کان:عظیم نعمت کی صحت کا خیال بھی رکھیں!

کان:عظیم نعمت کی صحت کا خیال بھی رکھیں!

اسپیشل فیچر

تحریر : اختر سردار چودھری


دنیا بھر میں 3مارچ کو کان کے امراض کا عالمی دن منایا جاتاہے
اللہ تعالیٰ کی عطاء کردہ عظیم نعمتوں میں سے ایک نعمت کان بھی ہے ۔حواس خمسہ یعنی ہاتھ ،ناک،آنکھ،زبان اور کان میں سے کان بہت اہمیت کا حامل ہے ۔ہمارے دماغ کو ملنے والے تمام پیغامات، اطلاعات، معلومات کا تقریباً23 فیصد حصہ کانوں کے ذریعے ہم تک پہنچتا ہے ۔سب سے پہلے آواز کی لہریں کان کے بیرونی حصہ میں داخل ہو کر اس حصے کی نالی سے گزر کر پردہ سے ٹکراتی ہیں، پھر یہ کان میں وسطی حصے میں موجود ہڈیوں سے باری باری ٹکراتی ہیں ۔آواز کی لہریں سماعت کے عضو، گانٹھ یا گرہ سے ٹکراتی ہوئی دماغ تک پہنچتی ہیں۔وہاں دماغ انہیں ڈی کوڈ کرتے ہوئے ،معنی، دیتا ہے کہ یہ آواز کس طرف یا سمت سے؟ کس چیز کی آواز ہے؟ اس آواز کا مطلب کیا ہے؟ معنی کیا ہے؟
کان ایک حسی عضو ہے جو آوازسنتا ہے اور یہ نہ صرف آواز کو سنتا ہے بلکہ جسم کو متوازن حالت میں رکھنے میں بھی بڑا کام سرانجام دیتا ہے۔ ہر جاندار کے دو کان ہوتے ہیں، ایک دائیں طرف ایک بائیں طرف اس سے آواز کی سمت اور ماخذ کا علم آسانی سے ہو جاتا ہے ۔انسانی کان تین حصوں پر مشتمل ہوتا ہے، جس میں بیرونی کان ، درمیانی کان اور کان کا اندرونی حصہ شامل ہیں، کان کا وہ حصہ جو باہر نظر آتا ہے، بیرونی کان کہلاتا ہے ۔ بیرونی کان سے ایک سوراخ اندر کی طرف جاتے ہوئے کان کو ایک ایئر ڈرم سے جوڑتا ہے ،ایئر ڈرم کا پچھلے والا حصہ درمیانی کان کہلاتا ہے۔ ایئر ڈرم کے بعد کان میں ایک جھلی دار معدہ ہوتا ہے ،جو سیپ کی صورت میں ہوتا ہے ،اسے اندرونی کان کہتے ہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں کان کے امراض کا عالمی دن3مارچ کو منایا جاتا ہے۔تین مارچ کو یہ دن منانے کی وجہ تسمیہ بھی یہی ہے کہ تین کا ہندسہ کان کے مشابہہ ہے ۔اس دن کو منانے کا مقصد لوگوں کو کان کی اہمیت اور سماعت کی بیماریوں سے آگاہ رکھنا ہے ۔اس دن نامورماہرین امراض کان اور پروفیسرز، ڈاکٹر ز عوام کو کان کے امراض کے بارے آگاہی فراہم کرتے ہیں ۔جدید طرز زندگی نے ناک ، کان گلے کے امراض میں بے تحاشہ اضافہ کیا ہے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ بے تحاشا شور شرابا،دھماکے ، ہیڈ فونز اور ہینڈ فری کا بے جا استعمال۔ رکشہ،بسوں کے پریشر ہارن،اونچی آواز کی موسیقی،کام کی جگہ مشینوں اور لوگوں کا شور و غوغا،ریڈیو ،ٹی وی کا شور ۔ کان اور سماعت کے مختلف امراض کے اسباب میں شامل ہیں۔
اسلامی ا صولوں کے مطابق غذا چبا کر کھانا ، آہستہ سے کھانا، پیٹ بھر کر نہ کھانا، پانی تین وقفوں سے پینا اور کھانے پینے میں اعتدال سے کام لینا یہ سب باتیں نہ صرف ناک، کان اور گلے بلکہ دیگر امراض سے بھی بچاتی ہیں۔کان کے اندر پانی چلے جانے ، کان میں میل جمع ہو کر گیلا ہوجانے یا سوکھ جانے ، کان میں پھوڑا پھنسی یا گھاؤ ہونے کے سبب کان میں شدید درد، یکایک بہت تیز درد، ٹیس مارتا ہوا درد ، ناقابل برداشت درد ہوتاہے۔ کان میں دردکسی بھی سبب سے ہوجلد سے جلد اپنے قریبی ڈاکٹر سے رجوع کرنا چائیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
اِستقلال مسجد

اِستقلال مسجد

جنوب مشرقی ایشیا کی عظیم ترین عبادت گاہانڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں واقع ''استقلال مسجد‘‘ نہ صرف ملک کی سب سے بڑی مسجد ہے بلکہ اسے جنوب مشرقی ایشیا کی عظیم ترین عبادت گاہ بھی قرار دیا جاتا ہے۔ ''استقلال‘‘ کا مطلب ہے آزادی، اور یہ نام انڈونیشیا کی نوآبادیاتی تسلط سے آزادی کی یاد میں رکھا گیا۔ اس مسجد کی تعمیر 1978ء میں مکمل ہوئی اور یہ قومی تشخص، مذہبی وقار اور جدید فن تعمیر کا حسین امتزاج پیش کرتی ہے۔استقلال مسجد تقریباً 5.9 ہیکٹر کے وسیع رقبے پر پھیلی ہوئی ہے۔ اس کے مرکزی ہال اور ملحقہ حصوں میں بیک وقت تقریباً ایک لاکھ بیس ہزار نمازی نماز ادا کرسکتے ہیں، جو اسے دنیا کی بڑی مساجد میں ممتاز مقام عطا کرتا ہے۔ مسجد کا کشادہ صحن، بلند و بالا ستون، وسیع گنبد اور جدید طرزِ تعمیر اسے ایک منفرد شناخت بخشتے ہیں۔ اس کا مرکزی گنبد تقریباً 45 میٹر قطر پر مشتمل ہے، جو انڈونیشیا کی آزادی کے سال 1945ء کی علامتی یاد دہانی بھی سمجھا جاتا ہے۔استقلال مسجد کا ڈیزائن سادہ مگر باوقار ہے۔ سفید سنگِ مرمر اور اسٹیل کے استعمال نے اسے جدید اور شفاف تاثر دیا ہے۔ مسجد کا مینار تقریباً 96 میٹر بلند ہے جو شہر کے افق پر نمایاں دکھائی دیتا ہے۔ اس کے ستونوں اور محرابوں کی ترتیب میں اسلامی فن تعمیر کی جھلک موجود ہے، مگر مجموعی ڈیزائن میں انڈونیشیا کے متنوع ثقافتی ورثے اور جدید انجینئرنگ کا حسین امتزاج نمایاں نظر آتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ مسجد روایتی اور جدید طرزِ تعمیر کے سنگم کی بہترین مثال سمجھی جاتی ہے۔مسجد کا اندرونی حصہ نہایت وسیع اور ہوادار ہے۔ مرکزی ہال میں لگے بلند ستون اور کھلے طرز کی ترتیب نمازیوں کو روحانی سکون فراہم کرتی ہے۔ فرش پر بچھے قالین، سادہ مگر خوبصورت محراب اور قرآنی آیات کی دلکش خطاطی عبادت کے ماحول کو مزید پراثر بناتے ہیں۔ یہاں جدید صوتی نظام نصب ہے تاکہ ہزاروں افراد تک خطبہ اور اذان کی آواز واضح طور پر پہنچ سکے۔ رمضان المبارک، عیدین اور دیگر مذہبی مواقع پر یہاں لاکھوں افراد کا اجتماع ایک ایمان افروز منظر پیش کرتا ہے۔استقلال مسجد کی ایک اور نمایاں خصوصیت اس کا جغرافیائی اور سماجی محل وقوع ہے۔ یہ مسجد جکارتہ کے مرکزی حصے میں واقع ہے اور اس کے سامنے ایک تاریخی گرجا گھر موجود ہے، جو مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ انڈونیشیا ایک کثیرالمذاہب معاشرہ ہے، اور استقلال مسجد اس تنوع کے باوجود قومی یکجہتی کی روشن مثال کے طور پر جانی جاتی ہے۔ یہاں مختلف بین الاقوامی وفود اور سیاح بھی آتے ہیں، جنہیں مسجد کے مختلف حصوں کی سیر کروائی جاتی ہے۔مسجد میں نہ صرف نماز اور عبادت کا اہتمام کیا جاتا ہے بلکہ یہ تعلیمی اور سماجی سرگرمیوں کا مرکز بھی ہے۔ یہاں اسلامی تعلیمات کے فروغ کیلئے دروس، سیمینارز اور کانفرنسز منعقد ہوتی ہیں۔ وسیع کانفرنس ہال اور ملحقہ کمروں میں مختلف مذہبی و سماجی موضوعات پر مکالمہ ہوتا ہے۔ اس طرح استقلال مسجد صرف عبادت گاہ نہیں بلکہ ایک فعال سماجی و فکری مرکز بھی ہے جو قوم کی رہنمائی میں کردار ادا کرتا ہے۔ انڈونیشیا کی آزادی کی یادگار کے طور پر استقلال مسجد قومی وقار کی علامت ہے۔ اس کی تعمیر میں جدید ٹیکنالوجی اور مقامی وسائل کا استعمال کیا گیا، جس سے یہ عمارت ملک کی ترقی اور خود انحصاری کی نشانی بن گئی۔ ہر سال ہزاروں ملکی و غیر ملکی سیاح یہاں آکر اس کے فن تعمیر اور روحانی فضا سے متاثر ہوتے ہیں۔ رات کے وقت روشنیاں اس کے سفید گنبد اور مینار کو مزید دلکش بنا دیتی ہیں، جو جکارتہ کی پہچان بن چکا ہے۔مختصراً، استقلال مسجد انڈونیشیا کی آزادی، مذہبی عقیدت اور ثقافتی ہم آہنگی کا ایک عظیم استعارہ ہے۔ اپنی وسعت، جدید ڈیزائن اور روحانی ماحول کے باعث یہ مسجد نہ صرف جنوب مشرقی ایشیا بلکہ پوری اسلامی دنیا میں ایک ممتاز مقام رکھتی ہے۔ یہاں ادا کی جانے والی نمازیں، منعقد ہونے والے اجتماعات اور آنے والے زائرین اس حقیقت کی گواہی دیتے ہیں کہ استقلال مسجد ایمان، اتحاد اور قومی فخر کی روشن علامت ہے۔

رمضان کے پکوان:توری کے پکوڑے

رمضان کے پکوان:توری کے پکوڑے

اجزاء:توری آدھا کلو، نمک حسب ذائقہ، پسی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچ،ڈبل روٹی کا چورا ڈیڑھ پیالی، ہلدی آدھا چائے کا چمچ، سفید تل دو کھانے کے چمچ، کالی مرچ پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچ، انڈے دو عدد، کوکنگ آئل حسب ضرورت۔ترکیب:توری کو چھیل کر اس کے گول قتلے کاٹ لیں اور اس پر نمک ہلدی اور لال مرچ چھڑ کر اچھی طرح ملا لیں۔ پھیلے ہوئے فرائنگ پین میں ان قتلوں کو پھیلا کر درمیانی آنچ پر رکھیں۔ الٹ پلٹ کرتے ہوئے اتنا پکائیں کہ توری کا اپنا پانی اچھی طرح خشک ہو جائے۔ ڈبل روٹی کے چورے میں تل اور کالی مرچ ملا لیں اور انڈوں کو پھینٹ کر رکھ لیں۔ توری کے قتلوں کو پھیلا کر اچھی طرح ٹھنڈا کر لیں۔ پہلے انہیں پھینٹے ہوئے انڈوں میں ڈبوئیں پھر ڈبل روٹی کے چورے میں لتھیڑ کر گرم کوکنگ آئل میں سنہری فرائی کرلیں۔

آج کا دن

آج کا دن

دُنیا کی پہلی خاتون پائلٹ1910ء میں فرانس کی ریمنڈ کو دنیا کی پہلی خاتون پائلٹ ہونے کا اعزاز ملا ۔ 8 مارچ 1910ء کو انہیں ہوائی جہاز اڑانے کا لائسنس دیا گیا۔ ریمنڈ 22اگست 1882ء کو فرانس کے شہر پیرس میں پیدا ہوئیں۔وہ ایک پلمبر کی بیٹی تھیں۔1909ء میں انہوں نے اپنے ایک دوست سے درخواست کی کہ وہ انہیں ہوائی جہاز اڑانا سکھائے۔صرف ایک سال میں ریمنڈ بہترین پائلٹ بن گئیں۔امریکہ نے فلپائن خریدا8 مارچ 1906ء کوامریکہ نے اسپین سے 20 ملین ڈالرز میں فلپائن کو خریدا۔ تاہم وہاں کی عوام نے اس معاہدے کی شدید مخالفت کی۔ 1902ء میں صدر تھیوڈور روزویلٹ نے فلپائن کی جنگ ختم کرنے کا اعلان کیا ۔اس جنگ کے دوران وہاں سیکڑوں مسلمانوں کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑے۔جاپان کا رنگون پر قبضہ1942ء میں دوسری عالمی جنگ کے دوران جاپان نے برطانیہ کے زیر انتظام برما کے علاقے رنگون پر قبضہ کر لیا۔ یہ دوسری عالمی جنگ کا وہ مرحلہ تھا جب جاپان کو جنگ میں فتوحات مل رہی تھیں اور اس کی افواج مسلسل پیش قدمی کر رہی تھیں۔ رنگون پر قبضے کے بعد جاپانی افواج نے جنگ کا رخ ہی بدل دیا۔ جاپان پرل ہاربر پر حملہ کر کے پہلے ہی امریکہ کے ساتھ براہ راست لڑائی شروع کر چکا تھا۔ملائیشین جہاز غائب ہو گیاملائیشیا ایئر لائنز کی ''پرواز 370 ‘‘ 8 مارچ 2014 ء کوکوالالمپور سے بیجنگ جاتے ہوئے غائب ہو گئی۔ جہاز کے عملے نے آخری بار ائیر ٹریفک کنٹرول سے ٹیک آف کے تقریباً 38 منٹ بعد اس وقت رابطہ کیا جب پرواز بحیرہ جنوبی چین کے اوپر سے گزر رہی تھی۔ اس کے بعد طیارہ ریڈار اسکرینوں سے غائب ہو گیا۔

مسجد صادق گڑھ پیلس

مسجد صادق گڑھ پیلس

مغل روایت اور عباسی وقار کی علامتریاستِ بہاولپور کے سنہرے دور کی یادگار عمارتوں میں صادق گڑھ پیلس کا نام نمایاں ہے مگر اس عظیم الشان محل کے مغربی گوشے میں واقع ایک چھوٹی سی پُر وقار مسجد اپنی خاموش عظمت کے ساتھ آج بھی تاریخ کی گواہی دیتی ہے۔1882ء سے 1895ء کے درمیان تعمیر ہونے والی یہ مسجد خاص طور پر عباسی شاہی خاندان، بالخصوص نواب امیر صادق محمد خان چہارم کے لیے بنائی گئی تھی جو 1866ء سے 1899ء تک تخت نشین رہے۔صادق گڑھ پیلس کا وسیع رقبہ تقریباً ایک ہزار میٹر شمالاً جنوباً اور 330 میٹرشرقاً غرباً پھیلا ہوا ہے۔ اس وسیع و عریض احاطے کے مقابلے میں مسجد کا حصہ بڑا مختصر ہے اور یہ مرکزی عمارت کے عین مغرب میں واقع ہے۔یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ عباسی دور کی کئی دیگر عمارتوں مثلاً قلعہ دراوڑ کی نسبت یہ مسجد آج بھی نسبتاً بہتر حالت میں ہے۔ وقت کی گرد ضرور چڑھی ہے مگر اس کا تاریخی وقار باقی ہے۔چونکہ یہ مسجد عوامی نہیں بلکہ شاہی خاندان کی نجی عبادت گاہ تھی اس لیے اس کی ساخت بھی سادہ مگر مزین ہے۔ یہ تین دروں والی مسجد ہے جس کے اوپر پیاز نما گنبد ایستادہ ہیں۔ اس مسجد کے نقشے میں مغلیہ دور کی دو مساجد کے اثرات نمایاں نظر آتے ہیں۔ پہلی ہے پشاور کی مہابت خاں مسجد، جس کے کنگرے دار محرابی دروازے، مربع نما داخلی پورٹل اور ابھار دار گنبد اس مسجد سے مشابہت رکھتے ہیں۔ دوسری ہے لاہور کی سنہری مسجد، جس کے بلند و بالا کونے دار مینار اس طرز کی یاد دلاتے ہیں۔یوں صادق گڑھ پیلس کی یہ مسجد مغل فنِ تعمیر کی بازگشت معلوم ہوتی ہے۔مغل روایت کا تسلسل اور عباسی شناختمغل سلطنت کے زوال کے باوجود اس کی تہذیبی و انتظامی روایت برصغیر کے مسلم ریاستوں کے لیے ایک مثالی نمونہ رہی۔ ممتاز مورخ کیتھرین بی ایشر کے مطابق اٹھارہویں اور انیسویں صدی میں بھی مغل بادشاہت مسلم ثقافت کی علامت سمجھی جاتی تھی۔ ریاستِ بہاولپور کے عباسی حکمران چونکہ مابعد مغلیہ ریاستوں میں خوشحال اور بااثر شمار ہوتے تھے اس لیے ان کے لیے مغل طرزِ تعمیر سے وابستگی اختیار کرنا فطری امر تھا۔محلات کی تعمیر میں اگرچہ یورپی طرز اور جدید مواد کا استعمال دیکھا جاتا ہے مگر مساجد کی تعمیر میں ایک طرح کی روایت پسندی غالب رہتی ہے۔ عبادت گاہ کو عموماً کلاسیکی اسلوب ہی میں ڈھالا جاتا ہے تاکہ روحانی وقار برقرار رہے۔ صادق گڑھ کی مسجد بھی اسی روایت کی امین ہے۔ایک ایسا بصری اشارہ کہ عباسی خاندان نے مغلیہ عظمت سے اپنی نسبت جوڑی اور اپنے اقتدار کو اسی تسلسل میں دیکھا۔تاہم یہ مسجد مکمل طور پر کلاسیکی مغل انداز کی نقل نہیں۔ ممتاز ماہرِ تعمیرات ایبّا کوخ کے مطابق مغل عہد کے آخری دور میں آرائش کا انداز زیادہ شگفتہ، پھول دار اور ابھری ہوئی اشکال پر مشتمل ہو گیا تھا۔ اسی رجحان کی جھلک صادق گڑھ کی مسجد میں نمایاں ہے۔اولاً اس کی سجاوٹ زیادہ تر سٹکو (Stucco) یعنی پلستر کی تہوں پر مشتمل ہے، جو اینٹوں پر چڑھائی گئی ہیں۔ دوم، اندرونی اور بیرونی دیواروں پر رنگین فریسکو پینٹنگز موجود ہیں جن میں بیل بوٹے، خم دار شاخیں، سرو کے درخت اور نباتاتی نقوش نمایاں ہیں۔ یہ آرائش نہایت دلکش مگر کسی قدر پر تکلف معلوم ہوتی ہے۔مزید برآں، سامنے کے برآمدے کے ستون اور پلاسٹر اپنی بنیادوں پر پھیلتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں جس سے ان کی شکل گول اور ابھری ہوئی محسوس ہوتی ہے۔ بعض ستونوں کی بنیادیں یوں تراشی گئی ہیں جیسے وہ زمین سے اگتے ہوئے پھول ہوں‘ایک شاعرانہ تاثر، جو مغل دور کے آخری مرحلے کی تزئینی نفاست کو ظاہر کرتا ہے۔وقت کی دستبرد اور مرمت کی ضرورتاگرچہ سٹکو آرائش دیدہ زیب ہوتی ہے مگر یہ پتھر کی نسبت زیادہ نازک اور جلد متاثر ہونے والی ہے۔ اسی باعث مسجد کے کارنس (Cornice) کا بڑا حصہ جو پتوں کی قطار جیسا دکھائی دیتا تھا اب تقریباً معدوم ہو چکا ہے۔ عمارت کے ماتھے کے فریسکو مدھم پڑ چکے ہیں اور داخلی دروازے کے اطراف کے پلاسٹر کے نچلے حصے جھڑ چکے ہیں۔تاہم مسجد کی مجموعی ساخت سلامت ہے اور اگر بروقت مرمت، صفائی اور تحفظ کا اہتمام کیا جائے تو اس کے تاریخی حسن کو بڑی حد تک بحال کیا جا سکتا ہے۔ یہ محض اینٹ اور پلستر کی عمارت نہیں بلکہ ایک عہد کی تہذیبی علامت ہے، جس کی بقا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔صادق گڑھ پیلس کی یہ چھوٹی سی مسجد اپنے حجم میں مختصر مگر معنی میں وسیع ہے۔ یہ عباسی ریاست کی خوشحالی، مغلیہ روایت سے وابستگی اور مذہبی سنجیدگی کی عکاس ہے۔ اس کی محرابوں میں تاریخ کی بازگشت سنائی دیتی ہے اور اس کے گنبدوں میں ماضی کی شان جھلکتی ہے۔وقت کی رفتار بے رحم سہی مگر سنجیدہ اقدامات کیے جائیں تو یہ مسجد آئندہ نسلوں کے لیے بھی اسی شان سے قائم رہ سکتی ہے۔ سوال صرف یہ ہے کہ کیا ہم اپنے ورثے کی قدر پہچاننے کو تیار ہیں؟

کم کارب یا کم چکنائی؟

کم کارب یا کم چکنائی؟

دل کی صحت کا اصل راز کچھ اور نکلادل کی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے برسوں سے ایک بحث جاری ہے کہ کیا کم کارب غذا بہتر ہے یا کم چکنائی والی خوراک؟ کبھی ماہرین کاربوہائیڈریٹس کو قصوروار ٹھہراتے ہیں تو کبھی چکنائی کو مگر حالیہ سائنسی تحقیق نے اس بحث کا رخ بدل دیا ہے۔ یہ تحقیق ہاورڈ یونیورسٹی کے ماہرین کی زیر نگرانی کی گئی جس میں تقریباً دو لاکھ مرد و خواتین کو لگ بھگ تیس برس تک فالو کیا گیا۔ تحقیق کا دائرہ کار وسیع تھا اور52 لاکھ ''person-years‘‘ سے زائد ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔ نتائج حیران کن تھے مگر سادہ بھی۔ اگر کم کارب یا کم چکنائی والی غذا صحت بخش اجزا پر مشتمل ہو تو وہ دل کے لیے فائدہ مند ہے لیکن اگر وہی غذا پراسیسڈ اور غیر معیاری اشیا پر مبنی ہو تو اس کا کوئی خاص فائدہ نہیں ہوتا۔گویا اصل سوال یہ نہیں کہ آپ کتنے کارب لیتے ہیں بلکہ یہ ہے کہ وہ کارب کہاں سے آرہے ہیں۔ اسی طرح چکنائی کی مقدار سے زیادہ اہم اس کی نوعیت ہے۔تحقیق کے مطابق جن افراد نے سبزیاں، پھل، دالیں، ثابت اناج، گری دار میوے اور صحت بخش چکنائی استعمال کیں ان میں دل کی بیماریوں کا خطرہ نمایاں حد تک کم دیکھا گیا۔ ان افراد میں:اچھے کولیسٹرول (HDL) کی سطح بہتر رہی،جسم میں سوزش کے اشاریے کم رہے،کورونری ہارٹ ڈیزیز کا خطرہ کم ہوا۔اس کے برعکس وہ افراد جو بظاہر کم کارب یا کم چکنائی والی غذا لے رہے تھے مگر ان کی خوراک میں ریفائنڈ آٹا، میٹھے مشروبات، فاسٹ فوڈ اور ٹرانس فیٹس شامل تھیں انہیں دل کی صحت کے حوالے سے کوئی واضح فائدہ حاصل نہ ہوا۔یہ نتائج اس روایتی سوچ کو چیلنج کرتے ہیں کہ صرف کارب یا چکنائی کم کر دینا ہی کافی ہے۔کم کارب بمقابلہ کم چکنائیگزشتہ دہائیوں میں کم کارب ڈائیٹ اور کم چکنائی والی غذا کے حامیوں کے درمیان خاصی گرما گرمی رہی ہے۔ ایک گروہ کہتا ہے کہ کاربوہائیڈریٹس موٹاپے اور ذیابیطس کی جڑ ہیں جبکہ دوسرا گروہ چکنائی کو دل کا دشمن قرار دیتا ہے۔مگر اس تحقیق سے واضح ہوتا ہے کہ اگر کم کارب غذا میں سبزیاں، دالیں اور صحت بخش پروٹین شامل ہوں تو وہ مفید ہے اور اگر کم چکنائی والی غذا میں مکمل اناج اور قدرتی اجزا ہوں تو وہ بھی دل کے لیے بہتر ثابت ہوتی ہے۔ یعنی اصل مقابلہ کم کارب بمقابلہ کم چکنائی کا نہیں بلکہ معیاری خوراک بمقابلہ غیر معیاری خوراک کا ہے۔دل کی صحت کیلئے کوئی جادوئی فارمولا موجود نہیں۔ نہ مکمل کارب ترک کرنا ضروری ہے نہ ہر قسم کی چکنائی سے خوف زدہ ہونا۔ اصل حکمت یہ ہے کہ خوراک قدرتی، متوازن اور کم سے کم پراسیسڈ ہو۔یوں کہا جا سکتا ہے کہ صحت مند دل کا راستہ کچن سے ہو کر گزرتا ہے‘مگر اس شرط کے ساتھ کہ وہاں تازہ، سادہ اور معیاری اجزا استعمال ہوں۔

رمضان کے مشروب وپکوان:دال قیمے کے سموسے

رمضان کے مشروب وپکوان:دال قیمے کے سموسے

اجزاء:بھنا ہوا قیمہ ایک پیالی، مونگ کی دھلی دال آدھا پیالی، پیاز دو عدد درمیانی، سویا تین سے چار ڈنٹھل، ہری مرچیں تین سے چار عدد، سموسے کی پٹیاں حسب ضرورت، کوکنگ آئل حسب ضرورت۔ترکیب:دال کو دھو کر بیس سے پچیس منٹ کیلئے بھگو کر رکھ دیں۔ پھر اسے پانی سے نکال کر قیمے میں ڈالیں اور اچھی طرح بھون لیں۔ جب یہ مکسچر ٹھنڈا ہو جائے تو اس میں باریک کٹی ہوئی پیاز، نمک، باریک کٹی ہوئی ہری مرچیں اور سویا ڈال کر ملا لیں۔ سموسے کی پٹیوں سے تکونے سموسے بنا کر اس میں یہ مکسچر بھر دیں۔ آٹے کی لئی سے چپکا کر کوکنگ آئل میں سنہری فرائی کر لیں۔ ٹماٹر اور سیب کا جوس: وٹامنز اور آئرن کا مجموعہٹماٹر اور سیب کا جوس وٹامنز، آئرن اور فائبر سے بھرپور ہوتا ہے۔ اس جوس کو تیار کرنے کے لیے چھلے ہوئے سیب اور ٹماٹر کو پانی، لیموں کے قطرے اور شہد کے ساتھ بلینڈ کریں۔ یہ مشروب نہ صرف لذیذ ہوتا ہے بلکہ یہ جسم کو ضروری غذائیت بھی فراہم کرتا ہے۔