محلات فیروز شاہی

اسپیشل فیچر
فیروز شاہ تغلق سلطنت دہلی کے تغلق خاندان کے تیسرے حکمران تھے جنہوں نے 1351ء سے 1388ء تک حکومت کی۔فیروز شاہ نے اپنے عہد میں ایک نیا شہر فیروزآباد کے نام سے آباد کیا جس کیلئے اٹھارہ گائوں مثلاً اندر پٹ، سرائے شیخ ملک بار، سرائے شیخ ابوبکر طوسی، کاربن، کیشواڑہ، اندولی، سرائے بلکہ رضیہ، مہرولہ اور سلطان پور وغیرہ کی زمینیں حاصل کی گئیں۔ یہ شہر پانچ کوس تک پھیلا ہوا تھا۔ اس میں امرا نے بھی اپنے اپنے محل بنوائے، عام لوگوں نے بھی پختہ مکانات تعمیر کرائے، مسجدیں بکثرت بنوائی گئیں، ہر مسجد میں دس دس ہزار نمازی جمع ہو سکتے تھے۔ دہلی اور فیروز آباد کے درمیان پانچ کوس کا فاصلہ تھا لیکن آے جانے کیلئے سواریاں ہر وقت موجود رہتی تھیں، جن کا کرایہ بہت کم تھا، مثلاً گھوڑے کا کرایہ بارہ جیتل اور ڈولہ کا نیم تنکہ تھا۔
اس شہر میں فیروز شاہ نے بہت سے محل بنوائے۔ ان میں سے محل صحن گلبن، محل چھجہ چوبیںاور محل بار نمایاں ہیں۔ یہ محل درباروں کے انعقاد کے کام کیلئے تھے، زنانہ محل نہ تھے۔ فیروز شاہ کے مختلف کوشکوں کا جو جا بجا ذکر آتا ہے، اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس نے کوشک فیروز آباد کو شک نردی، کوشک مہندواری، کوشک شہر حصار اور کوشک شکار نئے شہر میں بنوائے۔ ان کے علاوہ انہوں نے فتح آباد جونپور اور سالورہ میں بھی کوشکوں کی تعمیر کرائی۔ تعمیرات کا جتنا ذوق انہیں تھا، اس سے پہلے کے سلاطین کو نہ رہا۔ اسی لئے اس نے امیر عمارت کا ایک عہدہ مقرر کر رکھا تھا، جس کو امتیازی حیثیت دینے کیلئے چوب زر عطا کیا تھا۔ اسی طرح سنگ تراشوں، چوب تراشوں، بنکروں، آرہ کشوں، چونہ پزوں اور معماروں کے علیحدہ علیحدہ شعبے مقرر تھے۔
اوپر جتنے محلات کا ذکر کیا ہے وہ یا تو ختم ہو چکے ہیں یا کھنڈرات کے ڈھیر ہیں، اس لئے ان کے اندرونی حصوں کی تفصیل بیان کرنا سعی لاحاصل ہے، پھر بھی یہ اندازہ ہوا ہوگا کہ یہ محل کسی اونچے مقام یا دریا کے کنارے بنائے جاتے تاکہ یہ بہت ہی ہوادار ہوں اور ان کا حسن بڑھانے کی خاطر، ان کا عکس دن کی روشنی میں اور رات کو چاندنی میں دریا کے بہتے ہوئے پانی میں پڑتا رہے۔
محل کے اندر چمن اور باغ کے علاوہ مطبخ، شراب خانہ، شمع خانہ، سگ خانہ، آب دارخانہ فراش خانہ، جام دار خانہ، پوشاک خانہ، غسل خانہ، خواب گاہ اور زنان خانہ وغیرہ ہوتے۔ ان میں بعض چیزوں کی تفصیل آگے آئے گی، عام طور سے محل کو آراستہ پیراستہ کرکے بہشت کا نمونہ بنا دیا جاتا، دیواروں پر مخمل اور ریشمی کپڑے کے پردے ہوتے،جن میں جواہرات ٹکے رہتے، اندر نقرئی اور طلائی پچی کاری سے زینت و آرائش کی جاتی اور وہاں اسلحہ، زریں ہتھیار، قندیل، شمع دان، قالین، آفتابے، قلم دان، بساط اور کتابوں کی الماریاں ہوتیں، قندیلیں رات کو روشن ہوتیں تو تمام ایوان روشن ہو جاتا محل کی زینت و آرائش کا ذکر جا بجا آئے گا۔
محل میں گھڑیال ضرور ہوتا، جس سے لوگوں کو ٹھیک وقت معلوم ہوتا رہتا، رات کے وقت محل کے ارد گرد سخت پہرہ ہوتا، پہلی گھڑی کے بعد کسی کو محل کے احاطہ میں داخل ہونے کی اجازت نہ تھی، جب تک سلطان کی اجازت نہ ہوتی، ایک خاص عہدہ دار رات کے سانحے قلم بند کرتا رہتا جو وہ صبح کو سلطان کی خدمت میں پیش کرتا۔
وقار حرم
حرم کی بیگمات کیلئے محل کے علاحدہ علاحدہ سکونتی حصے ہوتے اور ان کی خدمت کیلئے کثیر تعداد میں کنیزیں اور خواجہ سرا ہر وقت حاضر رہتے۔ ان کے رہنے کی جگہ سے الگ تھلگ ہوتی اور صرف وہی رشتہ دار مرد محل کے اندر آ جا سکتے تھے جن کو سلطان کی طرف سے اجازت ملتی تھی۔اسلامی پردہ تو یہ تھا کہ عورتیں چہرہ اور ہاتھ کھول کر جلباب یا برقعہ کے ساتھ باہر نکل سکتی تھیں لیکن شاہی عزت و وقار اسی میں سمجھا جاتا کہ بیگمات پر خاص خاص رشتہ داروں کے علاوہ کسی اور مرد کی نظر نہ پڑے۔ ان ہی کی تقلید میں عام عورتیں بھی گھر کی چار دیواری میں رہنے لگیں۔
شوکت کا مظاہرہ
بیگمات کی تہذیبی شان و شوکت کا اظہار محل کے اندر تقریبات کے موقع پر ہوا کرتا تھا۔ وہ صحنوں میں بڑے بڑے سائبان اور خیمے کھڑے کراتی تھیں، اس کے نیچے طرح طرح کے عمدہ فرش بچھواتیں، جن پر دیبامنڈھا ہوتا اور جواہرات بھی ٹنکے رہتے۔
ابن بطوطہ کا بیان ہے کہ محمد تغلق کی تاج پوشی کے موقع پر محل کے اندر جو جشن منایا گیا تو اس کی ماں مخدومہ جہاں ایک سونے کے تخت پر بیٹھی ہوئی تھی اور محل اور امراء کی بیگمات زرق برق پوشاک میں ملبوس اور زیورات سے لدی ہوتی تھیں۔ اس موقع پر اتنی چمک دمک تھی کہ اس کی چکا چوند سے مخدومہ جہاں کی بینائی جاتی رہی اور ہر طرح کے علاج کے باوجود کوئی فائدہ نہ ہوا۔تقریبات کے موقع پر بیگمات جو مراسم ادا کرتی تھیں، اس کا ذکر تقریبات میں آئے گا۔
نذرانے
محل کے اندر جو عورت بیگمات سے ملنے کو جاتی تو اس کے ساتھ مختلف قسم کی نوازشیں کی جاتیں، مثلاً ابن بطوطہ کی بیوی محمد تغلق کی ماں سے ملنے کو گئی تو اس کو ایک ہزار روپے سونے کے جڑائو کڑے اور ہار، زردوزی کتان کے کرتے، زردوزی ریشم کا خلعت اور کپڑے کے کئی تھان دیئے گئے۔ جو عورتیں مہمان بن کر جاتیں وہ بھی اپنے ساتھ طرح طرح کے نذرانے لے جاتیں، ابن بطوطہ کی بیوی نذرانے میں ایک ترکی لونڈی لے گئی تھی۔
محل کے عہدہ دار
محل کے اندرآنے جانے میں بڑی سختی تھی، محل کا کلید بردار وکیل درکہلاتا، جس پر کوئی معزز درباری ہی مامور کیا جاتا اور اسی کی اجازت سے محل کا دروازہ کھلتا، وہ بیگمات شہزادوں، باورچی خانہ، شراب خانہ وغیرہ کا نگران اعلان ہوتا، بیگمات اور شہزادے اسی کے ذریعہ سے سلطان کی خدمت میں پیش کرتے، اسی لئے وہ بڑا بااثر اور بااقتدار عہدہ دار سمجھا جاتا، اس کے ماتحت نائب وکیل در اور بہت سے ملازم ہوتے۔
محل کے مختلف دروازوں پر پہرہ دار ہوتے، پہرہ داروں کے افسر کو پردہ دار کہا جاتا، اس عہدہ پر بھی امرا ہی مامور کئے جاتے، شاہی محل کے دروازہ پر کوئی واقعہ ہو جاتا تومتصدی اس کی بھی تفصیل لکھ لیتے، سلطان رات کے وقت ان تمام اندراجات کو روزانہ پڑھتا۔