’’انزائٹی‘‘ /گھبراہٹ علامات، اقسام، وجوہات اور علاج

’’انزائٹی‘‘ /گھبراہٹ  علامات، اقسام، وجوہات اور علاج

اسپیشل فیچر

تحریر : ڈاکٹر فروہ


امتحان، رزلٹ، انٹرویواورباس کا سامنا کرنے سے پہلے جیسے معاملات میں پائی جانے والی بے چینی اگر تو آپ کی کارکردگی میں بہتری کا باعث ہے تو یہ ایک مثبت اضطراب (Good Anxiety)ہے لیکن ہمہ وقت رہنے والی غیر ضروری بے چینی اگر بہتری کی بجائے انسان کی کارکردگی کے ساتھ ساتھ اس کی ذہنی اور جسمانی صحت کو بھی شدید متاثر کرے تو یہ لمحہ فکریہ ہے اور اس کا فوری سدِ باب از حد ضروری ہے۔ اس کے ذہنی اثرات کے علاوہ جسمانی اثرات پورے جسم پر سر درد، چکر آنا، پٹھوں میں کھنچاو، تھکاوٹ، سانس لینے میں دشواری اور معدے میں خرابی کی صورت میں ظاہر ہوتے ہیں۔ انگزائٹی (Anxiety) کی وجوہات، علامات،اقسام اور علاج کے حوالے سے مزیدجانیں۔
انگزائٹی یا اضطراب ایک ایسافطری عمل ہے جس میں ‘‘ایڈرینالین'' نامی کیمیکل دماغ کے دفاعی نظام کو خبردار کرتا ہے کہ انسان ممکنہ خطرے سے نمٹنے کیلیے تیار ر ہے۔ ایسا تب ہوتا ہے جب کسی خطرے کا خوف بے جا ستاتا رہے اورانسان ہمہ وقت بے چینی کا شکار رہے۔
علامات
غیر ضروری پریشانی، چڑچڑا پن، سر درد، تیز دھڑکن، بے خوابی، سانس میں دشواری، معدے کے مسائل اور پٹھوں میں کھنچاؤ شامل ہیں۔
وجوہات
اس مرض کی وجوہات جنیاتی بھی ہوسکتی ہیں اورنفسیاتی بھی۔ عموماً یہ کسی بات کا حد سے زیادہ سٹریس لینے سے لاحق ہوتا ہے۔ علاوہ ازیں کسی پرانے حادثے کا خوف دل میں بیٹھ جانے کی وجہ سے یا جسم کے دفاعی نظام کو خبردار کرنے والے حصے میں خرابی کی وجہ سے۔
اقسام
''جنرل انگزائٹی ڈس آرڈر‘‘:اس بیماری میں مریض بلاوجہ اور بے حد پریشان و اداس رہتا ہے جس کے باعث تھکاوٹ اوربے خوابی کا شکار رہتا ہے۔
پینک ڈس آرڈر: پینک اٹیکس گھبراہٹ کے دورے اچانک ہو جاتے ہیں اورانسان کو شدید خوف اور پریشانی میں مبتلا کر دیتے ہیں۔ ایسا محسوس ہوتا جیسے دل کا دورہ پڑ رہا ہویا انسان مرنے والا ہے۔
فوبیا: کسی مخصوص چیز سے ضرورت سے زیادہ ڈر لگنامثلاً فضائی سفر سے، رش والی جگہوں سے۔
سوشل انگزائٹی ڈس آرڈر: اس مرض میں انسان لوگوں سے میل جول سے گھبراتا ہے اور خود کو ان سے کم تر سمجھتا ہے۔
علاج:
نیند اور خوراک پر بھر پور توجہ دینا ، مثبت سوچ والی صحبت رکھنا، ورزش اور جسمانی سرگرمیوں میں مصروف رہنا اور قدرتی مناظر کا مشاہدہ کرنے سے انگزائٹی میں بتدریج کمی آتی ہے۔
اضطراب یا انگزائٹی ایک ایسا عارضہ ہے جو موجودہ عہد میں بہت عام ہوتا جا رہا ہے اور اس کا علاج عموماً سائیکو تھراپی یا ادویات سے کیا جاتا ہے۔ انگزائٹی بنیادی طور پر شدید گھبراہٹ، فکرمندی، پریشانی اور ڈر کو کہا جاتا ہے۔معمولی گھبراہٹ یا ڈر تو نقصان دہ نہیں ہوتا مگر جب کیفیات کی شدت زیادہ ہو اور اکثر ایسا ہو تو پھر ضرور اس کی روک تھام کیلئے کوشش کرنی چاہیے۔انگزائٹی پر توجہ نہ دی جائے تو معیار زندگی بہت بری طرح متاثر ہو سکتا ہے۔مگر اچھی بات یہ ہے کہ چند آسان اور حیرت انگیز طریقوں سے اس پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔
سیدھے کھڑے ہوجائیں
جب ہم فکرمند، پریشان یا بے چین ہوتے ہیں تو اپنے بالائی جسم کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے کمر کو آگے جھکا لیتے ہیں۔انگزائٹی سے فوری ریلیف کیلئے سیدھا کھڑے ہوکر شانے پیچھے کرلیں اور سینہ باہر نکال کر گہری سانس لیں۔اس سے جسم کو یہ سمجھنے میں مدد ملتی ہے کہ آپ کسی خطرے کی زد میں نہیں اور سب کچھ آپ کے کنٹرول میں ہے۔
بہت زیادہ بے چین ہونے یا فکرمند ہونے پر منفی خیالات کا غلبہ ہو جاتا ہے تو اس کیفیت سے نکلنے کیلئے اردگرد دیکھیں اور جو کچھ نظر آئے اس میں سے 5 چیزوں کے نام زبان سے ادا کریں۔
5 آوازوں کو سنیں اور آخر میں جسم کے 5 حصوں کو حرکت دیں جیسے گردن گھما کر دائیں بائیں دیکھیں، ٹخنے کو گھمائیں، سر اوپر نیچے کریں۔ کانوں کو ہاتھ سے حرکت دیں اور ہاتھ کو گھمائیں
لیونڈر، گریپ فروٹ ، چنبیلی ، گلاب، سونف اور لیمن بام وغیرہ کی مہک کو سونگھنا انگزائٹی کی شدت میں کمی لاتا ہے۔
مزاحیہ ویڈیو دیکھنے سے انگزائٹی سے فوری نجات میں مدد مل سکتی ہے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ آپ ہنستے ہوئے بے چینی یا فکرمندی کے شکار نہیں رہ سکتے۔ہنسنے مسکرانے سے جسم کو سکون ملتا ہے اور انزائٹی ختم ہو جاتی ہے۔
ورزش سے انگزائٹی کی شدت میں کمی آتی ہے جبکہ مزاج خوشگوار کرنے والے ہارمونز کی تعداد بڑھتی ہے۔تیز چہل قدمی سے ذہن صاف ہوتا ہے اور آپ چلتے ہوئے بار بار گہری سانسیں لے کر انگزائٹی کو قابو کر سکتے ہیں۔پرسکون کرنے والا گانا سنیں یقین کرنا مشکل ہوگا مگر ایک گانے کو اعصابی نظام کو پرسکون کرنے کیلئے تیار کیا گیا ہے۔ اس گانے کو سننے سے انگزائٹی کی شدت میں 65 فیصد تک کمی آتی ہے۔
بے چین یا فکرمند ہونے پر کچھ کرنے سے ذہنی کیفیت بہتر ہو سکتی ہے جیسے اپنے سامنے میز کی صفائی کر دیں۔کمرے سے کچن میں جاکر پانی پی لیں یا اردگرد گھوم کر کوئی کام کرلیں۔آپ جو مرضی کام کریں۔ اس سے خیالات پر اثرات مرتب ہوں گے اور خیالات ہی عموماً انگزائٹی کا باعث بنتے ہیں۔
انگزائٹی دماغ کو جلد بوڑھا کرتی ہے۔ سوئیڈن کے کیرولینسکا انسٹیٹیوٹ کی تحقیق میں بتایا گیا کہ دیگر افراد کی جسمانی بو کو سونگھنا سماجی انگزائٹی یا سماجی خوف جیسے مسئلے کا مؤثر علاج ثابت ہو سکتا ہے۔تحقیق میں بتایا گیا کہ کسی کی جسمانی بو کو سونگھنے سے لوگوں کے وہ دماغی حصے متحرک ہوتے ہیں جو جذبات سے منسلک ہوتے ہیں اور سکون کا احساس دلاتے ہیں۔ محققین نے بتایا کہ اس ابتدائی تحقیق سے ثابت ہوتا ہے کہ دیگر افراد کی جسمانی مہک کو سونگھنے سے سماجی انگزائٹی کا علاج ممکن ہو سکتا ہے۔
تحقیق کے دوران لوگوں کے پسینے کے نمونوں کو اکٹھا کرکے جسمانی بو کو مریضوں کو سونگھایا گیا۔نتائج سے معلوم ہوا کہ انسانی جسمانی بو سونگھنے والے افراد کی انگزائٹی میں 39 فیصد تک کمی آئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
مہندی،گلاب اور حلب کا صابن

مہندی،گلاب اور حلب کا صابن

مہندی کے نقش و نگار، طائف کا گلاب، حلب کا صابن ،روانڈا کا اینورے رقص، تھائی لینڈ کا ٹوم یم سُوپ اور جاپان میں چاول کی پھپھوندی سے مشروب بنانے کے فن کو اقوام متحدہ کے غیر مادی عالمی ثقافتی ورثے میں شامل کر لیا گیا ہے۔یہ فیصلہ غیرمادی ثقافتی ورثے کے تحفظ سے متعلق یونیسکو کی کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں کیا گیا ہے جو دو سے سات دسمبر تک جمہوریہ پیراگوئے کے دارالحکومت آسونسیون میں منعقد ہوا ۔غیرمادی ثقافتی ورثے کے تحفظ سے متعلق اقوام متحدہ کے کنونشن کے تحت اب تک دنیا بھر سے700 سے زیادہ منفرد فنون اور علوم کو عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کیا جا چکا ہے۔ اس کا مقصد ان فنون اور علوم کو تحفظ دینے کے لیے مقامی، قومی اور عالمی سطح پر آگاہی پیدا کرنا ہے۔بڑھتی ہوئی عالمگیریت کے نتیجے میں اس غیرمادی ورثے کو درپیش کئی طرح کے چیلنجز سے نمٹنے اور ثقافتی تنوع کو برقرار رکھنے میں یونیسکو کی یہ کمیٹی اہم کردار ادا کررہی ہے۔ جو علوم اور فنون اس فہرست کا حصہ بن جاتے ہیں ان کی حفاظت کے لیے ممالک کو بین الاقوامی سطح پر مدد اور تعاون حاصل ہوتا ہے۔حالیہ دہائیوں میں یونیسکو نے ثقافتی ورثے کی تشکیلِ نو کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔ مگر یہ صرف تاریخی یادگاروں اور عمارتوں تک محدود نہیں بلکہ روایات، فنونِ لطیفہ، سماجی رسوم و رواج، میلے ٹھیلے اور روایتی ہنر سے متعلق علوم اور صلاحیتیں بھی ثقافتی ورثہ میں شامل ہیں۔یونیسکو کی ڈائریکٹر جنرل آدرے آزولے(Audrey Azoulay) کے مطابق یہ ثقافتی ورثے کے بنیادی تصور کو نیا مفہوم دیتا ہے ، حقیقت میں غیرمادی ورثہ مادی ورثے سے الگ نہیں ہے؛اس لیے غیرمادی ورثے کی حفاظت کرنا بھی بہت ضروری ہے تاکہ یہ چیزیں محض لوک داستانوں اور ماضی کے قصوں میں باقی نہ رہیں۔ان علوم اور فنون کو زندہ رکھنا اور ان کی ضرورت کو برقرار رکھنا اہم ذمہ داری ہے۔حِنا، رسومات، جمالیات :جنوبی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ، میں حِنا (مہندی) کو سنگھار میں ایک خاص مقام ہے۔ اس کے بغیر ہر تہوار اور ہر تقریب کا رنگ پھیکا لگتا ہے۔جدید دور میں مہندی لگانا بھی ایک رسم سی ہو گئی ہے کو جمالیات کا اہم جُز کی حیثیت حاصل ہے۔ مہندی کا پودا سال میں دو مرتبہ اگایا جاتا ہے اور اس کے پتوں کو خشک کر کے انہیں لئی کی شکل دے دی جاتی ہے۔ مہندی سے خواتین اپنے ہاتھوں اور پاؤں پر نقش و نگار بناتی ہیں۔ مہندی خوشی کی علامت ہے جو شادی بیاہ،عیدین، بچے کی پیدائش اور دیگر پُرمسرت مواقع پر اور بعض علاقوں میں روزمرہ زندگی میں بھی استعمال کی جاتی ہے اور صدیوں سے سماجی رسوم و رواج کا حصہ رہی ہے۔طائف کا گلاب:سعودی عرب کے علاقے طائف میں گلاب کا پھول سماجی و مذہبی رسومات کا لازمی حصہ اور مقامی لوگوں کی آمدنی کا اہم ذریعہ ہے۔مارچ سے شروع ہونے والی گلاب کی فصل کی چنائی کے موسم میں کاشتکار صبح سویرے گلاب کے پھول چنتے اور انہیں فروخت کے لیے منڈیوں میں بھیج دیتے ہیں۔ گھروں میں گلاب کے پھولوں کا عرق بھی نکالا جاتا ہے اور لوگ گلاب کے عرق کو جسمانی آرائشی اشیا، ادویات اور خوراک و مشروبات کی تیاری میں استعمال کرتے ہیں۔حلب کا صابن: شام میں مقامی طور پر پیدا کردہ زیتون اور لارل کے تیل سے صابن ''غار‘‘ تیار کیا جاتا ہے جو بناوٹ اور خاصیت میں اپنی مثال آپ ہے۔اس صابن کے اجزا نسل در نسل چلے آنے والے طریقوں سے اکٹھے کیے اور تیار کیے جاتے ہیں جس کے بعد اس آمیزے کو ٹھنڈا کر کے بڑے ٹکڑوں کی شکل دی جاتی ہے۔ اس کے بعد انہیں مختلف وزن میں کاٹا جاتا ہے۔ تیاری کے بعد ہر ٹکڑے پر صابن بنانے والے خاندان کے لوگوں کے نام کی مہر لگائی جاتی ہے پھر خشک ہونے کے لیے چھوڑ دیا جاتا ہے۔انڈے سجانے کا فن:یوکرین اور ایسٹونیا میں انڈوں پر موم سے کئی طرح کے نقش و نگار اور علامات بنائے جاتے ہیں۔ اس منفرد فن کو'' پسینکا‘‘ کہتے ہیں جس میں موم کے ذریعے انڈے کو سجا کر اسے رنگ دیا جاتا ہے۔ بعدازاں موم سے بنے نقش و نگار کے علاوہ انڈے کے دیگر حصوں پر مختلف رنگ چڑھائے جاتے ہیں اور مطلوبہ نمونہ تیار کرنے کے لیے یہ عمل بار بار دہرایا جاتا ہے۔اگرچہ یہ انڈے اب خاص طور پر ایسٹر کے تہوار سے مخصوص ہیں لیکن یوکرین میں یہ روایت مذہب سے قطع نظر ہر برادری میں مقبول ہے۔جاپانی چاول کا مشروب:جاپان میں چاول اور پانی سے بنائے جانے والے مشروب کو متبرک تحفہ سمجھا جاتا ہے اور یہ تہواروں، شادی بیاہ کی تقریبات اوربچے کی پیدائش جیسی رسومات اور دیگر سماجی و ثقافتی تقریبات کا لازمی حصہ ہوتا ہے۔ اس مشروب کو جاپانی ثقافت میں اہم مقام حاصل ہے۔ ہنرمند لوگ اسے پکائے گئے چاولوں کی پھپھوندی کو سٹارچ میں تبدیل کرنے کے بعد مختلف اشیا ملا کر چینی میں ڈال دیتے ہیں۔ بعدازاں اسے مخصوص وقت تک اور مخصوص نمی میں رکھ کر مشروب میں تبدیل کیا جاتا ہے۔روانڈا کا اینورے رقص:افریقی ملک روانڈا میں ٹولی کی صورت میں کیا جانے والا یہ رقص سماجی تقریبات اور تہواروں کا اہم جزو ہے۔ عام طور پر لوگ فصل کی کٹائی کے موقع پر منعقدہ میلوں اور معزز مہمانوں کے استقبال کے موقع پر اس فن کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ اس دوران گیت اور فتح کے ترانے گائے جاتے ہیں اور رقاص قطاروں کی صورت میں ناچ کر میدان جنگ کے بہادروں کی عکاسی کرتے ہیں۔یہ حرکات ایک غیرمرئی دشمن کے خلاف جنگ کو ظاہر کرتی ہیں جن میں رقاص روایتی ڈھول اور باجوں کی آوازوں کے تال میل سے اپنے نیزے اور ڈھالیں لہرا کر طاقت کا اظہار کرتے ہیں۔پرتگال کی گھڑ سواری:یورپی ملک پرتگال میں گھڑسوار خاص لباس پہن کر اور مخصوص انداز میں گھوڑے پر بیٹھ کر کئی طرح کے کرتب دکھاتے ہیں۔ اس دوران سوار اور گھوڑے کی حرکات و سکنات میں ہم آہنگی اور باہمی گہرے ربط سے گھوڑے اور سوار میں تعلق کا اظہار ہوتا ہے۔اس فن کے لیے خالص نسل کے لوسیتانو گھوڑے تیار کئے جاتے جنہیں سدھانا اور سنبھالنا آسان ہوتا ہے۔ یہ فن اجتماعی شناخت کا ذریعہ ہے اور اس کا مظاہرہ عموماً مذہبی رسومات، سالانہ میلوں اور دیگر سماجی تقریبات میں کیا جاتا ہے۔تھائی لینڈ کا ٹوم یوم کُنگ سُوپ:ٹوم یوم کُنگ تھائی لینڈ میں جھینگے کا روایتی سُوپ ہے۔ اس میں جھینگوں کو گرم پانی میں جڑی بوٹیوں کے ساتھ ابالا جاتا ہے اور پھر اس میں مقامی مصالحے شامل کیے جاتے ہیں۔ اس سوپ کی الگ خوشبو اور رنگ ہوتے ہیں اور یہ میٹھے، کھٹے، لذیذ، مصالحے دار، روغنی اور قدرے تلخ سمیت کئی طرح کے ذائقوں میں ملتا ہے۔کہا جاتا ہے کہ اس سوپ سے جسمانی توانائی اور صحت میں اضافہ ہوتا ہے اور بالخصوص مون سون کے موسم میں اس کی افادیت دوچند ہو جاتی ہے۔ یہ سُوپ تھائی لینڈ کے وسطی علاقوں میں دریا کنارے آباد بدھ برادری کی تخلیق سمجھی جاتی ہے جو ماحول اور صحت بخش جڑی بوٹیوں سے متعلق ان کے روایتی علم و دانش کی نمائندگی بھی کرتی ہے۔بوٹسوانا اور انڈونیشیا کے روایتی رقص: دو مزید روایات بھی اس سال یونیسکو کے غیرمادی عالمی ورثے میں شامل کی گئی ہیں۔ ان میں ایک ''ووسانا ‘‘کی رسم ہے جو افریقی ملک بوٹسوانا کے شمال مشرقی اور وسطی اضلاع میں رہنے والے باکالانگا لوگ مناتے ہیں۔ دوسرا روایت انڈونیشیا کا ''ریوگ پونوروگو‘‘ رقص ہے۔ یہ صدیوں پرانا فن مختلف مواقع جیسا کہ قدرتی آفات یا حوادث کو دور رکھنے کے لیے منائی جانے والی رسومات کے دوران پیش کیا جاتا ہے۔ اس میں رقاص بادشاہوں اور جنگجوؤں جیسا لباس پہنتے اور اپنی حرکات و سکنات کے ذریعے بانتارنگن سلطنت اور اس کے بادشاہ کی داستان پیش کرتے ہیں۔

ساقی:ہر فن مولا اداکار

ساقی:ہر فن مولا اداکار

پاکستانی فلمی صنعت میں بھی کئی معاون اداکار ایسے تھے جنہوں نے اپنی خداداد صلاحیتوں کی بنا پر شائقین فلم سے بہت داد وصول کی۔ ان میں ایک نام ساقی کا بھی تھا۔ ساقی کا اصل نام عبدالطیف بلوچ تھا۔ وہ دو اپریل 1925ء کو عراق کے شہر بغداد میں پیدا ہوئے۔ یہ پاکستان کے واحد اداکار تھے جنہوں نے اپنے کریئر کا آغاز ہالی وڈ کی فلم ''بھوانی جنکشن‘‘ سے کیا۔ 1955ء میں وہ لاہور میں فلم پروڈکشن یونٹ میں اسسٹنٹ ہو گئے۔ پاکستان میں ان کی پہلی فلم ''التجا‘‘ تھی جو 1955ء میں ریلیز ہوئی۔ اس کے بعد وہ 1958ء میں ''لکھ پتی‘‘ میں نگہت سلطانہ کے ساتھ ہیرو آئے۔ پھر اس کے بعد ''سسی پنوں‘‘ اور ''بمبئے والا‘‘ میں کام کیا۔ 1959ء میں ان کی ایک اہم فلم ''ناگن‘‘ ریلیز ہوئی جس میں انہوں نے سپیرے کا کردار ادا کیا۔ اس فلم میں نیلو اور رتن کمار نے ہیرو اور ہیروئن کے کردار ادا کیے تھے۔ یہ فلم سپرہٹ ثابت ہوئی اور ساقی کی اداکاری کوبے حد سراہا گیا۔ ویسے تو پاکستان اور بھارت کے کئی اور اداکاروں نے بھی سپیرے کا کردار ادا کیا جن میں امریش پوری بھی شامل ہیں۔ 80ء کی دہائی میں سری دیوی کی یادگار فلم ''نگینہ‘‘ میں امریش پوری نے جس اعلیٰ درجے کی اداکاری کی اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا لیکن پاکستانی فنکار ساقی نے بھی سپیرے کے کردار میں جاندار اداکاری کی۔ ''ناگن‘‘ کو ساقی کی اہم ترین فلم قرار دیا جا سکتا ہے۔ 1960ء میں ''رات کے راہی‘‘ اور پھر 1965ء میں ''ہزار داستان‘‘ میں بھی انہوں نے چونکا دینے والی اداکاری کی۔ ساقی کی ایک اور یادگار فلم لاکھوں میں ایک 1967ء میں ریلیز ہوئی۔ ہدایتکار رضامیر کی اس فلم کو پاکستان کی عظیم ترین فلموں میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے۔ فلم کے دیگر اداکاروں کی طرح ساقی کی اداکاری کوبھی بے حد پسند کیا گیا۔ اداکار مصطفی قریشی سے ان کی بڑی دوستی تھی۔ وہ ان کے ہمدم دیرینہ تھے۔ سمن آباد لاہور میں ساقی کی رہائش گاہ پر مصطفی قریشی اکثر دیکھے جاتے تھے۔ ساقی بڑے خوش اخلاق اور حلیم الطبع تھے۔ اپنی خودداری اور وضع داری کی وجہ سے بھی ان کا بڑا احترام کیا جاتا تھا۔ ساقی کا کریڈٹ یہ بھی ہے کہ انہوں نے پاکستانی فلمی صنعت کومسعود رانا اور مجیب عالم جیسے گلوکار دیئے۔ یہ وہ گلوکار ہیں جنہوں نے پاکستانی فلموں کیلئے ایسے شاندار گیت گائے جو ہمیشہ زندہ رہیں گے۔پشتو فلموں کی نامور اداکارہ یاسمین خان ساقی کی اہلیہ تھیں۔ جنہوں نے ایک زمانے میں بہت شہرت سمیٹی۔ ساقی کے بارے میں یہ بھی کہا جاتا ہے کہ وہ بڑے دریا دل تھے اور ان کا دل انسانیت کے درد سے معمور تھا۔ پوری فلمی صنعت میں شاید ہی کوئی ایسا شخص ہو جسے ان سے شکایت ہو۔ ساقی نے ہمیشہ نوجوان اداکاروں کی حوصلہ افزائی کی اور ہر نوجوان فنکار نے ان کی تعریف کی۔ وہ کہتے تھے کہ نوجوان فنکاروں کی حوصلہ افزائی ان کا فرض ہے کہ ایسا کرنے سے سینئر فنکاروں کے احترام میں اضافہ ہوتا ہے۔ ساقی نے کچھ ٹی وی ڈراموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کے مداحوں کی تعداد میں کبھی کمی نہ آئی کیونکہ وہ ایک ورسٹائل اداکار تھے جو اپنے مداحوں کی توقعات پر پورا اترتے تھے۔22 دسمبر 1986ء کو یہ شاندار اداکار اس دارفانی سے کوچ کرگیا۔ وہ پاکستانی فلمی صنعت کا بیش قیمت اثاثہ تھے۔ساقی کی اہم فلمیں و کردار

آج کا دن

آج کا دن

ایکسریز کا پہلا کامیاب تجربہ1895ء میں آج کے روز جرمن معالج ولہیم رونجن نے پہلا کامیاب ایکس رے لیا۔ رونجن کی دریافت نے طبی تشخیص میں انقلاب برپا کیا۔ آج، ایکس ریز مشینیں ہڈیوں کے فریکچر، دانتوں کی خرابی اور دیگر بیماریوں کی تشخیص میں استعمال ہوتی ہیں۔ ان کی خدمات سائنس کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ان کا نام اس دریافت کے ساتھ ہمیشہ کیلئے جڑا ہوا ہے اور ایکس ریز کو اکثر ''رونجن ریز‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔سنکیانگ زلزلہ1906ء میں آج کے روز چین کے شہر سنکیانگ میں 7.9 شدت کا زلزلہ آیا۔ زلزلے کے جھٹکے صبح 8 بجے محسوس کئے گئے۔ اس زلزلے کا مرکز چین کے صوبے سنکیانگ کے ماناس کاؤنٹی میں واقع تھا۔ ایک اندازے کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں 280 سے 300 افراد ہلاک ہوئے اور ایک ہزار افراد زخمی ہوئے۔ یہ اپنے وقت کے سب سے زیادہ خطرناک قدرتی آفات میں سے ایک تھا۔ آل انڈیا مسلم لیگ کا ''یوم نجات‘‘23 دسمبر 1939ء کو آل انڈیا مسلم لیگ نے ''یوم نجات‘‘ منایا۔یہ ''یومِ نجات‘‘ ایک روزہ جشن تھا جو قائد اعظم کی اپیل پر ہندوستان بھر میں منایا گیا۔ اس کی قیادت مسلم لیگ کے صدر محمد علی جناح نے کی۔ اس دن کا مقصد حریف کانگریس پارٹی کے تمام اراکین کے صوبائی اور مرکزی دفاتر سے استعفے پر خوشی منانا تھا، جو اس بات پر احتجاجاً دیے گئے تھے کہ انہیں برطانیہ کے ساتھ دوسری جنگ عظیم میں شامل ہونے کے فیصلے پر اعتماد میں نہیں لیا گیا تھا۔ ''پیپلز آرمی‘‘ کا قیام 1944ء میں دوسری جنگ عظیم کے دوران ویتنام کی ''پیپلز آرمی‘‘ کا قیام عمل میں آیا تاکہ انڈوچائنا (موجودہ ویتنام) پر جاپانی قبضے کی مزاحمت کی جا سکے۔ یہ فوج انڈوچائنا (موجودہ ویتنام) میں جاپانی افواج کے خلاف لڑنے کیلئے تشکیل دی گئی۔ اس کا مقصد ویتنام کی آزادی کیلئے جدوجہد کرنا اور جاپانی تسلط کے خلاف مزاحمت کرنا تھا۔ اس فوج کا قیام ویتنام کے قوم پرست رہنماؤں کی جانب سے ویتنام کی خود مختاری کی جنگ میں اہم سنگ میل تھا۔

طوفان کب ، کیسے اور کیوں آتے ہیں !

طوفان کب ، کیسے اور کیوں آتے ہیں !

طوفان کیا ہوتا ہے ؟ اسے سمجھنے کے لیے یہ مثال پیش کی جاسکتی ہے۔ جس طرح ایک دریا کی سطح پر اگر خلاف معمول کوئی اونچ نیچ واقع ہو جائے تو پانی کی روانی میں خلل پڑ جاتا ہے اور اس کی جگہ بھنور یا گردباد بننا شروع ہو جاتے ہیں،بالکل اسی طرح کرہ ہوائی میں بھی جب ہوائیں چلتی ہیں تو فضا میں مختلف مقامات پر ہوا کے دبائو میں فرق پڑ جاتا ہے۔جس کی وجہ سے مختلف مقامات پر ہوا کی روانی میں رکاوٹ واقع ہو کر فضا میں بھنور پیدا ہونے لگتے ہیں۔ نتیجتاً ہر سمت ہوائیں اپنا رخ بدل لیتی ہیں اور چاروں طرف سے کم دباو کے مرکز کی طرف بھنور کی شکل میں چلنا شروع کر دیتی ہیں۔ ہواؤں کے اس بھنور کوطوفان کہا جاتا ہے۔ گئے دنوں میں اگرچہ اس کیفیت کو صرف طوفان ہی کہاجاتا تھا لیکن اب سائنس دانوں نے طوفان کو بھی بالحاظ ساخت اور شدت مختلف ناموں میں تقسیم کر دیا ہے۔ ویسے تو ''سائیکلون‘‘ اور ''ہریکین‘‘طوفان کی دو مرکزی اقسام ہیں تاہم '' ٹائی فون‘‘ اور ''ٹور نیڈو‘‘ بھی طوفان کی ہی اقسام ہیں۔سائنسی نقطۂ نظر سے طوفان کی ابتدائی شکل کو ''سائیکلون‘‘ کہا جاتا ہے اور اس کی شدت کو ''ہریکین‘‘ کہا جاتا ہے۔ طوفان کیوں اور کیسے آتے ہیں ؟بعض ماحولیاتی سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ صنعتی آلودگی، گرین ہائوس گیسوں کے بے دریغ اخراج کے سبب زمینی درجۂ حرارت میں غیر معمولی اضافے نے کرہ ارض کو جس طرح غیر مستحکم کر دیا ہے اس کی وجہ سے طوفانوں اور قدرتی آفات میں خلاف معمول اضافہ ہو گیا ہے۔ نوبل انعام یافتہ سائنس دان ایم بسٹر اور کے اے عما کے بقول ٹراپیکل اور سب ٹراپیکل سمندروں کی سطح پر درجۂ حرارت میں پچھلے پچاس سالوں کے دوران 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ماہرین ماحولیات کہتے ہیں، ٹراپیکل طوفان خط استوا کے قریب گرم سمندری پانیوں پر بنتے ہیں۔جب یہ گرم ہوا اوپر کی جانب اٹھتی ہے تو ہوا کے کم دباؤ والا ایک مقام بنتا ہے۔جوں جوں ہوا دوبارہ ٹھنڈی ہوتی جاتی ہے، اسے نیچے سے اٹھنے والی مزید گرم ہوا ایک طرف دھکیل دیتی ہے اور یہ عمل تیز ہواؤں اور بارش کا سبب بنتا ہے۔جب اس عمل کی رفتار میں اضافہ ہوتا ہے تو یہ ایک استوائی یا ٹراپیکل طوفان کی شکل اختیار کر لیتا ہے۔ عام طور پر 63 کلومیٹر کی رفتار سے آنے والا طوفان استوائی یا ٹراپیکل طوفان کہلاتا ہے جبکہ یہی ہوائیں اگر 119 کلومیٹر کی رفتار کو چھونے لگیں تو یہ طوفان، سائیکلون، ٹائفون یا ہریکین کہلاتے ہیں۔ سمندری طوفانوں میں ہریکین زمین پر تباہی مچانے والے طوفانوں میں سے ایک ہیں اور اس بات کے شواہد بھی موجود ہیں کہ یہ طوفان پہلے سے زیادہ طاقت ور اور تباہ کن ہو رہے ہیں۔اب یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر ہریکین کیسے بنتے ہیں اور موسمی تبدیلی ان پر کیا اثر ڈال رہی ہے ؟۔ہریکین کیسے بنتے ہیں ؟ہریکین کی شروعات بحر کے اوپر چھوٹے طوفانوں کے طور پر ہوتی ہے۔ سمندر کا درجۂ حرارت جب 27 ڈگری سنٹی گریڈ سے بڑھنا شروع ہو جاتا ہے تو سمندری طوفان کے بادل تعداد اور سائز میں بڑھنے لگتے ہیں۔ہوائیں دائرے کی شکل میں اوپر کی طرف اٹھنے لگتی ہیں، ایسے میں زمین کی گردش ان ہواؤں کو اور زیادہ تیز کر کے گھومنے میں مدد دیتی ہے۔ہوا کی اوسط رفتار 119 کلومیٹر فی گھنٹہ یا اس سے بھی زیادہ ہو جائے تو طوفان کا درمیان کا حصہ جنم لے کر ہریکین کی شکل دھار لیتا ہے۔یہاں یہ بات ذہن میں رہے کہ ہر طوفان ہریکین نہیں ہوتا ۔ کیٹیگری 5 کے طوفان زیادہ طاقتور اور تباہ کن ہوتے ہیں۔ان کی رفتار 252 کلو میٹر فی گھنٹہ سے زیادہ ہوتی ہے۔ مستقبل میں طوفان بارے خدشاتاقوام متحدہ کے آب و ہوا کے ادارے ''آئی پی سی سی‘‘ نے خبردار کیا ہے کہ جیسے جیسے عالمی درجۂ حرارت بڑھتا جا رہا ہے ، اس بات کا امکان بھی بڑھتا جا رہا ہے کہ دنیا میں بارشوں کی شرح اور ہوا کی رفتار میں اضافہ ہوتا چلا جائے گا۔جس کا صاف مطلب یہ ہے کہ طوفانوں کا زیادہ تناسب سب سے شدید زمروں یعنی چار اور پانچ تک پہنچ جائے گا۔ بالفاظ دیگر جتنا زیادہ عالمی درجۂ حرارت بڑھے گا ان تبدیلیوں کی شدت میں اضافہ اتنا زیادہ ہوتا چلا جائے گا۔اس کی وضاحت کرتے ہوئے آئی پی سی سی کا کہنا ہے کہ اگر عالمی درجہ حرارت 1.5ڈگری سنٹی گریڈ تک محدود رہے تو کیٹیگری چار اور پانچ تک پہنچنے والے استوائی طوفانوں کے تناسب میں لگ بھگ 10 فیصد تک اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ درجۂ حرارت میں یہ اضافہ 2 سنٹی گریڈ تک پہنچنے کی صورت میں یہ تناسب 13 فیصد اور درجۂ حرارت 4 ڈگری سنٹی گریڈ پر یہ اضافہ 20 فیصد تک بڑھ سکتا ہے۔ دنیا کے تباہ کن طوفان بھولا سائیکلون 1970 میں بھولا سائیکلون جو 13 نومبر کو مشرقی پاکستان (موجودہ بنگلہ دیش )کے علاقے بھولا میں آیا تھا، اس میں 10 لاکھ ہلاکتیں ہوئی تھیں۔ کہتے ہیں صرف بھولا کے علاقے میں ایک لاکھ افراد لقمۂ اجل بنے تھے۔ اسی وجہ سے اس طوفان کو '' بھولا سائیکلون ‘‘ کہا جاتا ہے۔ یہ طوفان تاریخ کا بدترین طوفان کہلاتا ہے۔ ملٹن ہریکین رواں سال اکتوبر میں امریکی ریاست فلوریڈا کے علاقے ملٹن میں آنے والا ہریکین طوفان رواں صدی کا ایک تباہ کن طوفان تھا۔200کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والا یہ طوفان اس قدر شدید تھا کہ پورے علاقے کی زندگی معطل ہو کر رہ گئی تھی۔ 15 لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہو گئے۔33 لاکھ کے قریب لوگوں کو اس علاقے سے انخلا کرنا پڑا۔ اس طوفان میں230 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔   

بچوں کی ہائپر ایکٹیو عادات اور موبائل فون کا استعمال

بچوں کی ہائپر ایکٹیو عادات اور موبائل فون کا استعمال

موبائل کا بے دریغ استعمال بھی اس کیفیت کو جنم دینے کی ایک وجہ ہےہائپر ایکٹیو (Hyperactive) ایک ایسی حالت کو کہا جاتا ہے جس میں بچے یا بالغ افراد غیر معمولی طور پر زیادہ متحرک، بے چین، اور توانائی سے بھرپور ہوتے ہیں۔ ایسے افراد مسلسل حرکت میں رہتے ہیں، توجہ مرکوز کرنے میں دشواری محسوس کرتے ہیں اور عام طور پر ان کی سرگرمیاں بے ترتیب اور بے قابو ہو سکتی ہیں۔ یہ رویہ خاص طور پر بچوں میں زیادہ نمایاں ہوتا ہے، جہاں وہ ضرورت سے زیادہ شور مچاتے، دوڑتے اور والدین کو تنگ کرتے ہیں، حتیٰ کہ ایسی جگہوں پر بھی جہاں پرسکون رہنا ضروری ہو۔ ہائپر ایکٹیویٹی اکثر توجہ کی کمی کے عارضے (ADHD) کا ایک حصہ ہوتی ہے، لیکن یہ تناؤ، نیند کی کمی، یا غذائی عادات کی وجہ سے بھی ہو سکتی ہے۔ آج کے دور میں اس کی اہم وجہ بچوں میں موبائل کا بے دریغ استعمال بھی اس کیفیت کو جنم دے رہا ہے۔ بچوں کا ہائپر ایکٹیو ہونا اور موبائل فون کی عادت ایک اہم سماجی مسئلہ بنتا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف بچوں کی ذہنی اور جسمانی صحت متاثر ہو رہی ہے بلکہ ان کی تعلیم اور تربیت بھی متاثر ہو رہی ہے۔ والدین اور اساتذہ کے لیے ضروری ہے کہ وہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے لیں اور بچوں کو مثبت انداز میں زندگی کے درست راستے پر گامزن کرنے کے لیے مختلف حکمت عملیاں اپنائیں۔بچوں کی غیر معمولی توانائی کو مثبت سمت میں استعمال کرنا بے حد ضروری ہے۔ انہیں کھلی فضاء میں لے جا کر مختلف کھیلوں میں شامل کریں جیسے کرکٹ، فٹ بال، یا تیراکی۔ ان سرگرمیوں سے بچوں کی توانائی مثبت طور پر استعمال ہوگی اور ان کا رویہ بھی بہتر ہو گا۔ تخلیقی سرگرمیاں جیسے ڈرائنگ، پینٹنگ وغیرہ بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارتی ہیں اور انہیں مصروف رکھتی ہیں۔موبائل فون کا بے جا استعمال بچوں کے لیے نقصان دہ ہے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ اسکرین ٹائم کے لیے ایک خاص وقت مقرر کریں۔ مثال کے طور پر، صرف تعلیمی کاموں یا کارآمد مواد کے لیے موبائل استعمال کی محدود اجازت دیں۔ کوشش یہی کریں بچوں کو موبائل کے متبادل فراہم کریں، جیسے کہ پزل گیمز، کتابیں یا لیگو جیسے کھیل، جو نہ صرف دلچسپ ہیں بلکہ بچوں کے ذہنی ارتقاء کے لیے بھی مفید ہیں۔فیملی کے ساتھ وقت گزارنا بچوں کی جذباتی تربیت کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ روزانہ کم از کم ایک گھنٹہ بچوں کے ساتھ بات چیت کریں، سیرت النبی ﷺ سے واقعات نکال کر بچوں کو سنائیں، انبیاء کرام کی کہانیاں سنائیں، بچوں کے ساتھ مل کر تفریحی کھیل کھیلیں۔ یہ نہ صرف بچوں کو خوش رکھے گا بلکہ ان کی موبائل فون کی عادت کو کم کرنے میں بھی مددگار ہوگا۔ کھانے کے دوران موبائل فون استعمال کرنے کی سخت ممانعت کریں تاکہ فیملی بانڈنگ کا وقت متاثر نہ ہو۔بچوں کی نیند کا خاص خیال رکھیں۔ ایک مقررہ وقت پر سونے اور جاگنے کی عادت انہیں ہائپر ایکٹیو ہونے سے روکتی ہے۔ نیند کی کمی اکثر بچوں کے رویے پر منفی اثر ڈالتی ہے۔ اسی طرح متوازن غذا بھی بچوں کی عادتوں پر اثر انداز ہوتی ہے۔ چینی اور جنک فوڈ کی بجائے پھل، سبزیاں اور پروٹین سے بھرپور غذا فراہم کریں تاکہ ان کی توانائی کا لیول متوازن رہے۔ اگر ان تمام کوششوں کے باوجود بچے کا رویہ قابو میں نہ آئے تو کسی ماہر نفسیات یا چائلڈ سائیکالوجسٹ سے مشورہ کریں۔ وہ بچے کے رویے کی گہرائی میں جا کر اس مسئلے کا حل فراہم کر سکتے ہیں۔بچوں کو تربیت دینے کے لیے والدین کو مستقل مزاج اور محبت بھرا رویہ اپنانا ہوگا۔ بچوں کی عادات کو فوری طور پر تبدیل کرنا ممکن نہیں لیکن صبر، شفقت، اور مثبت انداز سے ان کے رویے کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ مندرجہ بالا تمام حکمت عملیاں نہ صرف بچوں کی ہائپر ایکٹیو عادات کو قابو میں رکھنے میں مدد کریں گی بلکہ ان کے ذہنی اور جسمانی نشوئونما کے لیے بھی مؤثر ثابت ہوں گی۔ والدین اور اساتذہ کی توجہ اور مستقل محنت بچوں کی شخصیت کو نکھارنے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ 

آج کا دن

آج کا دن

سانتا ماریا سکول قتل عامسانتا ماریا قتل عام در اصل ہڑتال کرنے والے کارکنوں کا قتل عام تھا۔ چلی کی افواج نے 21 دسمبر1907ء کو چلی کے ایکویک میں تقریباً 2ہزار کان کنوں کا قتل عام کیا۔کچھ رپورٹس کے مطابق قتل کئے جانے والوں کی تعداد 2ہزار سے بھی زیادہ تھی۔اس قتل عام کے نتیجے میں نہ صرف ہڑتال ٹوٹ گئی بلکہ مزدوروں کی تحریک ایک دہائی سے زائد عرصے تک معطل رہی۔اس کے بعد اقعہ کے حقائق کو کئی سال تک سرکاری طور پر دبایا جاتا رہا لیکن2007ء میں حکومت نے اس کی صد سالہ یادگاری تقریب کا انعقاد کیا۔قتل عام کا مقام ڈمنگو سانتا ماریا سکول تھا، جہاں چلی کے دوردراز علاقوں سے آئے ہزاروں کارکن ایک ہفتے سے ٹھہرے ہوئے تھے۔پین ایم فلائٹ103حادثہ''پین ایم فلائٹ نمبر103‘‘فرینکفرٹ سے ڈیٹرائٹ کیلئے لند ن میں ایک سٹاپ اوور کے ساتھ نیو یارک سٹی میں ایک طے شدہ پرواز تھی۔21دسمبر1988ء کو جب ہوائی جہاز سکاٹ لینڈ کے شہر لاکربی کے اوپر پرواز کر رہا تھا اس میں اچانک ایک دھماکا ہواجو جہاز میں نصب کئے گئے بم کا تھا۔ اس حادثے میں جہاز میں سوار 243مسافر اور عملے کے 16 افراد ہلاک ہوئے۔دھماکے کے بعد جہاز کے بڑے حصے رہائشی علاقے میں گرے جس کی وجہ سے11رہائشی ہلاک ہوئے۔کل 270ہلاکتوں کے ساتھ یہ اُس وقت برطانیہ کا سب سے مہلک دہشتگردحملہ تھا۔نیپال ،برطانیہ معاہدہنیپال اور برطانیہ کے درمیان پہلی مرتبہ معاہدہ1921ء میں زیر بحث آیا اور اس حتمی معاہدے پر دستخط21دسمبر1923ء کو سنگھار دربار میں کئے گئے۔یہ معاہدہ برطانیہ کا پہلا باضابطہ اعتراف تھا کہ نیپال ایک آزاد ملک کے طور پر اپنی خارجہ پالیسی کو کسی بھی طرح سے چلانے کا حق رکھتا ہے۔ اس معاہدے کو سفارتکاری کی ایک بہت بڑی کامیابی سمجھا جاتا تھا۔ معاہدہ 1925ء میں لیگ آف نیشنز میں بھی درج کیا گیا ۔نیپال 1921ء میں ہی خود کو ایک آزاد ریاست کے طور پر دیکھناچاہتا تھا۔ اس لئے اسی برس برطانیہ کے ساتھ اس بحث کا آغاز کر دیا گیا تھا کہ نیپال کی آزادی کو تسلیم کیا جائے۔اینٹونوو این225 کی پہلی پروازاینٹونوو این 225ایک سٹریٹجک ائیر لفٹ کارگو ہوائی جہازجسے سوویت یونین میں اینٹونوو ڈیزائن بیورو نے ڈیزائن اور تیار کیا تھا۔یہ اصل میں 1980ء کی دہائی کے دوران اینٹونو و این124ائیر لفٹر کے ایک وسیع مشق کے لئے تیار کیا گیا تھا جس کا مقصد فضا میں ہونے والی نقل و حمل پر نظر رکھنا تھا۔21دسمبر1988ء کو اینٹونوواین225نے اپنی پہلی پرواز کی۔اسے دنیا کا سب سے بڑا ہوائی جہاز ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔