ایئر ڈیفنس سسٹم کیسے کام کرتا ہے؟

اسپیشل فیچر
دنیا میں جدید جنگوں کی نوعیت بدل چکی ہے۔ اب میدانِ جنگ صرف زمین تک محدود نہیں رہا بلکہ فضا، خلا اور سائبر سپیس بھی جنگی حکمت عملیوں کا اہم حصہ بن چکی ہیں۔ اسی تناظر میں ایئر ڈیفنس سسٹم کسی بھی ملک کی سلامتی کا ایک ناگزیر جزو بن چکا ہے۔ یہ سسٹم دشمن کے فضائی حملوں کو روکنے، میزائلوں، ڈرونز، جنگی طیاروں اور دیگر فضائی خطرات کو تباہ کرنے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔
ایئر ڈیفنس سسٹم کیسے
کام کرتا ہے
ایئر ڈیفنس سسٹم دراصل ایک جامع دفاعی نظام پر مشتمل ہوتا ہے جو زمین سے فضا میں آنے والے کسی بھی خطرے کی بروقت شناخت، سراغ رسانی، تعاقب اور تباہی کے لیے کام کرتا ہے۔ اس نظام میں مختلف ٹیکنالوجیز شامل ہوتی ہیں:
ریڈار سسٹم: جو فضا میں موجود اشیا(جیسا کہ طیارے، میزائل، ڈرونز) کی نشاندہی کرتا ہے۔
کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم: جو خطرے کا تجزیہ کرتا ہے اور دفاعی اقدامات کے لیے ہدایات جاری کرتا ہے۔
میزائل یا راکٹ: جو نشانے پر فائر کئے جاتے ہیں اور دشمن کی فضائی قوت کو تباہ کرتی ہیں۔
ایئر ڈیفنس سسٹمز کو دو اقسام میں تقسیم کیا جا سکتا ہے!
شارٹ رینج سسٹمز: یہ عام طور پر قریبی خطرات جیسے ڈرونز یا لو فضا میں پرواز کرنے والے میزائلوں کے خلاف استعمال ہوتے ہیں۔
لانگ رینج سسٹمز: یہ سینکڑوں کلومیٹر دور سے آنے والے بیلسٹک میزائل یا جنگی طیاروں کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔
دنیا کے بڑے اور مشہور ایئر ڈیفنس سسٹمز۔ ایس400 ٹریومف،روس
ایس400 دنیا کا سب سے جدید اور خطرناک ائئر ڈیفنس سسٹم مانا جاتا ہے۔ یہ سسٹم روس نے تیار کیا ہے اور اس کی خاص بات یہ ہے کہ یہ ایک وقت میں 36 اہداف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ اس کی رینج 400 کلومیٹر تک ہے اور یہ 30 کلومیٹر بلندی تک اہداف کو نشانہ بناسکتا ہے۔چین ، ترکی اور بھارت نے یہ نظام خریدا ہے۔معرکۂ حق کے دوران افواج پاکستان کی کارروائی میں اس ائیر ڈیفنس سسٹم کو بھی تباہ کیا گیا تھا جو کہ اپنی نوعیت کا ایک الگ کارنامہ ہے۔
پیٹریاٹ، امریکہ
امریکی ساختہ پیٹریاٹ سسٹم 1980ء کی دہائی سے استعمال کیا جارہا ہے۔ یہ سسٹم خاص طور پر بیلسٹک میزائلوں اور طیاروں کے خلاف مؤثر ہے۔ سعودی عرب، جاپان ، اسرائیل اور دیگر ممالک میں یہ سسٹم تعینات ہے۔
آئرن ڈوم، اسرائیل
یہ سسٹم اسرائیل نے تیار کیا ہے اور وہی اسے استعمال کرتا ہے۔ یہ مختصر فاصلے پر داغے جانے والے راکٹ اور مارٹر گولوں کو روکنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ آئرن ڈوم کو ایک تیز ردعمل دینے والا سسٹم مانا جاتا ہے تاہم حالیہ دنوں ایران کے میزائلوں کے خلاف بارہا اس سسٹم کی ناکامی ثابت ہوئی ہے۔
THAAD،امریکہ
THAAD (Terminal High Altitude Area Defense )سسٹم
امریکی ڈیفنس کمپنی لاک ہیڈ مارٹن نے تیار کیا تھا۔ یہ بیلسٹک میزائلوں کو ان کے ٹرمینل فیز میں یعنی جب وہ زمین کے قریب آ رہے ہوں،مار گرانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کی رینج 200 کلومیٹر سے زائد ہے۔
HQ-9،چین
یہ چینی ایئر ڈیفنس سسٹم روسی ایس300 کا متبادل ہے۔ یہ سسٹم درمیانے اور طویل فاصلے کے اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ چین نے اسے پاکستان، ترکمانستان اور دیگر اتحادی ممالک کو فراہم کیا ہے۔
باراک 8
یہ زمین سے فضا میں مار کرنے والا میزائل سسٹم بھارت اور اسرائیل کا تیار کردہ ہے جو خاص طور پر بحری جنگی جہازوں کے تحفظ کے لیے بنایا گیا ہے۔ یہ 100 کلومیٹر فاصلے تک کے فضائی خطرات کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
پاکستان کا ایئر ڈیفنس سسٹم
پاکستان ایئر ڈیفنس کے حوالے سے خاصا متحرک ہے۔ پاکستان آرمی ایئر ڈیفنس کمانڈ پاک فضائیہ کے ساتھ مل کر مختلف سسٹمز پر کام کر رہی ہے۔ پاکستان کے اہم سسٹمز میں چینی HQ-9، LY-80 (میڈیم رینج) اور خود تیار کردہ ہتھیار شامل ہیں۔ پاکستان نے حالیہ برسوں میں FD-2000 جیسے جدید چینی سسٹمز بھی حاصل کیے ہیں۔
مستقبل کے ایئر ڈیفنس سسٹمز
دنیا بھر میں ایئر ڈیفنس کی سمت تیزی سے بدل رہی ہے۔ اب ہائپرسانک میزائلز، سٹیلتھ ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے استعمال سے فضائی دفاع مزید پیچیدہ ہو چکا ہے۔ امریکہ اور چین جیسے ممالک لیزر ڈیفنس سسٹمز پر بھی کام کر رہے ہیں جو روشنی کی رفتار سے اہداف کو تباہ کر سکتے ہیں۔بلا شبہ ایئر ڈیفنس سسٹمز آج کے دور کی جنگی حکمت عملیوں کا ایک اہم ستون بن چکے ہیں۔ چاہے وہ کسی ملک کی سرحدی حفاظت ہو یا شہری آبادیوں کا دفاع، ان کا کردار ناقابلِ انکار ہے۔ جیسے جیسے دنیا میں ٹیکنالوجی ترقی کر رہی ہے، ویسے ویسے ان سسٹمز کی اہمیت اور افادیت بڑھتی جا رہی ہے۔ ہر ملک اپنی دفاعی ضروریات کے مطابق ایئر ڈیفنس میں سرمایہ کاری کر رہا ہے تاکہ کسی بھی فضائی حملے کا مؤثر اور فوری جواب دیا جا سکے۔