انسانی ہاتھ کیا کہتے ہیں؟
لڑکھڑاتی چال چلتا ہوا مریض کمرے میں اخل ہوا۔ اس نے مجھ سے ہاتھ ملانے کی اپنی سی کوشش کی۔ اس کی گرفت بڑی ڈھیلی تھی اور یوں لگا کہ جیسے گائے یا بھینس کا دودھ نکالتے وقت ہاتھ پڑتے یا چھوٹتے ہیں۔ میں فوراً سمجھ گیا کہ اس کو '' Chorea‘‘ کی بیماری ہے جس میں ہاتھوں میں رعشہ وغیرہ آ جاتا ہے۔انسانی ہاتھ اللہ تعالیٰ کا عجیب اور حسین شاہکار ہیں۔ گوشت پوست، ہڈیوں، عضلات اور پٹھوں کے اس حسین مرقع سے انسان ہر قسم کے کام لیتا ہے۔ ہاتھ اور انگلیوں کے اشارے سے مختلف قسم کے خوشی، غمی، دوستی، محبت، نفرت، گرم جوشی، سرد مہری، اپنائیت وغیرہ کے جذبات کا اظہار کیا جاتا ہے۔ انگلیوں کو بند کرکے مکا انسانی عزم کی پختگی کا اظہار کرتا ہے۔ انہیں ہاتھوں کی بدولت انسان نے مختلف قسم کی لاکھوں ایجادات کیں اور ان کی وجہ سے تسخیر کائنات ممکن ہوئی اور ان کی بدولت ہر قسم کی ناممکن کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ جہاں انسانی ہاتھ مختلف قسم کے جذبات کا اظہار کرنے کا ذریعہ ہیں، وہیں ان کی ساخت، سائز، رنگ اور حرکات سے بہت سی بیماریوں کی تشخیص آسان ہو جاتی ہے۔
ناخن: ناخنوں کی صحیح تراش آج کل خوبصورتی کی علامت سمجھی جاتی ہے۔ خواتین نت نئے طریقوں سے اپنے ہاتھوں کے ناخنوں کو سجاتی اور بڑھاتی ہیں اور طرح طرح کی نیل پالش سے ان کو مزید خوبصورت بنانے میں لگی رہتی ہیں۔ خون کی کمی کی صورت میں ناخن پیلے اور سفیدی مائل ہو جاتے ہیں۔ Ray Naud's Disease میں ان کی رنگت نیلی ہو جاتی ہے۔ آئرن کی کمی کی صورت میں ناخن چمچہ کی شکل کے لگتے ہیں اور بہت نازک اور کمزور ہو جاتے ہیں۔
انگلیاں: مخروطی انگلیاں خوبصورتی کی نشانی ہیں۔ مختلف بیماریوں میں نہ صرف ان کی خوبصورتی ختم ہوتی ہے بلکہ یہ بھدی اور بدشکل بھی ہو جاتی ہیں۔ دل کی بیماری اور پھیپھڑوں کی بیماری میں ان کی شکلClub- Shaped ہو جاتی ہے۔ اس طرح جوڑوں کے درد کی بیماری میں انگلیاں مڑ سی جاتی ہیں اور Spindle نما ہو جاتی ہیں۔
ہاتھوں کا لرزنا: ہاتھوں میں رعشہ (Tremor) بہت سی بیماریوں کا پتہ دیتا ہے جن میں پارکنسونزم، تھائی رائیڈ گلینڈ کا بڑھنا اور جگر کی بیماری وغیرہ شامل ہیں۔ بعض اوقات لکھنے والے، ٹائپ کرنے والے یا موسیقی بجانے والے رعشہ (Tremor) کی وجہ سے لکھنا، ٹائپ کرنا اور آلات بجانا بالکل بھول جاتے ہیں۔ یہ بھی مختلف بیماریوں میں ہو سکتا ہے اور اس کو Writers Cramp کا نام دیا گیا ہے۔
ہاتھوں کی تحریر اور لکیریں: اللہ پاک نے ہر انسان کو دوسرے سے مختلف بنایا ہے اور اس کی صناعی کے کیا کہنے کہ دو جڑواں بھائیوں کے ہاتھوں کی لکیریں بھی آپس میں نہیں ملتیں۔ انگلیوں کے نشانات آج کل کے دور میں بہت اہم ہیں اور اکثر مجرموں کو پکڑنے کیلئے ان سے مدد لی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ ہر آدمی کے ہاتھ سے لکھی ہوئی تحریر دوسرے سے مختلف ہوتی ہے اور اس کو پڑھ کر آدمی کی شناخت، اس کی شخصیت اور طبعی میلان کا پتہ چلایا جا سکتا ہے۔