شخصیات،درختوں اور برادریوں سے منسوب شہر

اسپیشل فیچر
پاکستان اور بھارت میں کئی ایسے شہر گائوں موجود ہیں جن کے نام یا تو کسی مذہبی شخصیت یا کسی بڑی شخصیت کے نام پہ ہیں بلکہ کئی ایسے شہر یا گائوں بھی ہیں جو درختوں اور مختلف چیزوں کے نام پہ ہیں اور بہت سے ایسے شہر ہیں جو برادریوں کے نام سے مشہور ہیں کئی شہر گائوں، پیشوں کے نام سے بھی موجود ہیں۔سب سے پہلے یہاں ذکر کریں گے ان شہروں کا جو صوفی بزرگوں کے نام سے شہرت رکھتے تھے اور اب انہی کے نام سے منسوب ہوچکے۔
حسن ابدال ،ضلع اٹک بابا ولی قندھاریؒ کی نسبت سے جانا جاتا ہے جن کی بیٹھک اب بھی حسن ابدال میں موجود ہے۔ حضرت دین پناہ کے نام سے شیخ فاضل ضلع وہاڑی شیخ فاضل کے نام سے چک دیوان ضلع وہاڑی حضرت شیخ دیوان مچاولیؒ کے نام سے جانا جاتا ہے ۔میاں چنوں شہر حضرت میاں چنوںؒ نامی بزرگ کی نسبت سے جانا جاتا ہے کبیر والہ ضلع خانیوال سیّد احمد کبیر بخاریؒ کے نام سے منسوب ہے۔ عبدالحکیم ضلع خانیوال عبدالحکیم کے نام سے مشہور ہوا ضلع میانوالی حضرت میاں علیؒ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ مخدوم عالی ضلع لودھراں عالی پیر کی نسبت سے مشہور ہوا ۔کروڑ لعل عیسن ضلع لیہ حضرت لعل عیسنؒ کی نسبت سے مشہور ہے۔ قصبہ جمن شاہ ضلع لیہ جمن شاہ بخاری ؒکے نام سے ،چواء سیدن شاہ ضلع چکوال سیدن شاہ کے نام کی نسبت سے، دینہ ضلع جہلم بابا دین محمد کے نام سے پہچانا جاتا ہے ،کالا شاہ کاکو حضرت شاہ کاکو کی نسبت سے مشہور ہے۔ شاہکوٹ ضلع ننکانہ حضرت نولکھ ہزاریؒ کی نسبت سے، کوٹ سخی سرور ضلع ڈیرہ غازی خان حضرت سخی سرورؒ کے نام سے پہچانا جاتا ہے۔ قصبہ شاہ صدر دین ضلع ڈیرہ غازی خان شاہ صدر دین کے بزرگ کے نام سے، دائرہ دین پناہ ضلع مظفر گڑھ حضرت دین پناہ ؒکے نام سے، ظاہر پیر ضلع رحیم یار خان حضرت ظاہر پیرؒ سے منسوب ہے۔ مخدوم رشید ضلع ملتان حضرت عبدالرشید حقانیؒ کے نام سے پہچانا جاتا ہے۔ حجرہ شاہ مقیم ضلع اوکاڑہ مقیم محکم الدینؒ کے نام سے، ماموں کانجن ضلع فیصل آباد صوفی بزرگ ماموں کانجنؒ کے نام سے، شورکوٹ تاج الدین شوریؒ کے نام سے، قصبہ اٹھارہ ہزاری ضلع جھنگ مخدوم تاج الدین اٹھارہ ہزاریؒ کے نام سے مشہور ہے۔ منڈی شاہ جیونہ اور شہر شاہ جیونہ حضرت شاہ جیونہؒ کے نام کی نسبت سے ،ضلع جھنگ ہی کے دو قصبے موجود ہیں جہانیاں ضلع خانیوال کا حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشتؒ کے نام سے، پیرمحل ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ پیر سیّد قطب علی شاہؒ بزرگوں سے منسوب ہیں اور بھی بہت ساری جگہیں ہیں جو بزرگوں کے نام سے مشہور ہیں۔
اب ذکر کرتے ہیں ان جگہوں کا جو کہ مخصوص درختوں کی وجہ سے پہلے سے شناخت رکھتے تھے جیسا کہ جنڈ ضلع اٹک کا چھوٹا سا شہر یہاں جنڈ کا ایک پرانا درخت تھا اسی وجہ سے جنڈ مشہور ہوا۔ ضلع نارووال میں موجود شکر گڑھ قصبہ اس کا پہلا نام نیشکر گڑھ تھا۔ نیشکر کا مطلب گنا ہے یہاں گنے کی پیداوار بہت زیادہ تھی۔ اس لیے شکر گڑھ کہلاتا ہے۔ لیّہ شہر لئی کی جھاڑیوں کی وجہ سے لیّہ مشہور ہو گیا۔ داجل ضلع راجن پور کا قصبہ یہاں جال کا ایک درخت تھا جس کے پاس ایک شخص دائود پہ رہائش اختیار کی تو اس جگہ کو دائود جل کہا جانے لگا جو بعد میں داجل ہو گیا اور اسی نام سے موجود ہے ۔ اوکاڑہ پہلے اوکاں والا کہلاتا تھا۔ اوکاں ایک قسم کا درخت ہے، جو یہاں بکثرت ہوتا تھا ۔
مختلف شہر برادریوں کے نام سے جانے جاتے ہیں جن میں گجرات، گوجرانوالا، گوجر خان، گوجرہ،یہ گجر برادری کے نام سے منسوب ہیں۔ جلال پور جٹاں،واں بچراں ملکوال،ملتان،میلسی وغیرہ بھی مختلف برادریوں کے ناموں سے پہچانے جاتے ہیں۔
کچھ شہر اور قصبات جو بادشاہوں یا صوبے داروں کے ناموں سے بھی مشہور ہیں ان میں فیصل آباد شاہ فیصل سعودی عرب، جلالپور جٹاں بادشاہ جلال الدین خلجی کے نام سے مشہور ہو،ا لیکن یہاں موجود جٹ برادری کی نسبت سے اسے جلالپور جٹاں کہا جاتا ہے۔ سرائے عالمگیر مغل بادشاہ اورنگ زیب عالمگیر کے نام پہ ہے، یہاں عالمگیر نے سرائے بنوائی تھی ۔شیر گڑھ شیر شاہ سُوری کے نام سے منسوب ہیں۔ وزیر آباد کا شہر پنجاب کے صوبیدار نواب وزیر خان اور ضلع گجرات کا قصبہ سعداللہ پور مغل بادشاہ شاہجہاں کے وزیراعظم نواب سعداللہ خاں سے منسوب ہے ۔ایبٹ آباد جنرل ایبٹ ،مانسہرہ مان سنگھ، ہری پور ہری سنگھ نلوہ، مظفر گڑھ مظفر خان کے نام سے ،ڈیرہ غازی خان غازی خان کے نام سے، ڈیرہ اسماعیل خان اسماعیل خان کے نام سے ،شیخوپورہ شہزادہ سلیم کو پیار سے شیخو کہا جاتا تھا اسی نسبت سے شیخوپورہ کا نام پڑا اس طرح ظفر وال۔منڈی بہائوالدین،کوٹ مومن،کمالیہ،سرگودھا،بصیر پور،ایمن آباد، حید آباد،ایسے بہت سے شہر گائوں قصبے مختلف شخصیات کے نام سے آباد ہیں۔
کچھ شہروں اور قصبوں کے نام سکھ اور ہندو راجاؤں کے نام پر بھی چلتے آرہے ہیں جیسے ملوٹ راجہ مل کا آباد کردہ شہر ہے، کنجاہ کنج پال کا ضلع گجرات ،اچھرہ رانی اچھرہ کے نام سے، راجہ سل کی رانی تھی جس کے نام سے سیالکوٹ کا نام ہے ،سیت پور سیتا رانی کے نام سے ،تلمبہ ضلع خانیوال راجہ کنب کے نام سے دُنیا پور ضلع لودھراں دنی چند کے نام سے،کہروڑپکا ضلع لودھراں راجہ کیروڑ اور بھونگ ضلع رحیم یار خان راجہ بھونگر، مٹوٹلی ضلع ملتان رانی مٹو، دیپالپور ضلع اوکاڑہ راجہ دیو پال کے نام سے۔ گڑھ مہاراجہ ضلع جھنگ مہاراجہ کورامل، مانگا سنگھ کا مانگا منڈی ،ضلع لاہور میں دیدار سنگھ قلعہ اورضلع گوجرانوالہ دیدار سنگھ ، اسوبھا سنگھ کا قلعہ سوبھا سنگھ ضلع سیالکوٹ قابل ذکر ہیں۔ اسی طرح ننکانہ صاحب سکھ مذہب کے بانی بابا گورونانک کے نام سے منسوب ہے۔ ان سے پہلے اس کا نام تلونڈی تھا۔اس کے علاوہ بہت سی جگہیں ہیں جو اب بھی سکھ اور ہندوئوں کے نام سے جانی جاتی ہیں ۔