آج کا دن
اسپیشل فیچر
کولمبیا خلائی شٹل کی لانچنگ
''کولمبیا خلائی شٹل‘‘ ناسا کی مدد سے بھیجی جانے والی خلائی شٹل تھی۔'' کولمبیا ‘‘خلا میں اڑان بھرنے والی پانچ خلائی شٹلز میں سے پہلی تھی۔ اپریل 1981ء میں اس شٹل نے اپنی پہلی پرواز پر خلائی شٹل لانچ وہیکل کا آغاز کیا۔اپنے 22سالہ آپریشن کے دوران کولمبیا نے خلائی شٹل پروگرام کے تحت28مشن مکمل کئے۔اس دوران اس نے خلا میں 300دن گزارے اور زمین کے گرد4ہزار سے زائد مدار مکمل کئے۔
چین میں بدترین آتشزدگی
1894ء میں چین کے سب سے بڑے شہر اور تجارتی مرکز شنگھائی میں ہزاروں عمارتوں کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں لاکھوں افراد بے گھر جبکہ ہزاروں کی تعداد میں جاں بحق ہوئے۔ اس حادثے کو چین کی تاریخ کے بدترین حادثات میں شمار کیا جاتا ہے کیونکہ اس سے پہلے اوربعد میں اتنے بڑے پیمانے پر چین میں کھی آگ نہیں لگی ۔
فن لینڈ :سرکاری کرنسی متعارف
1860ء میں فن لینڈ کے مختلف علاقوں میں فنش مارکا کو سرکاری کرنسی کے طور پر متعارف کرایا گیا۔ یہ اعلان اس دور میں ایک اہم معاشی پیش رفت سمجھا جاتا تھا، کیونکہ اس سے پہلے فن لینڈ میں مختلف غیر ملکی کرنسیاں رائج تھیں۔ نئی کرنسی کے نفاذ کا مقصد معیشت کو مستحکم کرنا اور مالیاتی نظام کو منظم بنانا تھا۔ اس اقدام نے نہ صرف تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیا بلکہ فن لینڈ کی قومی شناخت کو بھی مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
''عالم نسواں‘‘ جریدہ کا آغاز
4 اپریل 1913ء کو سلطنت عثمانیہ میں پہلی بار ''عالم نسواں‘‘ نامی ایک جریدہ شائع کیا گیا۔ اس جریدے کا مقصد حقوق نسواں اور ان کی شخصی آزادی کو فروغ دینا اور ان کی سماجی زندگی کو پروان چڑھانا تھا۔اس دور میں سلطنت عثمانیہ اپنے مشکل ترین دور سے گزر رہی تھی۔ حقوق نسواں پر زور دینا بھی انہی اقدامات میں سے ایک تھا تاکہ سلطنت کا ایک بہتر چہرہ دنیا کو دکھایا جا سکے۔
مارٹن لوتھرکنگ جونیئر کا قتل
1968 ء میں آج کے دن سیاہ فام امریکی پادری اورمساوی حقوق کے علمبردار مارٹن لوتھر کنگ جونیئر کو قتل کیاگیا۔مارٹن لوتھر کنگ جونیئر نے اپنی تمام زندگی سیاہ فام امریکیوں کے مساوی حقوق کیلئے جدو جہد کرتے ہوئے گزار دی۔ مارٹن عدم برداشت اور نسل پرستانہ نظریات کے شدید مخالف تھے۔اس جدو جہد کے دوران مارٹن لوتھر کنگ جونیئر نے خود بھی بہت سی مشکلات اٹھائیں ،کبھی انہیں قید کیا گیا تو کبھی قتل کرنے کی دھمکی دی گئی ۔ 1964ء میں انہیں اپنی جدو جہد کی بدولت نوبل امن انعام سے بھی نوازا گیا۔
ورلڈ ٹریڈ سنٹر کا افتتاح
1973ء میں نیویارک شہر میں واقع ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے جڑواں ٹاورز (ٹوئن ٹاورز) کا باضابطہ طور پر افتتاح کیا گیا۔ یہ عظیم الشان عمارتیں اس وقت دنیا کی بلند ترین عمارتوں میں شمار ہوتی تھیں اور جدید تعمیراتی مہارت کا شاہکار سمجھی جاتی تھیں۔ ان ٹاورز کا مقصد عالمی تجارت کو فروغ دینا اور کاروباری سرگرمیوں کیلئے ایک مرکزی مقام فراہم کرنا تھا۔ افتتاح کے بعد یہ عمارتیں نہ صرف نیویارک کی پہچان بن گئیں بلکہ عالمی سطح پر بھی معاشی سرگرمیوں کی علامت قرار پائیں، جہاں دنیا بھر سے لوگ تجارت اور کاروبار کیلئے آتے تھے۔