آج کا دن
اسپیشل فیچر
ورجینیا میں پہلی نمائندہ اسمبلی
30جولائی 1619ء کو ورجینیا ( امریکہ) میں پہلی مرتبہ ایک انتخابی نمائندہ اسمبلی منعقد ہوئی۔ یہ نہ صرف امریکا کی پہلی منتخب اسمبلی تھی بلکہ یورپ کے بعد پہلی مرتبہ نئی دنیا میں عوامی نمائندگی کا قیام بھی تھا ۔ اس اسمبلی کا اجرالندن کمپنی کی ہدایت پر کیا گیا تاکہ مقامی بستیوں کے آزاد شہری اپنے رہنماؤں کو منتخب کر سکیں۔ اس اقدام نے نوآبادیاتی آمریت کے خلاف ایک سیاسی تبدیلی کی بنیاد رکھی جس نے امریکی انقلاب اور آئندہ حکومتوں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔ اس اسمبلی نے قانون سازی، ٹیکسز کی منظوری اور لوکل معاملات پر تبادلہ خیال اور عوامی نمائندگی کو ایک حقیقی پلیٹ فارم فراہم کیا جو بعد میں امریکہ میں ڈیموکریسی کے تصور کی شروعات ثابت ہوا۔
پہلا فیفا ورلڈ کپ
30جولائی1930ء کو یوروگوئے میں پہلا فیفا ورلڈ کپ منعقد ہوا، جس میںیوروگوئے نے ارجنٹائن کو فائنل میں 4-2 سے شکست دے کر پہلا عالمی چیمپئن ٹائٹل اپنے نام کیا ۔ یہ ٹورنامنٹ عالمی فٹبال میں انقلاب لے آیاکیونکہ پہلے کبھی پورے دنیا کے ممالک نے باقاعدہ مقابلے نہیں کیے تھے۔ اکیسویں صدی میں بھی فٹبال ورلڈ کپ کو دنیا کا سب سے بڑا کھیل کا مقابلہ سمجھا جاتا ہے ، اس کی بنیاد یہی 1930 ء والا ایونٹ تھا۔ آج بھی ہر چار سال بعد یہ باقاعدہ منعقد ہوتا ہے جس میں کروڑوں شائقین شریک ہوتے ہیں ۔
انڈیانا پولس ڈوب گیا
30جولائی1945 ء کوامریکی بحریہ کا جہاز یو ایس ایس انڈیانا پولس Tinian جزیرے پر ایٹم بموں کے اجزاپہنچانے کے بعد واپس آ رہا تھا کہ جاپانی آبدوز نے اسے نشانہ بنایا اور جہاز چند منٹوں میں غرق ہو گیا ۔ تقریباً 1196 افراد جہاز پر سوار تھے جن میں سے صرف 316 زندہ بچ سکے۔ باقی مسافر شارک کے حملوں، بھوک اور پیاس سے ہلاک ہو گئے۔ یہ واقعہ دوسری عالمی جنگ کی آخری محاذ آرائیوں میں شمار ہوتا ہے۔اس جہاز نے ہیروشیما میں استعمال ہونے والے ایٹمی بم کی تیاری میں بنیادی کردار ادا کیا تھا۔
میڈی کیئر پروگرام کا نفاذ
1965ء میں آج کے دن امریکی صدرلنڈن بی جانسن نے سوشل سکیورٹی ایکٹ میں ترامیم پر دستخط کیے جن کے نتیجے میں Medicare اور Medicaid کا قیام عمل میں آیا ۔ میڈی کیئر امریکہ کے بزرگ شہریوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے والا پروگرام تھا جبکہ میڈی کیڈ کم آمدنی والے افراد اور خاندانوں کو صحت کی سہولت فراہم کرتا تھا۔ یہ قانون امریکی تاریخ میں ایک سنگ میل سمجھا جاتا ہے جس نے یکساں اور وفاقی سطح پر صحت عامہ کی دیکھ بھال کیلئے مضبوط نظام قائم کیا۔
ڈیکا تھلون میں سونے کا تمغہ
1976ء میں آج کے روز مونٹریال اولمپکس میںجینر بروس نے دس کھیلوں پر مشتمل ڈیکا تھلون مقابلے میں 8618 پوائنٹس کے ساتھ دنیا کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ۔ یہ فتح نہ صرف ایک عالمی سطح کی انفرادی کامیابی تھی بلکہ ڈیکا تھلون میں برتری کی علامت بھی بنی ۔ اس کامیابی نے جینر بروس کو بین الاقوامی شہرت عطا کی اوراس کے بعد وہ باکس آفس اور میڈیا میں بھی سرگرم رہی۔ جینر بروس کا یہ ریکارڈ طویل عرصہ تک برقرار رہا اور اسے ایک عظیم اولمپک لمحہ تصور کیا جاتا ہے جو آج بھی یاد رکھا جاتا ہے۔