آج کا دن
اسپیشل فیچر
محمد علی بوگرہ کی حکومت کا خاتمہ
12 اگست 1955ء کو صدرا سکندر مرزا نے وزیراعظم محمد علی بوگرہ کی حکومت برطرف کر دی۔ محمد علی بوگرہ کو گورنر جنرل غلام محمد نے 1953ء میں وزیراعظم مقرر کیا تھا اور انہوں نے ملک میں آئینی بحران کے باوجود سیاسی توازن قائم رکھنے کی کوشش کی تاہم 1955ء تک سیاسی اختلافات اور آئین سازی کے معاملے پر تناؤ بڑھ گیا۔ اسکندر مرزا جو پارلیمانی سیاست پر مکمل کنٹرول چاہتے تھے، نے چوہدری محمد علی کو نیا وزیراعظم بنا دیا۔ یہ واقعہ پاکستان کی جمہوری تاریخ میں صدارتی مداخلت کی ایک نمایاں مثال ہے اور اس نے مستقبل میں مارشل لاء کے لیے ایک عملی راستہ ہموار کیا۔
جنوبی افریقہ کی اولمپکس سے معطلی
12 اگست 1964ء کو بین الاقوامی اولمپک کمیٹی نے جنوبی افریقہ کو اولمپک کھیلوں سے معطل کرنے کا اعلان کیا۔ اس فیصلے کی بنیادی وجہ جنوبی افریقہ کی نسل پرستانہ پالیسی، جسے اپارتھائیڈ کہا جاتا تھا، بنی۔ اس پالیسی کے تحت حکومت نے گوروں اور سیاہ فاموں کے درمیان نسلی تفریق کو ادارہ جاتی شکل دی ہوئی تھی اور کھیلوں میں خاص طور پر اولمپکس میں جنوبی افریقہ کی ٹیمیں صرف گورے کھلاڑیوں پر مشتمل ہوتیں ۔ جنوبی افریقہ تقریباً تین دہائیوں تک اولمپک مقابلوں سے باہر رہا اور 1992ء میں نیلسن منڈیلا کی قیادت میں اپارتھائیڈ کے خاتمے کے بعد دوبارہ شامل ہوا۔
فونوگراف کی ایجاد
12 اگست 1877ء کو امریکی موجد تھامس ایڈیسن نے فونوگراف ایجاد کیا جو آواز کو ریکارڈ اور دوبارہ سنانے والی پہلی مشین تھی۔ایڈیسن کا فونوگراف ایک دھاتی سلنڈر پر ورق چڑھا کر اس پر سوئی کے ذریعے آواز کی لہروں کو کندہ کرتا تھا اور بعد میں وہی سوئی ان لہروں کو پڑھ کر دوبارہ آواز پیدا کرتی۔ اس ایجاد کا آغاز ٹیلی گراف اور ٹیلی فون پر تجربات کے دوران ہوا جب ایڈیسن نے محسوس کیا کہ آواز کو میکانیکی طور پر محفوظ کیا جا سکتا ہے۔ اس ایجاد نے موسیقی سننے اور مواد محفوظ کرنے کے طریقے کو ہمیشہ کیلئے بدل دیا اور یہ انسانی تخلیقی تاریخ کے اہم سنگ میلوں میں شمار ہوتی ہے۔
تھرمو نیوکلیئر بم کا تجربہ
12 اگست 1953ء کو سوویت یونین نے اپنے پہلے تھرمو نیوکلیئر بم کا تجربہ کیا۔ یہ بم ہائیڈروجن بم کے زمرے میں آتا تھا اور روایتی ایٹم بم کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ تباہ کن صلاحیت رکھتا تھا۔ یہ تجربہ سرد جنگ کے دور میں ہوا جب امریکہ اور سوویت یونین کے درمیان ایٹمی اسلحے کی دوڑ اپنے عروج پر تھی۔ 1952 ء میں امریکہ نے اپنے پہلے ہائیڈروجن بم کا تجربہ کیا تھا اور ایک سال کے اندر سوویت یونین نے اس کا جواب دے دیا۔ اس کامیابی نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ سوویت یونین ٹیکنالوجی اور عسکری صلاحیت میں امریکہ کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔
جاپان ایئر لائنزکا سانحہ
12 اگست 1985ء کو جاپان ایئر لائنز کی پرواز 123 ایک خوفناک حادثے کا شکار ہوئی ۔ ٹوکیو سے اوساکا جانے والا بوئنگ 747 طیارہ فضا میں بلند ہونے کے کچھ دیر بعد ہی شدید تکنیکی خرابی کا شکار ہوا۔اس حادثے میںطیارے میں سوار 524 افراد میں سے صرف چار مسافر زندہ بچ سکے۔ اس حادثے نے دنیا بھر میں ہوابازی کے حفاظتی معیار، مرمت کے طریقوں اور ایمرجنسی مینجمنٹ پر گہرے اثرات ڈالے۔ جاپان میں یہ سانحہ آج بھی یاد کیا جاتا ہے اور ہر سال اس دن متاثرین کی یاد میں خصوصی تقاریب منعقد کی جاتی ہیں۔
ٹائرانوسورس ریکس فوسل کی دریافت
12 اگست 1990ء کو امریکی ماہر آثار قدیمہ سوزان ہینڈرکسن نے جنوبی ڈکوٹا کے بلیک ہلز علاقے میں ٹائرانوسورس ڈائنوسور کا تقریباً مکمل ڈھانچہ دریافت کیا۔ یہ دریافت دنیا میں سب سے بڑے اور سب سے مکمل فوسلز میں سے ایک ثابت ہوئی۔اس فوسل میں ہڈیاں، دانت اور کھوپڑی کی کئی ہڈیاں محفوظ تھیں جن سے معلوم ہوا کہ یہ جانور تقریباً 67 ملین سال پہلے زندہ تھا۔ اس دریافت نے نہ صرف سائنسی برادری میں سنسنی پھیلائی بلکہ عام عوام کی توجہ بھی حاصل کی۔ بعد میں یہ فوسل شکاگو کے فیلڈ میوزیم میں نمائش کے لیے رکھا گیا ۔