کیا کالے تِل واقعی صحت کیلئے زیادہ مفید ہیں؟
اسپیشل فیچر
سوشل میڈیا کے دعوئوں اور سائنسی حقائق کا جائزہ
حالیہ برسوں میں سوشل میڈیا پر مختلف غذاؤں کو ''سپر فوڈ‘‘ کے طور پر پیش کرنے کا رجحان تیزی سے بڑھا ہے۔ انہی میں ایک نئی غذا کالے تل بھی ہیں جن کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ سفید تل کے مقابلے میں زیادہ فائدہ مند ہیں، بلڈ پریشر کم کرتے ہیں، دل کی بیماریوں سے بچاتے ہیں اور حتیٰ کہ سفید بالوں کو دوبارہ سیاہ بھی کر سکتے ہیں۔ مگر سوال یہ ہے کہ کیا واقعی سائنس ان دعوؤں کی تائید کرتی ہے؟
کالے تل کیا ہیں؟
تل ایک قدیم غذائی جزو ہے جو صدیوں سے ایشیائی کھانوں میں استعمال ہو رہا ہے۔ یہ سفید اور کالے رنگوں میں پایا جاتا ہے۔ ذائقے کے اعتبار سے کالے تل ہلکی سی خوشبودار اور مغزی ذائقہ رکھتے ہیں اور انہیں میٹھے اور نمکین دونوں قسم کے کھانوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔ غذائیت کے لحاظ سے تل ایک توانائی سے بھرپور غذا ہے۔ ان میں تقریباً 50 سے 64 فیصد تک چکنائی ہوتی ہے جس کی وجہ سے ان سے تیل بھی حاصل کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ پروٹین، کاربوہائیڈریٹس اور مختلف وٹامنز اور معدنیات کا بھی اچھا ذریعہ ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بعض غذائی اجزاکالے تل میں سفید تل کے مقابلے میں زیادہ پائے جاتے ہیں۔ مثال کے طور پر ان میں چکنائی، پروٹین اور کئی معدنیات کی مقدار قدرے زیادہ ہوتی ہے، اسی وجہ سے انہیں بعض لوگ زیادہ صحت بخش سمجھتے ہیں۔
اینٹی آکسیڈنٹس اور صحت
انسانی جسم میں روزمرہ کے عمل جیسے سانس لینے، حرکت کرنے اور سورج کی شعاعوں کے اثر سے فری ریڈیکلز بنتے ہیں۔ یہ نقصان دہ مرکبات خلیوں، پروٹین اور ڈی این اے کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔تل میں ایسے کیمیائی مرکبات پائے جاتے ہیں جنہیں اینٹی آکسیڈنٹس کہا جاتا ہے۔ یہ مرکبات فری ریڈیکلز کو بے اثر کرکے جسم کو ممکنہ نقصان سے بچاتے ہیں۔ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ کالے تل میں فینولز اور لِگنین نامی اینٹی آکسیڈنٹس سفید تل کے مقابلے میں زیادہ مقدار میں موجود ہوتے ہیں۔ ایک اہم مرکب سیسامِن (Sesamin) بھی تل میں پایا جاتا ہے۔ لیبارٹری اور جانوروں پر ہونے والی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ اس میں اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات موجود ہیں اور یہ کولیسٹرول اور بلڈ پریشر کم کرنے میں مددگار ہو سکتا ہے۔ تاہم سائنسدانوں کے مطابق ان تجربات کے نتائج کو براہ راست انسانوں پر لاگو کرنا ابھی قبل از وقت ہے۔
کچھ سائنسی مطالعات میں تل کے ممکنہ فوائد کا جائزہ لیا گیا ہے۔ ایک جائزے میں چھ مختلف مطالعات کے 465 افراد کے نتائج کا تجزیہ کیا گیا۔ اس میں دیکھا گیا کہ تل کے استعمال سے جسمانی وزن کے اشاریے (BMI)، بلڈ پریشر اور کولیسٹرول میں کچھ کمی دیکھی گئی۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ان مطالعات میں کئی کمزوریاں موجود تھیں، اس لیے سائنسدانوں نے ان نتائج کو حتمی قرار دینے سے گریز کیا اور مزید مضبوط تحقیق کی ضرورت پر زور دیا۔ ایک چھوٹی تحقیق میں کالے تل کے کیپسول چار ہفتے تک استعمال کرنے سے ہلکے بلند بلڈ پریشر والے افراد میں سسٹولک بلڈ پریشر میں کچھ کمی دیکھی گئی مگر یہ نتیجہ بھی محدود پیمانے پر حاصل ہوا۔
کیا کالے تل سفید بال سیاہ کر سکتے ہیں؟
سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ مشہور دعویٰ یہی ہے کہ کالے تل سفید بالوں کو دوبارہ سیاہ بنا سکتے ہیں لیکن موجودہ سائنسی تحقیق اس بات کی تائید نہیں کرتی۔ ماہرین کے مطابق اب تک ایسی کوئی معتبر تحقیق سامنے نہیں آئی جس میں ثابت ہو کہ کسی خاص غذا یا سپلیمنٹ سے سفید بال دوبارہ سیاہ ہو سکتے ہیں۔ سائنسی شواہد کے مطابق کالے تل ایک غذائیت سے بھرپور غذا ضرور ہیں تاہم انہیں کسی جادوئی دوا یا ''سپر فوڈ‘‘ کے طور پر پیش کرنا درست نہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ چونکہ ہم عموماً تل بہت کم مقدار میں کھاتے ہیں مثلاً سالن، روٹی یا میٹھے پر چھڑک کر،اس لیے کالے اور سفید تل کے درمیان فرق سے صحت پر کوئی بڑا اثر نہیں پڑتا۔ اصل اہمیت متوازن اور متنوع غذا کی ہے جس میں مختلف غذائی اجزا شامل ہوں۔ اگر آپ کو کالے تل کا ذائقہ پسند ہے تو انہیں اپنی غذا میں شامل کیا جا سکتا ہے لیکن سفید بالوں کو سیاہ کرنے یا بیماریوں کے مکمل علاج کی توقع رکھنا حقیقت پسندانہ نہیں۔