آج کا دن
![آج کا دن](https://dunya.com.pk/news/special_feature/specialFeature_img/27737_26043915.jpg)
اسپیشل فیچر
انسولین کی ایجاد
27 جولائی 1921ء ٹورنٹو یونیورسٹی کے بائیو کیمیا دان فریڈریک بینٹنگ اور ان کے ساتھیوں نے انسولین دریافت کی۔ فریڈریک بینٹنگ ہڈیوں کے سرجن تھے اور انہوں نے یہ دریافت ایک کتے کے لبلبے پر تجربات کے بعد کی۔جس میں پروفیسر میک لیوڈ (Macleod) اورچارلس نے ان کی معاونت کی۔27 جولائی 1921ء کو انسولین کی دریافت سے پہلے ذیابیطس ایک مہلک بیماری تھی، یہ جسے ہو جاتی وہ فقط چند برسوں کا مہمان ثابت ہوتا۔
جیٹ انجن سے لیس طیارے کی پہلی اڑان
27 جولائی 1949ء کو دنیا کے پہلے جیٹ انجن سے لیس مسافر بردار طیارے نے اپنی پہلی کامیاب پرواز کی۔''ڈی ہیولینڈ ڈی ایچ 106‘‘ دنیا کا پہلا کمرشل جیٹ ہوائی جہاز ہے۔اس میں چار ڈی ہیولینڈ گھوسٹ ٹربو جیٹ انجن نصب تھے۔ اس کے مسافر کیبن پرسکون اور آرام دہ تھے ۔اس نے اپنی پہلی تجارتی پرواز مئی 1952ء میں بھری ۔
جنیوا کنونشن
جنگی قیدیوں سے متعلق جنیوا کنونشن پر 27 جولائی 1929 ء کو جنیوا میں دستخط ہوئے ۔ اس کا سرکاری نام جنگی قیدیوں کے ساتھ سلوک کے حوالے سے کنونشن تھا جبکہ یہ 19 جون 1931ء کو نافذ ہوا۔اس کنونشن میں دوسری عالمی جنگ کے قیدیوں کے ساتھ سلوک کا احاطہ کیا گیا۔جنگی قیدیوں کے ساتھ سلوک سے متعلق دفعات 1899ء اور 1907ء کے ہیگ کے ضوابط میں موجود تھیں۔ پہلی جنگ عظیم کے دوران اس میں کئی خامیوں کے ساتھ درستگی کا بھی انکشاف کیا گیا۔
ائیر شو حادثہ
27جولائی2015ء کو یوکرین میں ہونے والے فضائی شو میں ایک حادثہ پیش آیا۔یہ شو یوکرین کی فضائیہ کے زیر اہتمام کروایا گیا تھا۔ اس میں ایک جہاز اپنی محارت دکھاتا ہوا ائیر فیلڈ کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔اس حادثے میں 77افراد جان بحق جبکہ543کے قریب زخمی ہوئے۔ 100افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔یہ حادثہ دنیا میں کسی بھی ائیر شو کے دوران ہونے والے حادثات میں سب سے بھیانک تصور کیا جاتا ہے۔اس ائیر شو کو دیکھنے کیلئے 10ہزار افراد موجود تھے۔
سی زیروک قتل عام
27جولائی 1997ء کو الجزائر میں لاربا کے جنوب میں سی زیروک محلے میں ایک قتل عام کیا گیا جسے زیروک قتل عام کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔اس میں تقریباً 50لوگ مارے گئے۔ 1997ء میں الجزائر خانہ جنگی کے عروج پر تھا۔دو بڑے گوریلا گروہ حکومت سے لڑائی میں مصروف تھے۔اس حملے سے قبل گاؤں کی بجلی کو منقطع کر دیا گیا اور آرمی بیرکس کے قریب حملہ کیا گیا۔ اس حملے کو الجزائر کی خانہ جنگی کے دوران کئے جانے والے حملوں میں سب سے زیادہ خطرناک سمجھا جاتا ہے۔