آج کا دن
اسپیشل فیچر
پہلی عالمی جنگ کا آغاز
28جولائی 1914ء کو پہلی عالمی جنگ کا آغازہواجو11 نومبر 1918ء تک جاری رہی۔4سال تک جاری رہنے والی پہلی عالمی جنگ جدید تاریخ کی سب سے زیادہ تباہ کن لڑائی تھی۔ اس جنگ میں تقریباً ایک کروڑ فوجی ہلاک ہو ئے۔ یہ تعداد اس سے پہلے کے ایک سو برس میں ہونے والی لڑائیوں کی مجموعی ہلاکتوں سے بھی زیادہ تھی۔ اس جنگ میں تقریباًدو کروڑ دس لاکھ افراد زخمی بھی ہوئے۔ ہلاکتوں کی اتنی بڑی تعداد کی وجہ مشین گن جیسے نئے ہتھیاروں کو متعارف کرانا اور گیس کے ذریعے کی گئی ہلاکتیں تھی۔ جنگ کے دوران یکم جولائی 1916ء کو ایک دن کے اندر سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں جب سومے میں موجود 57 ہزاربرطانوی فوجی مارے گئے۔ سب سے زیادہ جانی نقصان جرمنی اور روس کو اْٹھانا پڑا جب جرمنی کے 17 لاکھ 73 ہزار 7 سو اور روس کے 17 لاکھ فوجیوں کی ہلاکتیں ہوئیں۔ محققین کے اندازے کے مطابق اس جنگ میں براہ راست یا بالواسطہ طور ہلاک ہونے والے غیر فوجی افراد کی تعداد ایک کروڑ تیس لاکھ ہے۔
اسلام آباد فضائی حادثہ
ایئر بلیو کی ''پرواز 202‘‘ اندرون ملک مسافر بردار جہاز تھا جو 28 جولائی 2010 ء کو پاکستانی دار الحکومت اسلام آباد کے نواح میں حادثہ کا شکار ہو گیا۔ایئر بلیو کا یہ جہاز ایئر بس A321 جناح انٹرنیشنل ہوائی اڈا کراچی سے شہید بینظیر بھٹو ہوائی اڈا اسلام آباد جا رہا تھا کہ اسلام آباد کے شمال میں واقع مارگلا پہاڑیوں میں گر کے تباہ ہو گیا۔ جہاز پر سوار 146 مسافر اور عملہ کے 6 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ یہ حادثہ پاکستان کی فضائی تاریخ کا بد ترین واقعہ ہے۔
ہیپا ٹائٹس کا عالمی دن
عالمی ادارہ صحت کے زیر اہتمام دنیا بھر میں ہر سال28جولائی کو ہیپاٹائٹس کا عالمی دن منایا جاتا ہے ۔ اس دن کو منانے کا مقصد اس خطرناک مرض کی روک تھام کیلئے اقدامات اور شعور اجاگر کرنا ہے۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں ہیپاٹائٹس اے کے41لاکھ، ہیپاٹائٹس بی کے 2ارب اور ہیپاٹائٹس سی کے ڈیڑھ کروڑ سے زائد لوگ شکار ہیں اور اس مرض سے سالانہ ایک ملین سے زائد افراد ہلاک ہو رہے ہیں جن کی تعداد میں ہر سال اضافہ ہورہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جگر کے اس مرض کے پھیلاو ٔمیں سب سے بڑا خطرہ ایسے مریض ہیں جو اپنے مرض سے آگاہ نہیں ہوتے اور وہ اسے دیگر افراد میں منتقل کر دیتے ہیں۔