آج کا دن
![آج کا دن](https://dunya.com.pk/news/special_feature/specialFeature_img/27578_15218342.jpg)
اسپیشل فیچر
''Legion of Honour‘‘ کا آغاز
1802ء میں 19مئی کو فرانسیسی شہنشاہ اور فوجی کمانڈر نپولین بونا پارٹ نے ''نیشنل آرڈر آف دی لیجن آف آنر‘‘ (National Order of the Legion of Honour)کی بنیاد رکھی۔ اسے ''پہلے رائل آرڈر آف دی لیجن آف آنر‘‘ بھی کہا جاتا تھا۔ یہ فرانسیسی اعزازات میں سب سے بڑااعزازہے، جو فوجی اور سول دونوں کیلئے ہے۔ نپولین بوناپارٹ کے بعد آنے والی تمام فرانسیسی حکومتوں اور نظاموں نے بھی اسے برقرار رکھا ہے۔
دم دار ستارہ ''ہیلی‘‘ کا زمین کے قریب سے گزر
19مئی 1910ء کو ہیلی نام کا دم دار ستارہ زمین کے قریب ترین پہنچا۔ یہ دم دار ستارہ آخری بار 1986ء میں زمین کے قریب سے گزرا تھا۔ ماہرین کے مطابق اگلی بار یہ ستارہ2061ء میں دوبارہ نمودار ہو گا۔ یہ دم دار ستارہ تقریباً ہر 76 سال بعد نمودار ہوتا ہے۔ عمومی طور پر دم دار ستارے سورج کے گرد ایک طویل بیضوی مدار میں چکر لگاتے ہیں، یہ مدار بعض اوقات اتنا بڑا ہوتا ہے کہ ایک چکر کئی صدیوں پر مشتمل ہو سکتا ہے۔
سویز کینال اسرائیلی جہازوں کیلئے بند
1950ء میں آج کے روز مصر نے سویز کینال اسرائیلی جہازوں اور تجارت کیلئے بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔سویز کینال مصر میں ایک مصنوعی سطح سمندر آبی گزرگاہ ہے جو بحیرہ روم کو بحیرہ احمر سے جوڑتی ہے۔ 193 کلومیٹر (120میل) طویل یہ کینال یورپ اور ایشیا کے درمیان ایک اہم تجارتی راستہ ہے۔
خلائی مشن ''مریخ 2‘‘ کی لانچنگ
سوویت یونین نے 19مئی 1971ء کو اپنا خلائی مشن ''مریخ 2‘‘ کو لانچ کیا۔ یہ ایک بغیر عملے کے خلائی مشن تھا ، جس کے تحت سوویت یونین نے مریخ خلائی گاڑی اور آربیٹرز لانچ کیے۔ ''مریخ 2 ‘‘اور'' مریخ 3 مشنز‘‘ میں ایک جیسے خلائی جہاز شامل تھے، ہر ایک میں ایک آربیٹر اور ایک منسلک لینڈر(خلائی گاڑی) تھا۔ مریخ 2 کا لینڈر سطحِ مریخ تک پہنچنے والی پہلی انسانی ساختہ چیز بنی، اگرچہ لینڈنگ سسٹم ناکام ہو گیا اور لینڈر ضائع ہو گیا۔