مصنوعی ذہانت ڈیپ فیک کے توڑ میں مدد دے گی ؟
![مصنوعی ذہانت ڈیپ فیک کے توڑ میں مدد دے گی ؟](https://dunya.com.pk/news/special_feature/specialFeature_img/27732_72885946.jpg)
اسپیشل فیچر
گزشتہ ماہ جنیوا میں منعقد ہونے والی یو این کانفرنس آن آرٹیفشل انٹیلی جنس میں دنیا بھر کے ماہرین نے مصنوعی ذہانت کے انتظام کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا اور جائزہ لیا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے اس ٹیکنالوجی سے کیسے کام لیا جا سکتا ہے۔اس موقع پر مصنوعی ذہانت کے ساتھ انسانوں کی بات چیت کے متعدد پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا گیا اورمصنوعی ذہانت کے فوائد اور نقصانات پر کئی طرح کے نقطہ نظر پیش کیے گئے۔ شرکا نے مصنوعی ذہانت کے حامل روبوٹس سے مل کر اس ٹیکنالوجی کی خوبیوں اور خامیوں کا اندازہ بھی لگایا۔
ڈیپ فیک کا توڑ
انٹر نیشنل ٹیلی کمیونی کیشن یونین (ITU) میں شعبہ سٹریٹجک انگیجمنٹ کے سربراہ فریڈرک ورنر نے ایسے ضوابط تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے جن سے گمراہ کن اطلاعات کے پھیلاؤ اور ڈیپ فیک کا مقابلہ کیا جا سکے۔ان کا کہنا ہے کہ اس مقصد کے لیے کئی طریقوں سے کام لیا جا سکتا ہے۔ ان میں واٹر مارکنگ بھی شامل ہے جو دراصل دکھائی نہ دینے والے دستخط یا ڈیجیٹل فنگر پرنٹ ہوتے ہیں۔ ان کی بدولت صارفین کو اندازہ ہو سکتا ہے کہ ڈیجیٹل میڈیا کی کسی چیز یعنی تصویر، آڈیو اور ویڈیو وغیرہ میں کوئی ترمیم کی گئی ہے یا نہیں اور آیا یہ مصنوعی ذہانت سے تیار کی گئی ہے یا حقیقی ہے۔یو این نیوز نے اس کانفرنس میں ڈیسڈیمونا یا ''ڈیسی‘‘نامی روبوٹ سے ملاقات کی جو خود کو مصنوعی ذہانت کے ذریعے کام کرنے والا انسان نما روبوٹ کہتا اور بھلائی کو اپنا مقصد بتاتا ہے۔ اس روبوٹ کا کہنا تھا کہ وہ ڈیپ فیک کی نشاندہی اور اسے روکنے کا اہم کام انجام دے سکتا ہے لیکن انسانوں کو بھی چاہیے کہ وہ چوکس رہیں اور کوئی معلومات دوسروں تک پھیلانے سے پہلے اس سے متعلق حقائق کی چھان بین کر لیں۔اگرچہ ڈیپ فیک خوف زدہ کر دینے والی چیز ہے لیکن خوف کو خود پر غالب نہ آنے دیں۔ اس کے بجائے ایسے آلات کی تیاری اور ان سے کام لینے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے جو ڈیپ فیک کی نشاندہی کریں اور ان کا مقابلہ کر سکیں۔ اس کے ساتھ لوگوں کو معلومات کی تصدیق کرنے کی اہمیت کے بارے میں بھی تعلیم دینا ہو گی۔مصنوعی ذہانت کے مخصوص نظام ایسے جدید الگورتھم سے آراستہ ہیں جو ڈیپ فیک کی نشاندہی کر سکتے ہیں اور گمراہ کن اطلاعات کے خلاف جنگ میں ان کی خاص اہمیت ہے۔مصنوعی ذہانت کی خوبیوں اور خامیوں پر بحث کرنے والے بہت سے لوگوں نے اس کانفرنس میں اتفاق کیا کہ اس ٹیکنالوجی کے غیرمعمولی امکانات کو ان لوگوں کے ہاتھ میں نہیں چھوڑا جا سکتا جو اس سے طاقت یا منافع حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ لوگوں کو ٹیکنالوجی تک مساوی رسائی دینے کے لیے ضابطہ کاری کی ضرورت ہو گی۔
اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو میں شعبہ سماجی و انسانی سائنس کی ڈائریکٹر جنرل گیبریلا راموس کا ماننا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کو باضابطہ بنانے کی ضرورت ہے۔ اس کیلئے حکومتوں کی صلاحیتوں میں بہتری لانے اور ٹیکنالوجی کو استعمال کرنے کیلئے لوگوں کی صلاحیتیں بڑھانے اور اسے رو بہ عمل لانے کیلئے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبارکی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔ اس طرح یہ ٹیکنالوجی سبھی کو مساوی فائدہ پہنچائے گی اور معاشرے میں عدم مساوات پھیلانے کا باعث نہیں بنے گی۔اس کانفرنس کا انعقاد اقوام متحدہ کی بین الاقوامی مواصلاتی یونین ( ITU) نے کیا تھا جو اطلاعات اور مواصلات کے حوالے سے اقوام متحدہ کا خصوصی ادارہ ہے۔
گزشتہ سال کے دوران مصنوعی ذہانت کا استعمال خاصا بڑھ گیا ہے۔ حکومتیں اور ادارے بھی اس ٹیکنالوجی سے کام لینے لگے۔ اس لیے مصنوعی ذہانت کے ذمہ دارانہ استعمال کی ضرورت کا احساس بھی بڑھ گیا ہے۔ یونیسکو نے 2021 میں پہلی مرتبہ مصنوعی ذہانت کے اخلاقی اصولوں سے متعلق اپنی سفارشات تیار کی تھیں۔ ان سفارشات کی یونیسکو کے تمام 194 رکن ممالک نے منظوری دی ہے۔ یونیسکو کی سفارشات سے ہمیں مصنوعی ذہانت اور اس سے متعلق ضابطوں کے بارے میں سوچ بچار میں مدد ملی۔مصنوعی ذہانت کے استعمال میں جیسے جیسے اضافہ ہو رہا ہے ضروری ہے کہ حکومتی سطح پر اس حوالے سے خصوصی اقدامات کئے جائیں اور لوگوں کو ٹیکنالوجی کے ذمہ دارانہ استعمال سے آگاہی فراہم کی جائے۔ یہ ایک اہم سوال ہے کہ لوگوں کو مصنوعی ذہانت کے حوالے کیسے تربیت دی جا سکتی ہے۔ ضروری نہیں کہ یہ پروگرامنگ کی تربیت ہو بلکہ اس کا مقصد مصنوعی ذہانت کے ماڈل تیار کرنے اور ان سے کام لینے والوں کو سماجی تناظر میں مزید ذمہ دارانہ طریقے سے کام کرنے کے قابل ہونا چاہیے۔اس حوالے سے ڈیجیٹل تقسیم کو بھی مدنظر رکھنا ہو گا۔ہمارے معاشرے میں جہاں بہت سے لوگوں کو ڈیجیٹل آلات یا ذرائع تک رسائی نہیں ، یہ یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ تمام لوگوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ذرائع سے فائدہ پہنچے۔