آج کا دن
اسپیشل فیچر
امریکی آئین کی توثیق
امریکہ نے 1776ء میں آزادی حاصل کی، ابتدائی طور پر وہ ''آرٹیکل آف کنفیڈریشن‘‘ کے تحت ایک کمزور وفاقی ڈھانچے پر قائم تھا، جس میں مرکزی حکومت کے پاس محدود اختیارات تھے۔مرکزی حکومت کے پاس محصولات جمع کرنے کا اختیار نہیں تھا،قانون سازی اور فیصلوں میں ریاستوں کے درمیان اختلاف تھا،دفاع، تجارت اور کرنسی کے مسائل تھے۔ان چیلنجز کے باعث 1787ء میں ایک مضبوط وفاقی آئین تیار کیا گیا۔21 جون 1788ء کو نیو ہیمپشائر نویں ریاست بنی جس نے اس نئے آئین کی توثیق کی۔آئین کی منظوری کیلئے کم از کم 9 ریاستوں کی توثیق ضروری تھی ۔نیو ہیمپشائر کی توثیق کے بعد یہ شرط پوری ہو گئی اور امریکی آئین باضابطہ طور پر نافذ ہو گیا۔
اٹلی کا فرانس پر حملہ
21جون1940 ء کو اٹلی نے دوسری عالمی جنگ کے دوران فرانس پر حملہ کیا جو کامیاب نہ ہو سکا۔اس جنگ کو ''الپس کی جنگ‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔یہ دوسری عالمی جنگ کے دوران اٹلی کی پہلی بڑی لڑائی تھی اور فرانس کیلئے یہ آخری بڑی لڑائی ثابت ہوئی۔جنگ میں اٹلی کی شمولیت کی وجہ سے اس کا دائرہ کار اور وسیع ہو گیا۔اٹلی کا مقصد فرانس کا تسلط ختم کرنا اور ان علاقوں کو واپس حاصل کرنا تھا جن پر اٹلی کی حکمرانی تھی۔اٹلی کا یہ حملہ کامیاب نہ ہوسکا لیکن دوسری عالمی جنگ پر اس کے بہت گہرے اثرات مرتب ہوئے ۔ بہت سے ایسے علاقے جو جنگ کی زد میں نہیں تھے وہ بھی جنگ میں شامل ہو گئے اور کئی نئے محاذ کھول دیئے گئے۔
کینیڈا کی پہلی خاتون وزیراعظم
21جون 1957ء میں کینیڈا کی سیاستدان کو ایلن لوکس فیئرکلو نے پہلی خاتون وزیر ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔یہ کینیڈا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تھا کہ کسی خاتون کو کابینہ میں شامل کیا گیا تھا۔ایلن لوکس 1950ء سے 1963ء تک کینیڈا کے ہاؤس آف کامنز کی رکن رہیں۔ ایلن28جنوری 1905ء کو پیدا ہوئیں،پیشے کے اعتبار سے ایک چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ تھیں اور ایک اکاؤنٹنگ فرم بھی چلا رہی تھیں۔ایلن نے ممبر پارلیمنٹ کی حیثیت سے اپنے انتخاب سے قبل کینیڈا کی گرل گائیڈز کی ایگزیکٹو رکن کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
پلانک روڈ کی جنگ
21جون 1864ء کو پیٹرزبرگ ورجینیا کے قریب ایک لڑائی لڑی گئی۔یہ امریکی خانہ جنگی کے دوران محدود پیمانے پر لڑی جانے والی جنگ تھی۔یہ پیٹرز برگ کے محاصرے کے دوران شروع ہونے والی لڑائیوں میں سے تھی جس کا مقصدیونین افواج کے محاصرے کو بڑھانا اور پیٹرز برگ کو سپلائی پہنچانے والی ریلوے لائنوں کو کاٹنا تھا۔پوٹومیک کی یونین فوج کی دو انفنٹری کورز نے ریل روڈ کو توڑنے کی کوشش بھی کی لیکن شمالی ورجینیا کی تھرڈ کور کی کنفیڈریٹ فوج نے حملہ کر کے انہیں پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا لیکن یونین فوج نے محاصرے کے دباؤ کو بڑھاتے ہوئے اپنے قلعوں کو مغرب تک پھیلانا شروع کر دیا۔