آج کا دن

اسپیشل فیچر
''جیمنی4‘‘کی لانچنگ
''جیمنی 4‘‘ ناسا کے پروجیکٹ جیمنی میں دوسری خلائی پرواز تھی جو3 جون 1965ء میں ہوئی ۔اس پرواز میںخلاباز جیمز میک ڈیوٹ اور ایڈ وائٹ نے چار دنوں میں 66 بار زمین کا چکر لگایا۔ یہ سوویت ووسٹوک 5 کی پانچ روزہ پرواز کے قریب پہنچنے والی پہلی امریکی پرواز ہے۔ مشن کی خاص بات یہ تھی کہ اس پرواز کے دوران کسی بھی امریکی خلاء باز نے پہلی بار خلا میں چہل قدمی ( سپیس واک) کی۔ خلا باز وائٹ تقریباً 23 منٹ تک خلائی جہاز کے باہر رہا۔یہ پرواز پہلی امریکی پرواز تھی جس نے خلا میں بہت سے سائنسی تجربات کئے۔
Pemex حادثہ
میکسیکو کی سرکاری تیل کمپنی Pemex تیل کے حصول کیلئے 3 کلومیٹر گہرے کنویں کی کھدائی کر رہی تھی جب سوراخ کرنے والی رگ میں مٹی کی وجہ سے کچھ خرابی پیدا ہوئی۔جدید روٹری ڈرلنگ میں مٹی کو ڈرل پائپ کے نیچے رکھا جاتا ہے اس طریقہ کا مقصد شافٹ کے ذریعے دباؤ کو برابر کرنا ہوتا ہے تاکہ گیس باہر کی جانب نکل سکے۔رگ میں خرابی کی وجہ سے دباؤ زیادہ ہوا اور کنویں میں موجود تیل کو آگ لگ گئی۔اس حادثے کے نتیجے میں تقریباً30لاکھ بیرل تیل سمند میں گر گیا۔ اسے دنیا کی تاریخ میں پیٹرولیم انڈسٹری کا دوسرا بدترین حادثہ تصور کیا جاتا ہے۔
''نووگوروڈ معاہدہ‘‘
''نووگوروڈ‘‘ کے معاہدے پر 3 جون 1326ء کو نووگوروڈ میں دستخط کیے گئے۔ اس معاہدئے کے تحت دور شمالی علاقوں ناروے اور نوگوروڈین کے سرحدی علاقوں میں کئی دہائیوں سے لڑی جانے والی جنگ اختتام پذیر ہوئی۔اس معاہدے میں 10 سال کیلئے جنگ بندی کی شرائط رکھی گئیں۔ کچھ سال پہلے 1323ء میں جمہوریہ نوگوروڈ نے سویڈن کے ساتھ معاہدہ نوٹبرگ میں اپنا تنازع طے کر لیا تھا۔اس معاہدے میں سرحد کی وضاحت نہیں کی گئی تھی بلکہ یہ طے کیا گیا تھا کہ سامی قوم کا کونسا حصہ ناروے کا رہے گا اور کونسا نوگوروڈ کا، جس سے ملکوں کے درمیان ایک قسم کا بفر زون قائم ہو گیا۔
''آپریشن بلیو سٹار ‘‘
''آپریشن بلیو سٹار‘‘ ویسے تو یکم جون کو شروع ہوا لیکن اس کا باقاعدہ آغاز3جون 1984ء کو کیا گیا جو 10جون1984ء تک جاری رہا۔یہ بھارتی افواج کا مسلح آپریشن تھا جس میں دمدی ٹکسال کے رہنما جرنیل سنگھ بھنڈراں والے اور ان کے ساتھیوں کو امرتسر میں سکھ مذہب کے مقدس ترین مقام گولڈن ٹیمپل سے نکالنے کیلئے کیا گیا۔آپریش شروع کرنے کی اجازت اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی نے دی تھی۔ جولائی1982ء میں سکھ پارٹی شرومنی اکالی دل کے صدر ہرچند سنگھ لونگووال نے حکومتی گرفتاری سے بچنے کیلئے بھنڈراںوالے کو گولڈن ٹیمپل میں رہائش اختیار کرنے کی دعوت دی تھی۔