آج کا دن
اسپیشل فیچر
گن پاؤڈرسازش
انگلینڈ میں یہ ایک بڑی سازش تھی جسے کیتھولک باغیوں نے 5 نومبر 1605ء کو انجام دینے کی کوشش کی۔ مقصد یہ تھا کہ پروٹسٹنٹ بادشاہ جیمز اول اور پارلیمنٹ کے ارکان کو ہلاک کر کے حکومت کا تختہ الٹ دیا جائے۔ سازش کے مرکزی کردار گائی فاکس کو پارلیمنٹ کے تہہ خانے سے گرفتار کر لیا گیا جہاں دھماکے کے لیے بارود چھپایا گیا تھا۔ اس منصوبے کی ناکامی کے بعد برطانیہ میں ہر سال ''Guy Fawkes Night‘‘ کے طور پر یہ رات آتشبازی اور مشعل بردار جلوسوں سے منائی جاتی ہے۔ یہ واقعہ برطانیہ کی مذہبی و سیاسی تاریخ میں ایک اہم موڑ ثابت ہوا۔
روس باخ کی جنگ
یہ جنگ 5 نومبر 1757ء کو لڑی گئی جو سات سالہ جنگ کا حصہ تھی۔ پروشیا کے بادشاہ فریڈرک دی گریٹ نے فرانس اور ہولی رومن ایمپائر کی مشترکہ فوج کو فیصلہ کن شکست دی۔ پروشیا کی فوج تعداد میں کم ہونے کے باوجود اپنی شاندار حکمتِ عملی، تیز رفتار گھڑسوار حملوں اور توپ خانے کے مؤثر استعمال کی وجہ سے غالب آئی۔ یہ فتح یورپ میں طاقت کے توازن کو پروشیا کے حق میں لے آئی اور فریڈرک کی عسکری قابلیت کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا گیا۔
سوزن بی انتھونی کا ووٹ
5 نومبر 1872ء کو امریکی سماجی رہنما سوزن بی انتھونی نے صدارتی انتخابات میں ووٹ ڈال کر خواتین کے حقِ رائے دہی کی تحریک میں نئی جان ڈال دی۔ اُس وقت امریکہ میں خواتین کو ووٹ دینے کی اجازت نہیں تھی لہٰذا انہیں اس اقدام پر گرفتار کر لیا گیا۔ بعد ازاں اُن پر مقدمہ چلایا گیا اور جرمانہ عائد کیا گیا۔مگر یہ واقعہ عورتوں کے سیاسی حقوق کی تحریک میں سنگِ میل ثابت ہوا جس کے نتیجے میں 1920 ء میں امریکی آئین میں 19ویں ترمیم کے ذریعے خواتین کو ووٹ کا حق دیا گیا۔
روزویلٹ کی ہیٹرک
5 نومبر 1940ء کو امریکی صدر فرینکلن ڈی روزویلٹ مسلسل تیسری بار صدارتی انتخاب جیت گئے۔ یہ پہلا موقع تھا جب کسی امریکی صدر کو تین بار منتخب کیا گیا۔ دوسری عالمی جنگ کے دوران عوام نے روزویلٹ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ بعد ازاں امریکہ اتحادی طاقتوں کی مدد کے لیے جنگ میں شامل ہوا۔ اس انتخاب نے امریکی سیاست میں طویل مدتی تبدیلیاں پیدا کیں جس کے نتیجے میں بعد میں آئینی ترمیم کر کے صدر کیلئے زیادہ سے زیادہ دو مدتوں کی حد مقرر کی گئی۔
فورٹ ہڈ فائرنگ
5 نومبر 2009ء کو امریکی ریاست ٹیکساس کے فوجی اڈے فورٹ ہڈ پر ایک فوجی ماہرِ نفسیات میجر نضال حسن نے فائرنگ کر کے 13 افراد کو ہلاک اور 30 سے زیادہ کو زخمی کر دیا۔ یہ واقعہ امریکی فوجی تنصیبات پر ہونے والے سب سے خطرناک داخلی حملوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ اس سانحے کے بعد امریکہ میں فوجی نظم و ضبط، سکیورٹی اقدامات اور اہلکاروں کی ذہنی صحت کے نظام پر گہری نظرِ ثانی کی گئی۔