسمبر 1952ء کوہوا جو 9 دسمبر 1952ء تک جاری رہی۔ سرکاری طبی رپورٹس میں بتایا گیا کہ سموگ کے نتیجے میں براہ راست 4ہزار افراد ہلاک ہوئے جبکہ ہزاروں افراد مختلف طبی مسائل کا شکار ہوئے۔اسے ''لندن کی عظیم دھند‘‘ یا ''1952ء کی سموگ ‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔
ترکی : خواتین کیلئے خصوصی قانون کی منظوری
5دسمبر1934ء کوترکی میں خواتین کو رکن پارلیمان بننے اور حق رائے دہی کے استعمال کا قانون منظور ہوا۔ اس قانون کے تحت 22سال سے بڑی خواتین کو حق رائے دہی اور رکن پارلیمان بننے کیلئے 30 سال عمر کی حد مقرر کی گئی۔ اس قانون کی منظوری کے بعد 1935 ء کے عام انتخابات میں پہلی بار 18 خواتین بطور رکن پارلیمان منتخب ہوئیں۔
ادارہ عالمی مہاجرین کا قیام
اقوام متحدہ کے تحت عالمی مہاجرین کا ادارہ ''آئی او ایم‘‘ (انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن) کا قیام 5دسمبر1951ء کو عمل میں آیا۔ یہ ہجرت کے مسائل پر کام کرنے والی اوّلین بین الحکومتی تنظیم ہے جو حکومتی، بین الحکومتی اور غیر حکومتی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے۔
برمودا ٹرائی اینگل اور ''فلائٹ19‘‘
''فلائٹ 19‘‘ پانچ جنرل موٹرز ٹی بی ایم ایونجر ٹارپیڈو بمباروں کے ایک گروپ کا نام تھا جو 5 دسمبر 1945ء کو برمودا ٹرائی اینگل کے اوپر سے غائب ہو گیاتھا۔ ''فلائٹ 19‘‘ کا تعلق نیوی ایئر سٹیشن فورٹ لاؤڈرڈیل، فلوریڈا سے تھااور وہ امریکی نیوی کے مشن ''اوور واٹر نیوی گیشن ٹریننگ فلائٹ‘‘ پر تھا۔ اچانک تمام 14 ایئر مین لاپتہ ہوگئے۔''فلائٹ 19‘‘کی تلاش میں جانے والے مارٹن پی بی ایم میرینر فلائنگ بوٹ کے عملے کے 13 ارکان بھی اسی مقام کے قریب غائب ہو گئے۔
پہلے یوکرینی صدرکاانتخاب
لیونیڈمیکروخ یوکرین کے معروف سیاستدان اور پہلے صدر تھے۔ وہ 5 دسمبر 1991ء کو صدر منتخب ہوئے اور19جولائی 1994ء تک اپنے عہدے پر فائز رہے۔ 1992ء میں انہوں نے یوکرین کے جوہری ہتھیاروں کو ترک کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے۔ صدر اور وزیر اعظم کے درمیان سیاسی بحران کے بعد لیونیڈ نے صدارت سے استعفیٰ دے دیا۔ اپنی صدارت کے بعد لیونیڈ یوکرائن کی سیاست میں سرگرم رہے۔