کامیاب افراد میں کیا خوبیاں ہوتی ہیں!
کامیابی کیلئے خود کو متحرک کرنا دراصل اپنے مقصد کو حاصل کرنے کی شدید خواہش کا نتیجہ ہے۔ نپولین بل نے اپنی معروف کتاب Think and Grow Richمیں لکھا ہے: '' انسانی دماغ جو کچھ سوچ سکتا ہے، جس پر یقین رکھتا ہے وہ حاصل کر سکتا ہے۔‘‘
شدید خواہش اس مقصد کے حصول کا افتتاحی عمل ہے جس کیلئے آپ نے قدم بڑھایا ہے، جس طرح تھوڑی سی آگ سے حرارت حاصل نہیں کی جا سکتی اسی طرح کمزور خواہش سے بڑے نتائج حاصل نہیں ہو سکتے۔ کامیاب افراد جانتے ہیں کہ زندگی میں وہ کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں، ان کے سامنے زندگی کا مقصد جتنا واضح ہوتا ہے اتنی ہی شدید اس مقصد کو حاصل کرنے کی لگن بھی ہوتی ہے۔
کمٹمنٹ
دیانت اور دانائی دو ایسے ستون ہیں جن پر ذمہ داری اور کمٹمنٹ کی تعمیر ہوتی ہے۔ مکمل ذمہ داری اٹھائے بغیر کوئی مقصد اپنی تکمیل تک نہیں پہنچ سکتا۔ زندگی کیسے بھی حالات سے گزر رہی ہو کامیاب افراد اپنی کمٹمنٹ کبھی نہیں بھولتے۔
احساسِ ذمہ داری
بہترین کردار کے لوگ ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ وہ خود فیصلہ کرتے ہیں اور اپنی زندگی کی منزل خود متعین کرتے ہیں۔ ذمہ داریوں کو قبول کرنا کبھی کبھار رسک لینے کے مترادف ہو تا ہے اور ایسا کرنا زندگی میں مشکلات کاباعث بھی بن سکتا ہے۔ بعض اوقات حالات غیر مطمئن بھی ہو جاتے ہیں۔ جب ذمہ داری قبول کی جاتی ہے تو نپے تُلے انداز میں خطرے بھی مول لینے پڑتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ لوگوں کی اکثریت ذمہ داریاں قبول نہیں کرتی۔ وہ اپنے کمفرٹ زون میں رہنا پسند کرتے ہیں اور ایک غیر فعال زندگی گزارتے رہتے ہیں۔ ایسے لوگ بجائے چیزوں کو خود بنانے کے خود بخود سب کچھ ہو جانے کے انتظار میں ساری عمر گنوا دیتے ہیں۔ ذمہ داری لینا دراصل آنکھیں کھلی رکھنے کا نام ہے ،جہاں ایک ایک چیز ایک ایک حرکت پر نظر رکھنی پڑتی ہے تاکہ مناسب اور صحیح قدم اٹھایا جا سکے۔ ذمہ دار افراد دنیا سے توقعات نہیں رکھتے بلکہ وہ اپنی ضروریات کی ذمہ داری خود اٹھاتے اور پوری کرتے ہیں۔
سخت محنت
کامیابی کبھی بھی حادثاتی طور پر حاصل نہیں ہوتی۔ اس کیلئے بہت سی تیاری، ذہانت و محنت کی ضرورت ہوتی ہے ۔ہر شخص جیتنا چاہتا ہے لیکن کتنے لوگ ہیں جو حقیقت میں اس جیت کیلئے محنت ، کوشش، وقت اور ہمت صرف کرتے ہیں؟ کامیابی کا سفر قربانی اور نظم و ضبط مانگتا ہے، جہاں سخت محنت کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔ محنت کے بغیر کوئی بھی کام سرانجام نہیں دیا جا سکتا۔ کامیاب لوگ یہ نہیں کہتے کہ ہم تھوڑا کام کریں گے بلکہ وہ یہ پوچھتے ہیں کہ کتنا زیادہ کام کرنا ہے؟ جیتنے والوں کو جیتنے کیلئے بہت مدت تک محنت کرنی پڑتی ہے۔
اعلیٰ کارکردگی قسمت سے حاصل نہیں ہوتی یہ شدید محنت اور مشق کا نتیجہ ہوتی ہے اور ہمیں بہترین بنا دیتی ہے۔ بہترین خیالات اس وقت تک بے کار ہیں جب تک ان پر عمل نہ کیا جائے، محنت نہ کی جائے۔ انسان جتنی زیادہ محنت کرتا ہے اتنا اچھا محسوس کرتا ہے اور جتنا اچھا محسوس کرتا ہے اتنی ہی زیادہ محنت کرتا ہے۔
بہترین کردار
کردار دراصل کسی بھی انسان کی اقدار، یقین اور شخصیت کا نچوڑ ہوتا ہے۔ یہ ہمارے رویے اور حرکات و سکنات سے منعکس ہوتا ہے۔ اس کی حفاظت دنیا کے سب سے قیمتی لعل و جوہر سے بھی زیادہ کرنی پڑتی ہے۔ کامیابی کے راستے پر ثابت قدمی سے چلنے اور خود کو بچانے کیلئے خود ارادی اور کوشش کی ضرورت ہوتی ہے۔ کامیابی کی راہ میں اہلیت اور کردار کا ہونا بہت ضروری ہے کیونکہ جہاں اہلیت کامیابی تک پہنچاتی ہے وہاں کردار اس کامیابی کو برقرار رکھتا ہے۔
مثبت یقین
مثبت سوچ اور مثبت یقین میں بہت فرق ہے۔ مثبت یقین، مثبت سوچ سے کہیں زیادہ بڑھ کر ہے۔ مثبت یقین، مثبت سوچ کو پروان چڑھانے کی وجہ مہیا کرتا ہے۔ مثبت یقین اپنی ذات پر کامل یقین اور بھروسہ کا نام ہے۔ یہ ایک با اعتماد رویہ ہوتا ہے۔ مثبت رویہ بغیر کوشش کے بالکل ایسا ہے جیسے آپ کا ایک من پسند خواب یا خواہش جس کو مکمل کرنے کیلئے ابھی تک آپ نے کوئی اقدام نہیں کیا۔ اس خواب کو پورا کرنے کیلئے آپ کو مثبت یقین کی ضرورت ہوتی ہے۔
مستقل مزاجی کی طاقت
کامیابی کا سفر آسان نہیں ہے۔ اس میں بہت مشکلات بھی ہیں لیکن کامیاب افراد میں ان تمام مشکلات کا سامنا کرنے اور حل کرنے کی ہمت اور اہلیت ہوتی ہے۔ ثابت قدمی کا مطلب کمٹمنٹ اور ارادہ ہے جہاں صبرو تحمل اور برداشت سے کام لینا پڑتا ہے۔ مستقل مزاجی اور کمٹمنٹ آپ کا فیصلہ ہے۔ ایک ایتھلیٹ صرف چند منٹوں کی ریس جیتنے کیلئے سال ہا سال مشق کرتا ہے۔مستقل مزاجی آپ کی کمٹمنٹ ہے اس کام کو پورا کرنے کی جو آپ نے شروع کیا ہے جب ہم تھک جاتے ہیں تو کام سے دستبردار ہو جانا بہت اچھا لگتا ہے لیکن کامیاب افراد برداشت کرتے ہیں اور اپنے کام میں ثابت قدم رہتے ہیں۔ ثابت قدمی کسی خاص مقصد سے جنم لیتی ہے۔ بے مقصد زندگی بے معنی ہو جاتی ہے کیونکہ جس شخص کی زندگی کا کوئی مقصد نہیں تو نہ ہی اس کے اندر اس کو پورا کرنے کی خواہش اور لگن ہو گی اور نہ ہی وہ اپنی زندگی کو بھرپور طور پر انجوئے کر سکے گا۔
اپنی کارکردگی پر فخر
اپنی کارکردگی پر خود کو شاباش دینا بھی خوشی کا ایک حصہ ہے کیونکہ سخت محنت، سچی لگن، ایمانداری اور مستقل مزاجی ہی کی وجہ سے آج آپ کو کوئی مخصوص کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ کام خواہ کوئی بھی ہو جب وہ بہترین انداز میں کیا گیا ہو تو اس کو سراہا جانا لازمی ہے۔ جیتنے والے کوئی مختلف کام نہیں کرتے بلکہ وہ تو مختلف انداز سے کام کرتے ہیں۔