آج کا دن
اسپیشل فیچر
خون عطیہ کرنے کا عالمی دن
ہر سال 14جون کوخون عطیہ کرنے کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ جس کا مقصد خون کی محفوظ منتقلی کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے ساتھ ان افراد کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جو اپنا خون دوسروں کی زندگی بچانے کیلئے عطیہ کرتے ہیں۔دراصل یہ دن کارل لینڈسٹائنر کی یاد میں منایا جاتا ہے جس نے خون کے گروپ دریافت کرنے کے ساتھ اس تھیوری کی بنیاد رکھی تھی کہ ایک جیسے بلڈ گروپ آپس میں ملائے جا سکتے ہیں۔ کارل کی اس تھیوری کی بنا پر ایک ہی گروپ کے خون کو ملانے کا کامیاب تجربہ 1907ء میں نیویارک میں کیا گیا۔
برطانیہ میں بدترین آتشزدگی
14 جون 2017ء کو ویسٹ لندن میں واقع 24منزلہ رہائشی عمارت گریفل ٹاور میں آگ بھڑک اٹھی۔اس خوفناک حادثے میں 72افراد ہلاک ،70زخمی جبکہ223افراد اپنی جان بچانے میں کامیاب رہے۔ یہ 1988ء کے پائپر الفا آئل پلیٹ فارم کی تباہی کے بعد برطانیہ میں سب سے مہلک آتشزدگی تھی جبکہ دوسری جنگ عظیم کے بعد برطانیہ میں لگنے والی سب سے بدترین رہائشی آگ تھی۔ تحقیقات میں معلوم ہوا کہ آگ چوتھی منزل پر موجود فریج میں خرابی کی وجہ سے لگی۔آگ تقریباً60گھنٹے تک لگی رہی، لندن فائر بریگیڈ کے 250 سے زیادہ فائر فائٹرز اور 70 فائر انجن آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں شامل تھے۔
امریکہ کا ''یوم پرچم‘‘
ریاستہائے متحدہ امریکہ میں 14 جون کو ''یوم پرچم‘‘ منایا جاتا ہے۔ یہ دن 14 جون 1777ء کو دوسری کانٹی نینٹل کانگریس کی قرارداد کے ذریعے ریاست ہائے متحدہ کے جھنڈے کو اپنانے کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ بہت سی ریاستوں میں کافی عرصے تک یہ دن نہیں منایا جاتا تھا لیکن جیسے جیسے امریکہ کی ریاستوں میں پرچم کو اپنا یا جاتا رہا اس کے ساتھ ساتھ یہ دن بھی وہاں منایا جانے لگا۔ویسے تو تمام اقوام اپنے جھنڈے سے عقیدت رکھتی ہیں لیکن امریکہ رہائشی یوم آزادی کے علاوہ عام حالات میں بھی اپنے گھر کے باہر جھنڈا لگا کر رکھتے ہیں۔