حیرت انگیز اور انوکھی تعمیرات کے شاہکار ریستوران
کسی بھی ریستوران میں قیام کرنے والے شخص کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ اسے ریستوران میں ہر طرح کی سہولت میسر ہو۔ اس حوالے سے فائیو سٹار اور تھری سٹار ہوٹلوں میں قیام کرنے والوں کو بہترین اور غیری معمولی جدید سہولتیںفراہم کی جاتی ہیں۔ لیکن دنیا میں بہت سے اسے ریستوران بھی موجود ہیں جو اپنے طرز تعمیراور محل و قوع کے لحاظ سے انتہائی منفرد ۔ انوکھے اور حیرت انگیز ہیں۔ جن کو دیکھنا یا ان میں ٹھہرنا مسافروں کیلئے نہایت دلچسپ اور انوکھا تجربہ ہوتا ہے۔ آئیے سیاحوں کی دلچسپی کے مرکز دنیا کے ان شاہکار ریستورانوں میں سے چند کا جائزہ لیتے ہیں۔
ریت سے بنا ہوا ریستوران
برطانیہ کے جنوبی ساحل پر ریت سے ایک حیرت انگیز ریستوران تعمیر کیا گیا ہے جس کی تعمیر میں ہزاروں ٹن ریت استعمال ہوئی ہے۔ اس حیرت انگیز ریستوران کو چار مجسمہ سازوں کی تعمیر نے روزانہ 14 گھنٹے کام کر کے 7 روز میں تعمیر کیا ہے۔ ریستوران میں تمام کمرے اور بستر ریت سے تعمیر کئے گئے ہیں۔ بارش اس ہوٹل کو چند لمحوں میں برباد کرسکتی ہے۔اس ریستوران کی چھت نہیں ہے اس وجہ سے یہاں رات کو ٹھہرنے والے لوگ ریت سے بنے بستر پر لیٹ کر آسمان پر چمکتے ستارے دیکھ کر لطف اندوز ہونے کے ساتھ مظاہر قدرت کا یکسوئی کے ساتھ مشاہدہ کر سکتے ہیں۔ اس ریستوران کے مالک کا نام مارک اینڈرسن ہے جس کا دعویٰ ہے کہ یہ ریت سے بنی ہوئی برطانیہ کی سب سے بڑی عمارت ہے۔
تیرنے والا ریستوران
سوئیڈن میں ایک انوکھا تیرنے والا ریستوران ''سالٹ اینڈسل‘‘ واقع ہے جو سوئیڈن کے جنوب میں ''کلیڈزیبو لیمن‘‘ نامی جزیرے میں بنایا گیا ہے۔ اس کی تعمیر کا آغاز اکتوبر2008ء میں ہوا تھا۔ یہ ایک ماحول دوست ریستوران ہے جس میں لوگ کھلی فضاء میں بیٹھ کر ہوٹل کی سہولتوں سے استفادہ کرتے ہیں۔ یہ ہوٹل دو منزلوں پر مشتمل ہے۔ اس ریستوران کے کمروںکے فرش پر گرینائٹ لگایا گیا ہے اور ان کمروں کو اعلیٰ ترین فرنیچر سے سجایا گیا ہے۔ اس تیرنے والے ریستوران میں مہمانوں کوSea Foodسے بنائے گئے کھانے کھلائے جاتے ہیں جبکہ ریستوران میں ایک میٹنگ روم اور کانفرنس ہال بھی بنایا گیا ہے۔
برف سے بنایا گیا ریستوران
کینیڈا میں واقع ''ہوٹل دی گلیس‘‘ نامی ریستوران مکمل طورپر برف سے بنایا گیا ہے۔ یہ حیرت انگیز برفانی ہوٹل کینیڈا کے شہر ''موٹریال‘‘ سے 149 میل کے فاصلے پر واقع ہے اور اس کی خاص بات یہ ہے کہ اسے برف سے بنایا گیا ہے۔ ریستوران کے تمام کمرے، ستون اور آرائشی اشیاء برف سے تراشی گئی ہیں۔ اس ریستوران کی سیر اور اس میں قیام کیلئے سب سے اچھا وقت 4 جنوری سے 4 اپریل تک ہے کیونکہ یہاں سردی کے موسم میں برفانی ریستوران کا اندرونی درجہ حرارت منفی 13 سینٹی گریڈ تک ہوتا ہے، برف سے بنے ہوئے اس انوکھے اور خوب صورت ریستوران میں اکثر فلموں اور ٹی وی پروکشنز کی شوٹنگ، شادیاں ،سیمینار، آرٹ کی نمائش اور مختلف کمپنیوں کی تقریبات منعقد ہوتی رہتی ہیں۔ اس حیرت انگیز برفانی ریستوران کو دیکھنے کیلئے ہر سال دنیا بھر سے سیاح بڑی تعداد میں کینیڈا آتے ہیں۔
کیپسول ریستوران
جاپان میں ایک جدید طرز کا ''کیسپول ریستوران‘‘ بنایا گیا ہے جونہایت کم خرچ میں ایک شخص کو سونے کیلئے کافی ہے۔ یہ ہوٹل اپنی ساخت کے لحاظ سے نہایت ہی انوکھا اور حیرت انگیز ہے کیونکہ جس طرح مرغے، مرغیوں اور دوسرے پالتوں پرندوں کی رہائش کیلئے ڈربے بنائے جاتے ہیں بالکل اسی طرح انسانوں کیلئے یہ کیسپول نما ریستوران بنایا گیا ہے، جس میں انسانوں کیلئے ڈربے بنائے گئے ہیں جن کی ساخت ایک دراز کی طرح ہے جس میں ایک وقت میں صرف ایک ہی شخص سو سکتا ہے۔ ریستوران کے کمرے اور دروازے لکڑی یا لوہے کی بجائے شیشے سے بنائے گئے ہیں اوراس کیپسول ریسٹورنٹ میں دیگر بڑے ہوٹلوں جیسی تمام سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ کمروں میں کھانا کھانا اور سگریٹ نوشی ممنوع ہے۔ ان کمروں کی چوڑائی ایک میٹر اور لمبائی دومیٹر ہے۔ اس طرز کے بنے ہوئے ریستوران جاپان میں بہت تیزی کے ساتھ مقبول ہو رہے ہیں اور اب کئی جگہ ایسے ہوٹل تعمیر کئے جارہے ہیں۔
جنگل میں بنایا گیا ریستوران
میکسیکو کے جنگل میں پہاڑوں اور درختوں کے درمیان لوہے کے ڈھانچے پر مشتمل ایک مضبوط اور خوبصورت ہوٹل ''جنگل ہوٹل‘‘ کے نام سے بنایا گیا ہے۔ جس کے کمرے نہایت آرام دہ ہیں۔ یہ ہوٹل چھٹیاں گزارنے کیلئے ایک بہترین جگہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں چھٹیوں کے زمانے میں بہت مشکل سے کمرے کرائے پر ملتے ہیں اور کافی پہلے سے اس ہوٹل میں کمرے بک کروانے پڑتے ہیں۔ یہ ہوٹل زمین سے کافی بلندی پر بنایا گیا ہے جس کا ہر کمرہ بہت دلکش ہے۔ اس ہوٹل میں رہنے والوں کو تمام اشیاء لینے کیلئے خود نیچے آناپڑتا ہے۔ چونکہ یہ ہوٹل مسافروں اور سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے اس وجہ سے اس ہوٹل سے نیچے ایک بڑا بازارقائم ہوگیا ہے۔ جہاں ضرورت کی تمام اشیاء با آسانی خریدی جاسکتی ہیں۔ اپنی وضح قطع اور محل وقوع کے لحاظ سے یہ ایک انوکھی اور دلچسپ جگہ ہے جہاں آنے والوں کو بھر پور تفریح اور مہم جوئی کے مواقع ملتے ہیں۔
غار ریستوران
یہ ریسٹورنٹ ترکی میں کیپی ڈوشیا کی پہاڑیوں میں ایک غار میں بنایا گیا ہے جس کی وجہ سے اسے ''غار ہوٹل‘‘ کہا جاتا ہے۔ یہاں آنے والوں کو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ گویا وہ زمانہ قدیم کے کسی دور کے باسی ہیں۔ جب لوگ عام طورپر پہاڑوں میں غار کے اندررہا کرتے تھے۔ ترکی میں کیپی ڈوشیاء کے پہاڑوں کے اندر بنے ہزاروں سال پرانی قدیم غاروں کو تمام ضروری اشیاء سے مزین کر کے انہیں ایک بہت ہی خوبصورت ہوٹل کی شکل دی گئی ہے۔ 6 غاروں پر مشتمل اس ''غار ہوٹل‘‘ میں تیس کمرے ہیں جہاں سہولتوں اور آرام کا ہر ممکن اہتمام کیا گیا ہے۔ اس غار ہوٹل کے قریب ایک اوپن ایئر عجائب گھر، شاپنگ سنٹر، ریسٹورنٹ اور مذہبی مراکز بھی قائم ہیں جبکہ ہوٹل کے ہر کمرے کے ساتھ باتھ روم کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔