آج کا دن

اسپیشل فیچر
انسولین سے علاج کی شروعات
15اپریل1923ء کو انسولین کو ذیابیطس کے مریضوں کیلئے بطور دوا استعمال کرنے کی منظوری دی گئی۔ 1923ء سے کئی سال قبل اس کی تیاری پر کام شروع ہوچکا تھا۔ متعدد تجرباتی مراحل عبور کرنے کے بعد ماہرین نے اسے انسانوں پر استعمال کے لئے محفوظ قرار دیا جس کے بعد انسولین کو عام عوام کیلئے مارکیٹ میں فراہم کر دیا گیا۔انسولین دراصل ایک پیپٹائڈ ہارمون ہے جو لبلے کے ''بیٹا‘‘ (Beta)خلیوں کے ذریعے تیار کیا جاتا ہے جو انسان میںINSجین کے ذریعے انکوڈ ہوتا ہے۔
برطانیہ نے ایٹمی دھماکہ کیا
دوسری عالمی جنگ میں امریکہ کی جانب سے جاپان کے خلاف ایٹم بم کے استعمال نے دنیا میں ایٹمی طاقت بننے کی ایک تباہ کن ریس کا آغاز کردیا۔دنیا کے بیشتر ممالک ایٹمی ہتھیاروں کو اپنی بقاء کا ضامن قرار دینے لگے۔اسی سلسلے میں برطانیہ نے بھی ایٹمی ہتھیاروں کے پروگرام کا آغاز کیا اور 15اپریل 1957ء میں ایٹم بم کا کامیاب تجربہ کرنے کے بعد برطانیہ ایٹمی طاقت رکھنے والا دنیا کا تیسرا ملک بن گیا۔برطانیہ کے ایٹمی دھماکے نے مشرقی ممالک میں بھی یہ فکر پیدا کر دی کہ ایٹمی ہتھیار دفاع کا اہم حصہ ہے۔
ٹائی ٹینک ڈوبا
ٹائی ٹینک 15 اپریل 1912ء کی صبح شمالی بحر اوقیانوس میں ڈوبا، یہ جہاز ساؤتھمپٹن سے نیو یارک سٹی کیلئے سفر کر رہا تھا۔ٹائی ٹینک کو اس وقت سب سے بڑاسمندری جہاز ہونے کا اعزاز حاصل تھا۔ ایک اندازے کے مطابق حادثے کے قبل ٹائی ٹینک میں تقریباًدو ہزار224افراد سوار تھے۔اپنے سفر کے دوران جہاز ایک برف کے پہار سے ٹکرایا اور دو گھنٹے چالیس منٹ بعد وہ ڈوب گیا۔اس حادثے کے نتیجے میں 1500سے زائد افراد ہلاک ہوئے ،اسے سمندری تاریخ کا سب سے بڑا حادثہ سمجھا جاتا ہے۔
75ہزار افراد پر مشتمل ملیشیا
15 اپریل، 1861 ء کو امریکی خانہ جنگی کے آغاز پر امریکی صدر ابراہم لنکن نے فورٹ سمٹر پر بمباری اور ہتھیار ڈالنے کے بعد تین ماہ کیلئے 75ہزارافراد پر مشتمل ملیشیا کو طلب کیا۔ کچھ جنوبی ریاستوں نے پڑوسی ڈیپ ساؤتھ غلام ریاستوں جن میں جنوبی کیرولائنا، مسیسیپی، فلوریڈا، الاباما، جارجیا، لوزیانا اور ٹیکساس شامل تھیں کے خلاف فوج بھیجنے سے انکار کر دیا۔ نتیجہ یہ نکلا کہ ورجینیا، آرکنساس، نارتھ کیرولائنا اور ٹینیسی کے بالائی جنوبی علاقوں میں زیادہ تر ریاستوں نے بھی امریکہ سے علیحدگی کا اعلان کر دیا اور کنفیڈریٹ ریاستوں میں شامل ہو گئے۔