ہیپا ٹائٹس سی ٹیسٹ کٹ کی منظوری
![ہیپا ٹائٹس سی ٹیسٹ کٹ کی منظوری](https://dunya.com.pk/news/special_feature/specialFeature_img/27735_16660558.jpg)
اسپیشل فیچر
عالمی ادارہ صحت (WHO) نے لوگوں کو ہیپا ٹائٹس سی وائرس کا خود ٹیسٹ کرنے کے لیے تیار کردہ کِٹ کے استعمال کی منظوری دے دی ہے۔ماہرین کا ماننا ہے کہ اس طرح بیماری کی تشخیص میں کافی مدد ملے گی ۔WHO میں ایچ آئی وی، ہیپا ٹائٹس اور ایس ٹی آئی پروگراموں کے شعبے کی ڈائریکٹر ڈاکٹر میگ ڈورتھی کے مطابق اس ٹیسٹ کٹ سے ایچ سی وی کی جانچ اور علاج کی جانب اہم پیش رفت ہو سکتی ہے اور اس سے کئی جانیں بچائی جاسکیں گی۔بقول ان کے '' بیماری کی تشخیص اور علاج یقینی بنانے سے بالآخر ایچ سی وی کے خاتمے کے عالمگیر ہدف کو حاصل کرنے کا محفوظ و موثر راستہ میسر آیا ہے‘‘۔ڈاکٹر ڈورتھی کا کہنا ہے کہ وائرس سے پھیلنے والے ہیپاٹائٹس سے روزانہ 3500 اموات ہوتی ہیں۔ علاوہ ازیں، ہیپا ٹائٹس سی میں مبتلا پانچ کروڑ لوگوں میں سے 36 فیصد میں ہی اس بیماری کی تشخیص ہو پاتی ہے۔ 2022ء کے اختتام تک ان میں سے صرف 20 فیصد لوگوں کو علاج معالجہ میسر آیا تھا۔
ہیپا ٹائٹس سی جگر کو متاثر کرتا ہے اور شدید و طویل بیماری کا سبب بن سکتا ہے جس سے جان بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔یہ بیماری متاثرہ خون کے ذریعے پھیلتی ہے اور استعمال شدہ سوئیاں ‘ سرنجیں اور استرے اس کا بڑا ذریعہ ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ جانچ کے بغیر خون کی منتقلی بھی اس بیماری کی ایک سے دوسرے فرد کو منتقلی کا باعث بن سکتی ہے۔ WHO کے مطابق اس وقت دنیا میں تقریباً پانچ کروڑ افراد شدید نوعیت کے ہیپا ٹائٹس سی میں مبتلا ہیں اور ہر سال اس بیماری کے تقریباً 10 لاکھ نئے مریض سامنے آتے ہیں۔ 2022 میں اس بیماری سے تقریباً 242,000 لوگوں کی اموات ہوئی تھیں جن میں بیشتر تعداد جگر کے بنیادی کینسر میں مبتلا تھی۔ WHOنے 2021 ء میں اس ٹیسٹ کی سفارش کی تھی تاکہ بیماری کی جانچ سے متعلق موجودہ خدمات کو مزید موثر بنایا جا سکے۔ یہ فیصلہ ایسی واضح شہادتوں کی بنیاد پر کیا گیا کہ اس سے بیماری کی جانچ اور تشخیص سے متعلق خدمات تک رسائی اور ان کے حصول میں بہتری آئے گی۔ خاص طور پر اس سے ایسے لوگوں کو فائدہ پہنچے گا جو وائرس کا ٹیسٹ نہیں کرواتے۔WHO میں شعبہ ضوابط و منظوری کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ ایچ سی وی ٹیسٹ کٹ کی دستیابی سے کم اور متوسط درجے کی آمدنی والے ممالک کو محفوظ اور سستے انفرادی ٹیسٹ کی سہولت میسر آئے گی جو کہ اس بیماری میں مبتلا 90 فیصد لوگوں کی نشاندہی کا ہدف حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے۔
وائرل ہیپاٹائٹس عالمی سطح پر اموات کی آٹھویں سب سے بڑی وجہ ہے اور 2015 میں ایک اندازے کے مطابق13 لاکھ سے زیادہ اموات کا ذمہ دار تھا۔ عالمی سطح پر تقریباً 25 کروڑ افراد ہیپاٹائٹس بی اور سات کروڑ ہیپاٹائٹس سی سے دائمی طور پر متاثر ہیں۔ اس شرح سے2015 اور 2030 کے درمیان ایک اندازے کے مطابق دو کروڑ اموات واقع ہوں گی۔ اس بیماری کے 80 فیصد مریض پاکستان اور مصر میں ہیں۔ پاکستان میں تقریباً ایک کروڑ سے زائد افراد ہیپاٹائٹس بی یا سی میں مبتلا ہیں اور ہر سال تقریباً ڈیڑھ لاکھ نئے کیسز سامنے آتے ہیں۔ایک اندازے کے مطابق پاکستان کی 4.3 فیصدسے 11.5فیصد تک آبادی ہیپا ٹائتس سے متاثر ہے۔ اس طرح پاکستان ہیپاٹائٹس سی کے انفیکشن کے لیے دنیا میں دوسرے نمبر پر آتا ہے اور ہر 20 میں سے ایک پاکستانی اس مرض سے متاثر ہے۔اس بیماری کو خاموش قاتل کہا جاتا ہے کیونکہ بہت سے مریض پیچیدگیاں پیدا ہونے سے پہلے اس سے معاملے میں لاعلم ہوتے ہیں۔