آج کا دن
اسپیشل فیچر
گلیلیو پر مقدمہ ختم ہوا
1633ء میں آج کے روز مشہور اطالوی ماہرِ فلکیات، ریاضی دان اور طبیعیات دان گلیلیو گلیلی پر قائم مقدمہ ختم ہوا۔ گلیلیو نے کاپر نیکس (Copernicus) کے اس نظریے کی حمایت کی تھی کہ زمین سورج کے گرد گھومتی ہے، نہ کہ سورج زمین کے گرد۔ یہ نظریہ اس وقت کے رومن کیتھولک چرچ کے تعلیمات کے برخلاف تھا، جو زمین کو کائنات کا مرکز تصور کرتا تھا۔ گلیلیونے چرچ کے دباؤ پر اپنے نظریے سے توبہ کی اور چرچ نے انہیں نظر بند کر دیا۔
افغان پارلیمنٹ پر حملہ
22جون 2015ء کو کابل میں افغان پارلیمنٹ پر حملہ ہوا،دہشت گردوں نے قومی اسمبلی کے باہر کار بم دھماکہ کیا اور اس کے بعد جدید اسلحے کی مدد سے پارلیمنٹ کی عمارت پر حملہ آور ہوئے۔اس حملے میں دو شہری جبکہ سات حملہ آور مارے گئے۔حملہ آور سکیورٹی کو چکمہ دینے میں کامیاب رہے اور بارود سے بھری گاڑی پارلیمنٹ ہاؤس تک لے گئے۔تحقیقاتی رپورٹس کے مطابق حملے میں ایک خاتون اور بچہ جاں بحق ہوئے جبکہ40سے زائد شہری شدید زخمی ہوئے۔ یہ حملہ امریکہ کے افغانستان سے انخلاء کے اعلان کے بعد ہوا۔تحقیقاتی اداروں نے بتایا کہ حملہ آوروں کے پاس جدید ہتھیار موجود تھے جس کی وجہ سے انہیں عمارت کے اندر داخل ہونے میں آسانی ہوئی۔
ایران میں شدید زلزلہ
22جون2002ء مین بوئن رہرامیں شدید زلزلہ آیا۔اس کا مرکز شمال مغربی ایران کا ایک علاقہ صوبہ قزوین کے شہر بوئن زہرا کے قریب تھا ۔یہ علاقہ فالٹ لائن پر موجود ہے او ر زلزلے کے صورت میں تباہی کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔ زلزلے کی شدت6.5تھی اور اس کے بعد 20سے زیادہ آفٹر شاکس محسوس کئے گئے۔اس خوفناک زلزلے میں230افراد ہلاک جبکہ1500سے زائد زخمی ہوئے۔انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ارتھ کوئیک انجینئرنگ اینڈ سیسمولوجی (IIEES) کے مطابق، زلزلے کے جھٹکے دارالحکومت تہران کے مرکز سے تقریباً 290کلومیٹر مشرق میں بھی محسوس کیے گئے لیکن وہاں کسی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ٹرین حادثہ
ہیمنڈ سرکس ٹرین حادثہ 22 جون 1918ء کو پیش آیا اور یہ امریکی تاریخ کے بدترین حادثات میں سے ایک تھا۔ اس حادثے میں86افراد ہلاک جبکہ127زخمی ہوئے۔ٹرین حادثے کی وجہ یہ بتائی گئی کہ اس کا ڈرائیور سو گیا جس کی وجہ سے سامنے کھڑی ٹرین کے ساتھ یہ حادثہ پیش آیا، اس ٹرین میں سرکس کے400سے زیادہ فنکار موجود تھے۔ ٹرین میں عام لوگ بھی سوار تھے لیکن زیادہ تعداد ان کی تھی جو سرکس کا حصہ تھے یا سرکس دیکھنے کیلئے دوسرے شہر کی جانب سفر کر رہے تھے۔تحقیقاتی رپورٹ میں حادثے کا ذمہ دار انسانی لاپرواہی کو ٹھہرایا گیا۔
آپریشن بارباروسا
نازی جرمنی نے دوسری عالمی جنگ کے دوران22جون1941ء کو اپنے اتحادیوں سمیت سوویت یونین پر حملہ کیا۔اس حملے کو ''آپریشن بارباروسا‘‘ کا نام بھی دیا گیا۔اس حملے کا مقصدمغربی سوویت یونین کو دوبارہ جرمنی کے ساتھ آباد کرنا تھا۔ جرمن جنرل پلان اوسٹ کا مقصد قفقاز کے تیل کے ذخائر کے ساتھ ساتھ مختلف سوویت علاقوں کے زرعی وسائل کو حاصل کرتے ہوئے لوگوں کو جبری مشقت کے طور پر استعمال کرنا بھی تھا۔