موبائل فون زحمت بھی ہے

اسپیشل فیچر
جیسے کہا جاتا ہے کہ زندگی میں ہر چیز کی زیادتی باعث نقصان ہو سکتی ہے ۔ یہی حال موبائل فون کے بے جا استعمال کے نقصانات کا ہے ، جس کا زیادہ استعمال بچوں ، بوڑھوں بلکہ سبھی کی صحت کو درپیش ہے۔ ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں موبائل فون کے بڑھتے استعمال کی وجہ سے آنکھوں میں تابکاری اثرات کی وجہ سے ''مائیوپیا‘‘ اور دیگر مسائل جنم لے رہے ہیں۔آگے چل کر اسی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تابکاری کے یہ اثرات دماغ اور جلد پر بھی براہ راست اثر انداز ہو رہے ہیں ، یہی نہیں بلکہ دماغ میں ٹیومر جیسی بیماریوں کے خطرات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
عالمی ادارۂ صحت کی جانب سے کچھ سال پہلے موبائل فون استعمال کرنے والوں کو متنبہ کیا گیا تھا کہ موبائل ریڈی ایشن ، درد شقیقہ اور پٹھوں کے مستقل درد کا باعث بن سکتا ہے۔ماہرین ایک دن میں دو گھنٹے سے زیادہ موبائل فون کے استعمال سے منع کرتے ہیں۔صرف یہی نہیں بلکہ آنکھوں اور موبائل فون کے درمیان کم از کم 18 انچ فاصلے کی تلقین کرتے ہیں کیونکہ مسلسل سکرین پر نظر جمانے سے آنکھوں میں تنائو کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔