ریان صدیقی مائیکروسافٹ کا کم عمر ترین انجینئر، گنیز بک میں نام شامل
اسپیشل فیچر
بہت سے لوگ بچپن میں بڑے خواب دیکھتے ہیں لیکن ان خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کیلئے انتھک محنت، لگن اور مسلسل سیکھنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ کینیڈا کے شہر وینکوور سے تعلق رکھنے والے ریان صدیقی نے محض 16 برس کی عمر میں مائیکرو سافٹ کے سب سے کم عمر انجینئر بن کر یہ ثابت کر دیا کہ عزم اور صلاحیت کی کوئی عمر نہیں ہوتی۔
ریان کا ٹیکنالوجی کا سفر محض سات سال کی عمر میں فوٹوشاپ سے شروع ہوا۔''ایک دن میں نے سوچا کہ اپنی بہن کی آنکھوں کا رنگ بدلنا اچھا ہوگا، یوٹیوب پر ٹیوٹوریل دیکھا اور پھر فوٹو ایڈیٹنگ کا شوق بڑھتا گیا‘‘، وہ مسکراتے ہوئے یاد کرتے ہیں۔ یہ شوق جلد ہی انہیں ویب ڈویلپمنٹ اور پروگرامنگ کی دنیا میں لے گیا، جہاں انہوں نے خود سیکھتے ہوئے ویب سائٹس، ایپس اور گیمز تیار کیں۔ ان کے ابتدائی منصوبوں میں برٹش کولمبیا ٹور گائیڈ ایپ، کارٹون اسٹریمنگ پلیٹ فارم اور باسکٹ بال کیلئے اسکور کاؤنٹر ایپ شامل تھے۔
ریان نے تعلیم کو کبھی پسِ پشت نہیں ڈالا۔ انہوں نے محض ڈیڑھ سال میں ہائی سکول مکمل کیا، جو عام طور پر چار سال میں ہوتا ہے۔وہ بتاتے ہیں ''مجھے سائنس، انگلش لٹریچر، سماجی علوم اور کھیل سب پسند تھے۔ کیمیا کی لیبارٹری یا سپورٹس مقابلے مجھے سب سے زیادہ لطف دیتے تھے۔ تاہم، ان کا دل سافٹ ویئر انجینئرنگ نے جیت لیا تھا اور وہ اس کو بطور پیشہ اپنانے کیلئے بڑے ہونے کا انتظار کرنے پر تیار نہیں تھے۔انہوں نے مزید کہا سافٹ ویئر انجینئرنگ ایک ایسا فن ہے جو آپ کو تنقیدی انداز میں سوچنے پر مجبور کرتا ہے اور ایسا کچھ تخلیق کرنے پر آمادہ کرتا ہے جو مستقبل میں بھی کارآمد رہے۔
ریان صدیقی کا ماننا ہے کہ ''زندگی اتنی مختصر ہے کہ خراب سافٹ ویئر بنانے پر ضائع نہ کی جائے‘‘ اسی سوچ کے تحت انہوں نے صرف 14 سال کی عمر میں مائیکروسافٹ میں انٹرن شپ شروع کی۔چند سال بعد، انہیں اسی کمپنی نے باضابطہ طور پر ملازمت دے دی اور وہ دنیا کے سب سے کم عمر مرد سافٹ ویئر انجینئر بن گئے، جب انہوں نے 16 سال اور 340 دن کی عمر میں، 17 ستمبر 2021 ء کو یہ اعزاز حاصل کیا۔ اگر آپ کو لگتا ہے کہ وہ بہت کم عمر تھے تو یہ جان لیں ریان نے صرف نو سال کی عمر میں کوڈنگ شروع کی، 12 سال کی عمر میں سب سے بڑی اینیمی ایپس میں سے ایک تیار کی اور 14 سال کی عمر میں ہائی سکول سے گریجوایشن مکمل کر لی۔
اگر آپ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ مائیکروسافٹ میں ریان کا ایک دن کیسا گزرتا ہے تو وہ بتاتے ہیںکہ میرا دن عام طور پر ایک ٹیم میٹنگ سے شروع ہوتا ہے، جہاں ہم سب جمع ہو کر یہ جائزہ لیتے ہیں کہ کل کیا کیا گیا تھا اور آج کا ہدف کیا ہے۔ دن کا بڑا حصہ دراصل بات چیت پر مشتمل ہوتا ہے۔ بات چیت انتہائی اہم ہے، خاص طور پر اس پیمانے پر جس پر مائیکروسافٹ کام کرتا ہے۔ میرا دن عام طور پر 40 فیصد بات چیت، 40 فیصد کوڈنگ پر توجہ اور 20 فیصد روزمرہ کے کاموں پر مشتمل ہوتا ہے جو دورانِ کام سامنے آتے ہیں۔
ریان کے مطابق مائیکروسافٹ کی ثقافت بہت حد تک انجینئرز پر مبنی ہے۔ یہ تجربہ انمول ہے۔ مجھے دنیا میں کوئی اور جگہ معلوم نہیں جہاں آپ کو روزانہ سیکھنے کیلئے ادائیگی کی جاتی ہو۔ آپ کو دنیا بھر کے اعلیٰ انجینئرز، منیجرز اور ٹیک ایگزیکٹوز کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملتا ہے۔
اگرچہ ٹیکنالوجی ریان کی زندگی کا بڑا حصہ ہے، لیکن وہ کھیلوں اور دیگر سرگرمیوں سے بھی گہرا شغف رکھتے ہیں۔ فارمولا 1 ریسنگ اور شطرنج ان کے پسندیدہ مشاغل ہیں۔ وہ ہر اس کھیل میں حصہ لیتے ہیں جہاں مقابلہ ہو ۔یہ بات واضح ہے کہ ریان ہر میدان میں ایک چیمپئن ہیں، اور دنیا کا ریکارڈ اپنے نام کرنا ان کی سب سے بڑی کامیابیوں میں سے ایک ہے۔وہ پرجوش انداز میں کہتے ہیں کہ ریکارڈ توڑنے کا احساس ناقابلِ یقین ہے! مجھے یاد ہے بچپن میں میں یوٹیوب پر لوگوں کو ان کے اعزازات دکھاتے دیکھتا تھا اور خود سے کہتا تھا کہ کتنا شاندار ہوگا اگر میں بھی دنیا کے 8 ارب لوگوں میں سے کچھ منفرد کر کے عالمی ریکارڈ قائم کروں۔اس کامیابی نے نہ صرف ریان کو حوصلہ دیا بلکہ ان کے والدین اور خاندان کے دیگر افراد کیلئے بھی یہ ایک فخر کا لمحہ ہے۔
مستقبل کے منصوبے
اب ریان اپنی ٹیک کمپنی رے ٹیک (Ray Tech) کو وسعت دینے کے خواہاں ہیں تاکہ ایک عالمی کمیونٹی بنا سکیں جو نوجوانوں کو ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت میں سیکھنے اور کامیاب ہونے کا موقع فراہم کرے۔وہ مزید عالمی ریکارڈ قائم کرنے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں، جن میں فٹنس کے شعبے میں ریکارڈ شامل ہیں جیسے ایک منٹ میں سب سے زیادہ ایک ہاتھ سے پش اپس یا ایک ٹانگ پر اسکواٹس۔
نوجوانوں کیلئے اسباق!
ریان کی کامیابی سے نوجوان نسل کو کئی اہم اسباق ملتے ہیں۔
شوق کو مقصد بنائیں: اگر آپ کو کسی چیز میں دلچسپی ہے تو اسے نظرانداز نہ کریں، وہی آپ کی کامیابی کا راستہ ہو سکتی ہے۔
وقت کی قدر کریں: ریان نے ہائی اسکول ڈیڑھ سال میں مکمل کر کے ثابت کیا کہ لگن اور محنت سے بڑے ہدف کم وقت میں بھی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
تعلیم اور مشاغل میں توازن: کامیابی کے ساتھ ساتھ صحت مند سرگرمیاں اور کھیل بھی ضروری ہیں۔
ٹیم ورک اور بات چیت کی اہمیت: مائیکروسافٹ میں ریان کا تجربہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ٹیم ورک اور کمیونیکیشن کامیابی کیلئے بنیاد ہیں۔