کامیاب زندگی کے رہنما اصول
انسان اس دنیا میں آتا ہے تو سیکھنے کا عمل شروع ہو جاتا ہے۔ لحد تک وہ مختلف مراحل سے گزرتا ہوا کئی اسباق سیکھتا ہے۔ خصوصاً جو اسباق انسان تجربات سے گزر کر سیکھتا ہے وہ ہمیشہ یاد رہتے ہیں۔ تلخ تجربات کئی ایک دفعہ ایسا سبق سکھاتے ہیں کہ انسان اپنی بقیہ زندگی کا رخ بہتر کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے، کئی دفعہ یہ تلخ فیصلے انسان کو مزید طاقتور بنا دیتے ہیں اور یہ ہی کامیابی حاصل کرنے کا صحیح وقت ہوتا ہے۔یہاں کامیابی کے بیس اسباق پیش کر رہا ہوں، امید ہے ان اسباق کا مطالعہ کر کے آپ ضرور استفادہ حاصل کریں گے۔
(1) انسان کی طاقت تقویٰ، توکل، یقین اور اُمید ہیں اگر ان کو قائم رکھا تو کبھی ناکامی کا سامنا نہیں ہو گا۔
(2) کئی ایسے کام ہم کر رہے ہوتے ہیں جو ہمیں وقتی طور پر بڑے خوشگوار لگ رہے ہوتے ہیں لیکن در اصل ہم بہت احمقانہ قدم اٹھا رہے ہوتے ہیں، ایسے وقت میں بھی ہماری رہنمائی کیلئے کوئی اشارہ ضرور ملتا ہے، بس اس اشارے کو سمجھ کر اپنا رخ فی الفور تبدیل کر لینا ہے۔ کوئی واضح اشارہ نہ ملا تو انسان کا دل اس کام کو جاری رکھنے یا نا رکھنے کے بارے میں کھٹکتا ضرور ہے۔
(3) ہر وقت اپنے کام کو اپنے اوپر سوار نہ کریں، بلکہ تھوڑی دیر کیلئے بھی آپ غوروفکر کے ساتھ اپنے کام پہ فوکس کر لیں۔ تو آپ کی توجہ سے کئی دنوں کا کام کچھ گھنٹوں میں مکمل ہو جائے گا۔
(4) جو آپ کے ذہن میں آ رہا ہے اور آپ کا دل بھی مطمئن ہے وہ شروع کر لیں۔ اگر آپ شروع ہی نہیں کریں گے تو کامیاب کیسے ہو سکتے ہیں؟
(5) کسی بھی موڑ پر آپ ناکامی کا سامنا کرتے ہیں تو یہ آپ کی نا کامی نہیں ہے بلکہ ابتداء ہے پھر شروع کریں اور کسی موڑ پر بھی ہار نہ مانیں۔ ہار نہ ماننے والی طاقت ہی آپ کی کامیابی کی کنجی ہے۔
(6) اپنے اندر کسی چیز کا خوف نہ آنے دیں، خوف کامیابی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
(7) سوچ کو ہر آنے والی سانس کے ساتھ وسیع کریں محدود سوچ انسان کو بھی محدود کر دیتی ہے۔
(8) وسیع سوچ کے ساتھ مطالعہ، سفر اور دیگر امور میں ہمیشہ اپنے ماہر استاتذہ سے رہنمائی لے کر چلیں، نہیں تو بھٹکنے کا اندیشہ ہوتا ہے، اور بھٹکتے ہی آپ ناکامی میں ڈوب جائیں گے۔
(9) کسی شخص کے بارے میں بھی اپنے دماغ میں بد گمانی نہ آنے دیں۔ ہمیشہ اچھے گمان کے ساتھ اگلا قدم اٹھائیں۔
(10) آپ جتنا مرضی ہے دنیوی سطح پر بُلند مقام حاصل کر لیں لوگوں کو آپ کے غائب ہو جانے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، اس لیے ہمیشہ اپنا مقام اپنی منزل کا تعین کر کے حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ آپ کی منزل کیا ہے؟ آپ نے کہاں پہنچنا ہے؟ یہ طے کر کے محنت شروع کریں۔
(11) اپنے ساتھ ملنے والے ہر شخص کو دل سے خوش آمدید کہیں، دل سے شکریہ ادا کریں، اگر آپ کسی کی مدد کر سکتے ہیں تو دیر نہ کریں۔ مدد آپ دوسرے شخص کی کریں گے لیکن درحقیقت اس وقت آپ اپنی مدد کر کے ایک ایسے بلند مقام کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ جو آپ کیلئے ہمیشہ کامیابی و کامرانی کے دروازے کھولے گا۔
(12) میڈیا کے تمام پلیٹ فارمز، خصوصاً سوشل میڈیا، ڈیجیٹل میڈیا کے رنگینیوں کی ایک مٹی کے ذرّے کے برابر بھی اہمیت نہیں، اس بات کا اندازہ لگانا تھوڑا سا مشکل ضرور ہے لیکن زندگی کے کسی موڑ میں یا زندگی کی آخری سانسوں میں اس کا اندازہ ضرور ہو جاتا ہے۔
(13) انسان کے چہرے کی روشنی اور اس کی اہمیت بھی تب ہی رہے گی، جب وہ اپنے مالک کی رضا کیلئے ہر کام کا آغاز اور عزم کرے گا۔ نہیں تو یہ چہرے اور زندگی کی روشنی بھی موت کے ساتھ ہی قبر کی لحد میں چلی جائے گی۔
(14) لوگ آپ کی شخصیت سے مختلف اوقات میں عیب نکالتے ہیں، اب اس میں دو قسم کے لوگ ہوتے ہیں۔ عیب نکال کر محفل میں آپ کے کسی بھی عیب کو اچھالنے والا دوست نہیں ہو سکتا، جبکہ الگ بٹھا کر عیب کی نشاندہی کرنے والا شخص آپ کا حقیقی دوست ہو سکتا ہے۔ دونوں صورتوں میں آپ نے بحث مباحثہ کرنے کی بجائے اپنی غلطی کو درست کرنا ہے یہ ہی کامیابی کا وقت ہے۔
(15) لوگوں سے امیدیں وابستہ نہ کریں، مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ فلاں شخص آپ کا کوئی کام کروا سکتا ہے تو یہ کوشش ضرور کریں۔ اگر کسی کے توسط سے کوئی کام ہو جائے تو اس شخص کا شکریہ ادا کریں۔ اس کیلئے دل سے دعا کریں۔
(16) اپنے راز کسی سے بھی شئیر نہ کریں، اپنا راز صرف اس ذات سے شئیر کریں جو آپ کے تمام رازوں کو جانتا ہے۔
(17) کسی بھی موڑ پہ آپ کی حوصلہ شکنی کرنے والے افراد کا ہجوم آپ کو نظر آئے گا جبکہ حوصلہ افزائی کرنے والے چند افراد ہی ملیں گے۔ حوصلہ شکنی کرنے والوں کی طرف دیکھ کر مسکرائیں اور آگے بڑھیں۔ حوصلہ افزائی کرنے والوں کی دل سے قدر کریں۔ اُن سے ہاتھ ملائیں اور اُنہیں اپنا حقیقی دوست سمجھیں۔
(18) جو دوست آپ کے ساتھ ہمیشہ اچھے اخلاق سے پیش آئیں، ان کی قدر کریں، محافل میں عزت و تکریم سے پیش آئیں۔ جو مشکلات میں آپ کے ساتھ کھڑے رہیں، آپ کے کسی بھی مشکل کام کو اپنا ذاتی کام سمجھ کر آپ کی مدد کریں، یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے آپ کیلئے تحائف ہیں ان کی دل سے قدر کریں۔ اللہ کریم سے جب بھی مانگیں، ان دوستوں کیلئے بھی ضرور مانگیں۔ ان کو اپنی دعاؤں میں ہمیشہ کیلئے شامل کر لیں۔
(19) زندگی کبھی خواہشات کے مطابق مت ڈھالیں، ضروریات کے مطابق اسے ڈیزائن کریں۔ یہ ذہن میں رکھیں کہ کسی انسان کی تمام خواہشات آج تک پوری نہیں ہو سکیں۔
(20) زندگی کی کامیابی کا سب سے بڑا راز ''شکر ادا کرنا‘‘ ہے۔ آپ ہمیشہ اس راز کو استعمال میں لاتے ہوئے زندگی بسر کریں۔ ہمیشہ اپنے سے کم حیثیت والے افراد کو دیکھ کر اپنی روح کو شکر گزاری کے احساس کے ساتھ سرشار رکھیں۔ آپ ہمیشہ خوش و خرم رہیں گے۔