آج کا دن
اسپیشل فیچر
دولت عثمانیہ امن معاہدہ
1877ء سے 1878ء تک جاری رہنے والی روس عثمانی جنگ میں ترکوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دولت عثمانیہ سے معاہدہ امن کیلئے 3 مارچ 1878ء کو استنبول میں ایک اجلاس ہوا جس کی رو سے رومانیہ، مونٹی نیگرو اور سربیا نے آزادی حاصل کی جبکہ بلغاریہ کو نیم خود مختاری کا درجہ دے دیا گیا۔ اس جنگ کے ہرجانے کے طور پر قارس، ارداخان ،باتوم اور مشرقی بایزید کے علاقے روس کو دے دیئے گئے۔
سعودی عرب میں تیل کی دریافت
3مارچ 1938 ء کو سعودی عرب میں تیل دریافت ہوا۔ امریکہ نے سب سے پہلے دمام کے تیل کے کنویں نمبر 7 سے تجارتی مقدار میں دریافت کیا تھا جو آج کل ظہران ہے۔ 1923ء میں ابن سعود نے نیوزی لینڈ کی کمپنی سے تیل کی تلاش کا معاہدہ کیا۔ نیوزی لینڈ کے انجینئر میجر فرینک ہومز کو یقین تھا کہ پورے خطے میں بہت زیادہ تیل موجود ہے۔ تیل نکالنے میں کامیابی 1938ء میں امریکی کمپنی کو حاصل ہوئی۔
خطرناک فضائی حادثہ
ترکش ایئر لائنز کی ''پرواز 981‘‘ استنبول ہوائی اڈے سے لندن کے ہیتھرو ہوائی اڈے کیلئے طے شدہ پرواز تھی جو 3 مارچ 1974ء کو پیرس کے قریب گر کر تباہ ہو گئی۔ اس میں سوار تمام 335 مسافر اور عملے کے 11 افراد ہلاک ہو گئے۔ اس حادثے کو Ermenonville ہوائی تباہی کے نام سے بھی جانا جاتا تھا۔ ''پرواز 981‘‘ 27 مارچ 1977 تک ہوا بازی کی تاریخ کا سب سے مہلک طیارہ حادثہ تھا، جب دو بوئنگ 747 کے تصادم میں 583 افراد ہلاک ہوئے۔
سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملہ
2009ء میں آج کے روز لاہور ٹیسٹ کے تیسرے دن میچ سے قبل لبرٹی چوک میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر دہشت گردوں نے حملہ کیا۔صبح آٹھ بج کر چالیس منٹ پر 12 نامعلوم مسلح دہشت گردوں نے سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے کارواں کی بس کو قذافی اسٹیڈیم لاہور کے نزدیک دہشت گردی کا نشانہ بنایا۔ سری لنکن کرکٹر پاکستان کرکٹ ٹیم کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی تیسرے دن کے کھیل کیلئے قذافی اسٹیڈیم جا رہے تھے۔ اس حملے میں سری لنکن چھ ارکان زخمی اور پاکستانی پانچ سپاہی ہلاک ہوئے۔