ایموجی:دورجدید کی ڈیجیٹل زبان
زمانۂ قدیم میں پہلے پہل انسان نے غاروں ،جنگلوں اور پہاڑوں میں اکیلا رہنا شروع کیا تھا۔ رفتہ رفتہ جب اسنے اکٹھا رہنا شروع کیا تو اسے ایک دوسرے سے رابطے اور مخاطب کے لئے '' زبان ‘‘(لینگویج ) کی ضرورت محسوس ہوئی اور اسنے زبان (لینگویج) کو رواج دیا۔وقت کے ساتھ ساتھ اسنے بستیوں ، پھر شہروں کو رواج دیا تو ہر بستی اور ہر شہر کی زبان تھوڑی بہت مختلف ہوتی چلی گئی۔ پھر جب شہر، ملکوں اور خطوں میں بٹے تو سرحدوں کا رواج شروع ہوا اور یوں زبانوں کی تعداد بھی بدستور بڑھتی چلی گئی۔ آج اس روئے زمین پر پھیلے انسانوں کی زبانوں کی تعداد کروڑوں سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔
ایک طرف زبانوں میں اضافہ ہوتا چلا گیا تو دوسری طرف سائنسی ترقی کا پہیہ بھی تیز سے تیز ہوتا چلا گیا۔ سائنس نے ٹیکنالوجی کو جنم دیا تو ٹیکنالوجی نے انسان کا ہاتھ تھام لیا۔ ٹیکنالوجی انسان کی زندگی میں داخل کیا ہوئی کہ اس نے رفتہ رفتہ انسان کو ایسا سہل پسند بنا ڈالا کہ یہ انسانی زندگی کا جزو لا ینفک بن کر رہ گئی۔ اس جزو لاینفک کی ابتدائی جدید شکل کمپیوٹر کے نام سے شروع ہوئی۔ چنانچہ اس کمپیوٹر سے کام لینے اور مخاطب کرنے کے لئے انسان نے ایک مشینی زبان کو رواج دیا ۔ اور یوں آج یہی کمپیوٹر مختلف اشکال میں تقریباً ہر گھر اور ہرشخص کے ہاتھ میں نظر آتا ہے ۔
کمپیوٹر نے سب سے پہلے خطوط ، ٹیلی گرام ، عید کارڈ اور پرانے وقتوں کے رابطے کے دیگر ذرائع کو رخصت کیا۔سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی نے لوگوں کے مابین برقی رابطے کو نہایت مضبوط بنایا۔میسج یا ای میل کی ابتدائی تاریخ میں اپنے احساسات کو مؤثر طریقے سے بیان کرنا محال تھا۔ لیکن اس مشینی دور میں جب انسان کے پاس چند لائنیں ٹائپ کرنے کا بھی وقت نہ بچا تو اس نے اپنا مقصد ، اپنے جذبات اور اپنا پیغام کمپیوٹر یا موبائل فون کے کی بورڈ پر بنی مخصوص اشکال کے ذریعے صرف ایک کلک کے ذریعے بھیجنے کو رواج دیا۔ چنانچہ آج کی بورڈ پر بنی یہی اشکال اس کی پیغام رسانی اور ترجمانی کا ذریعہ بن چکی ہیں۔ سوشل میڈیا کی دنیا میں ان اشکال کو ایموجی کے نام سے جانا جاتا ہے۔
ایموجی کیا ہے ، کہاں سے
اور کیسے شروع ہوا ؟
ایموجی بنیادی طور پر ایک جاپانی لفظ ہے۔ جاپانی لفظ '' ای ‘‘ کا مطلب تصویر ہے جبکہ ''موجی‘‘ کے معنی مطلب کا کردار، کے ہیں۔ لفظ ایموجی سب سے پہلے آکسفورڈ ڈکشنری میں 2017ء میں ظاہر ہوا تھا جس کے معنی کچھ اس طرح سے بیان کئے گئے تھے : ''ایک چھوٹی ڈیجیٹل تصویر یا آئیکان جو کسی خیال یا جذبات کو ظاہر کرنے کیلئے استعمال ہوتا ہے ‘‘۔
شیگیٹاکا کوریٹا جو جاپان کی ایک انٹرنیٹ کمپنی کا ملازم تھا ۔ نے 1999 میں دنیا کا پہلا ایموجی تیار کیا تھا۔دراصل کوریٹا کا مقصد بہت زیادہ الفاظ ٹائپ کئے بغیر اپنا مقصد اپنے مخاطب تک محض ایک چھوٹی سی تصویر کے ذریعے پہنچانا تھا۔ پہلا ایموجی موسم کی ترجمانی کرنے والا ایموجی تھا۔ اس کے بعد یہ رفتہ رفتہ جاپانی موبائل فون اور کمپیوٹرز پر عام ہوتے چلے گئے۔یہ ایموجی انتہائی سادہ اور محدود ہوا کرتے تھے مثلاًسٹریٹ سائن ، بلب ، بادل ، سورج ، چاند اور بارش وغیرہ۔رفتہ رفتہ ایموجیز کا استعمال بڑھتا چلا گیا اور یوں یہ ایک نئی الیکٹرونک اور ڈیجیٹل زبان کا درجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ۔ ان کی کامیابی کے پس پردہ ایک چھوٹی سی تصویر یا نشان کے ذریعے اپنے احساسات یا جذبات کی ترسیل تھا ۔مثلاً اب آپ کو یہ کہنے یا لکھنے کی ضرورت نہیں ہے کہ مجھے ہنسی آ رہی ہے ، بس آپ کو اپنے موبائل فون یا کمپیوٹر کی سکرین پر محض ہنسی والی ایموجی ڈالنا ہے ، آپ کا مخاطب آپ کی بات سمجھ جائے گا۔ چہرے کے ایموجی تو بہت پہلے ایجاد چکے ہو تھے مگر سب سے مقبول مسکراہٹ والا ایموجی 2017ء میں ہاروے راس نامی ایک گرافک ڈیزائنر نے ایجاد کیا تھا۔ چہرے کے تاثرات کے سب سے زیادہ ایموجیز ہاروے کے ایجاد کردہ ہیں۔
ایموجی پیڈیا کے مطابق ، ایپل ، گوگل ، فیس بک ، ٹوئٹر ، انسٹا گرام ، وٹس ایپ ، وائبر ، چیٹ ایپلی کیشنز میسیجز سمیت موبائل کمپنیز کی جانب سے 2666 اقسام کے ایموجی دنیا بھر میں استعمال ہو رہے ہیں۔ اگرچہ ایموجی ویسے تو 1999ء سے استعمال ہو رہے ہیں لیکن موبائل فون میں سب سے پہلے سن 2011 میں ایپل کمپنی نے متعارف کرائے تھے۔ یہاں یہ بتانا ہوگا کہ ایموجیز کا اجرا بین الاقوامی طور پر باقاعدہ ایک ضابطے اور سسٹم کے تحت عمل میں آتا ہے جس کی منظوری ایک بین الاقوامی ادارہ '' یونی کوڈ کنسورشیم ‘‘ دیتا ہے۔
2007ء میں گوگل نے یونی کوڈ کنسورشیم سے بین الاقوامی طور پر ایموجیز کی باقاعدہ طور پر منصوبہ بندی کی گزارش کی؛چنانچہ 2009ء میں ایپل کمپنی نے ایموجیز پر کام کرنا شروع کیا اور2011ء کے آس پاس ایپل کے انجینئرز 650 ایموجیز پر مشتمل پہلا کی بورڈ بنانے میں کامیاب ہو گئے۔ 2015ء میں برطانوی سافٹ وئیر کمپنی'' سوفٹ کی‘‘ (Swiftkey) کے انجینئرز نے مل بیٹھ کر ایموجیز کو عالمی استعمال میں سہل اور فعال بنانے میں نئی جہتیں متعارف کرائیں۔
انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کو وقت کی قلت کے پیش نظر اب الفاظ کی بجائے ایموجیز کا سہارا لینا پڑتا ہے کیونکہ طرح طرح کے ایموجیز اب ہر طرح کے جذبات کی بہترین ترجمانی کرنے کے لئے ہمارے کی بورڈز پر موجود ہیں۔مثلاًاگر کوئی خوش ہے ، بیمار ہے ، غصے کی حالت میں ہے یا افسوس کی حالت میں ہے تو انٹرنیٹ کی دنیا میں ہر قسم کے ایموجیز موجود ہیں جن کے استعمال کے بعد مزید کچھ کہنے کی ضرورت نہیں رہتی۔
ایک رپورٹ کے مطابق صرف فیس بک کے ذریعے ایک دن میں 6ارب سے زائد ایموجیز استعمال ہوتے ہیں جبکہ ٹوئٹر ، انسٹاگرام ، وٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا اکاونٹس اس کے علاوہ ہیں ۔گویا دنیا بھر میں ہر ایک سیکنڈ میں صرف فیس بک پر 70 ہزار ایموجیز استعمال ہوتے ہیں۔ایک اور سروے میں بتایا گیا ہے کہ سب سے زیادہ استعمال ہونے والا ایموجی آنسووں کے ساتھ ہنستا ہوا چہرہ ہے۔جو دن میں کروڑوں کے حساب سے حرکت میں رہتا ہے۔
ورلڈ ایموجی ڈے
17 جولائی کو دنیا بھر میں '' ورلڈ ایموجی ڈے ‘‘ ہر سال باقاعدگی سے منایا جاتا ہے۔ سب سے پہلا '' ورلڈ ایموجی ڈے ‘‘ 17 جولائی 2014ء کو منایا گیا۔اس مخصوص دن کو منانے کی وجہ یہ تھی کہ اگر ایموجی میں کیلنڈر کو استعمال کیا جائے تو اس میں 17 جولائی کی تاریخ درج ہوتی ہے۔
ورلڈ ایموجی ڈے کے بانی ، جرمی برج ہیں جو ایموجی پیڈیا کے خالق ہونے کے ساتھ ساتھ یونی کوڈ کنسورشیم کمیٹی کے ممبر بھی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ خاص دن منانے کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ ہم سوشل میڈیا کی دنیا میں ایک نئی ایجاد کو خراج تحسین پیش کریں۔