آج کا دن
اسپیشل فیچر
ہیروشیما پر ایٹمی حملہ
6 اگست 1945 ء کو امریکہ نے جاپان کے شہر ہیروشیما پر دنیا کا پہلا ایٹمی حملہ کیا۔ امریکی بمبار طیارے اینولا گے نے لٹل بوائے نامی یورینیم بم شہر کے وسط میں گرایا۔ یہ بم مقامی وقت کے مطابق صبح سوا 8 بجے پھٹا اور ایک لمحے میں شہر کو راکھ میں بدل دیا۔ دھماکے اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی شدید حرارت سے تقریباً 70 ہزارافراد فوراً ہلاک ہو گئے جبکہ آنے والے مہینوں میں تابکاری کے اثرات سے مزید ہزاروں لوگ جان کی بازی ہار گئے۔ ہیروشیما پر حملہ انسانی تاریخ کا ایک ایسا المیہ ہے جس نے دنیا کو ایٹمی ہتھیاروں کی تباہ کن قوت کا عملی مظاہرہ دکھایا۔
بولیویا کی آزادی
6 اگست 1825ء کو بولیویا نے ہسپانوی نوآبادیاتی حکمرانی سے آزادی حاصل کی۔ اس دن کو بولیویا میں یومِ آزادی کے طور پر منایا جاتا ہے۔ لاطینی امریکہ میں آزادی کی تحریکوں کا آغاز 19ویں صدی کے اوائل میں ہوا اور اس تحریک میں سیمون بولیوار نے اہم کردار ادا کیا، جن کے نام پر ملک کا نام بولیویارکھا گیا۔ آزادی سے قبل یہ خطہ اَپر پیرو کہلاتا تھا ۔آزادی کی جدوجہد میں مقامی عوام، کسانوں اور آزادی پسند رہنماؤں نے ہسپانوی فوج کے خلاف طویل لڑائیاں لڑیں۔ بالآخر 1824 کی جنگِ آیاکوچو میں آزادی پسندوں کی فتح کے بعد 1825 میں آزادی کا اعلان کیا گیا۔
کیوریاسٹی مریخ پر اترا
6 اگست 2012ء کو امریکی خلائی ادارے ناسا کا تحقیقاتی روبوٹ کیوریاسٹی کامیابی سے مریخ کی سطح پر اترا۔ اس مشن کا مقصد مریخ کی جغرافیائی ساخت، آب و ہوا اور زندگی کے آثار کی تلاش کرنا تھا۔ کیوریاسٹی روور کا وزن تقریباً ایک ٹن اور لمبائی تین میٹر تھی۔ اس میں جدید آلات نصب کیے گئے تھے جن میں کیمرے، کیمیکل اینالائزر، ڈرلنگ مشین اور دیگر تحقیقی آلات شامل تھے۔ اس مشن کی خاص بات یہ تھی کہ اسے سکائی کرین سسٹم کے ذریعے مریخ کی سطح پر اتارا گیا جو خلائی تحقیق میں ایک نیا اور کامیاب تجربہ ثابت ہوا۔ اترنے کے بعد روور نے مریخ سے قیمتی تصاویر اور ڈیٹا بھیجا ۔ یہ کامیابی خلا کی تسخیر میں ایک بڑا قدم تھی اور آج بھی کیوریاسٹی مریخ پر تحقیق جاری رکھے ہوئے ہے۔
ووٹنگ رائٹس ایکٹ
6 اگست 1965ء کو امریکی صدر لنڈن بی جانسن نے ووٹنگ رائٹس ایکٹ پر دستخط کیے۔ اس قانون کا مقصد نسل رنگ یا زبان کی بنیاد پر ووٹ کے حق سے محروم کرنے والے امتیازی قوانین کا خاتمہ تھا۔ اس کی ضرورت اس لیے پیش اس ایکٹ کے تحت وفاقی حکومت کو اختیار ملا کہ جہاں ووٹ کا حق دبایا جا رہا ہو وہاں مداخلت کرے ۔ اس قانون کے نفاذ کے بعد جنوبی ریاستوں میں سیاہ فام ووٹر رجسٹریشن میں نمایاں اضافہ ہوا اور ان کی سیاسی نمائندگی میں بھی ترقی ہوئی۔