کیا ہماری ڈیجیٹل سکیورٹی خطرے میں ہے؟سائنس اور ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک نئی بحث تیزی سے زور پکڑ رہی ہے کہ کوانٹم کمپیوٹرز کیاانکریپشن(Encryption) کو توقع سے کہیں زیادہ جلد توڑ سکتے ہیں؟ حالیہ سائنسی رپورٹس اور تحقیقاتی مضامین اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ وہ وقت جسے ماہرینQ-Day کہتے ہیں، ہماری توقع سے کہیں زیادہ قریب آ سکتا ہے۔موجودہ انکرپشن کیا ہے اور یہ کیسے کام کرتی ہے؟آج کی ڈیجیٹل دنیا،چاہے وہ بینکنگ ہو، سوشل میڈیا، ای میلز یا آن لائن خریداریزیادہ تر پبلک کی کرپٹوگرافی پر انحصار کرتی ہے۔ اس میں RSA اورElliptic curve جیسے طریقے شامل ہیں۔ ان کا بنیادی اصول یہ ہے کہ ایک پیچیدہ ریاضیاتی مسئلہ کو حل کرنا انتہائی مشکل ہوتا ہے خاص طور پر جب اعداد بہت بڑے ہوں۔روایتی کمپیوٹرز کے لیے ایسے مسائل کو حل کرنا عملی طور پر ناممکن ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر اگر کوئی ہیکر کسی بینک کے سسٹم کو توڑنے کی کوشش کرے تو اسے اربوں سال لگ سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہم اعتماد کے ساتھ آن لائن لین دین کرتے ہیں۔کوانٹم کمپیوٹرز کیوں مختلف ہیں؟کوانٹم کمپیوٹرز روایتی کمپیوٹرز سے بالکل مختلف اصولوں پر کام کرتے ہیں۔ عام کمپیوٹرز بِٹس استعمال کرتے ہیں جو یا تو 0 ہوتے ہیں یا 1۔ لیکن کوانٹم کمپیوٹرز کیوبٹس (Qubits) استعمال کرتے ہیں جو بیک وقت 0 اور 1 دونوں حالتوں میں ہو سکتے ہیں۔ اس خصوصیت کو سپرپوزیشن کہا جاتا ہے۔اس کے علاوہ کوانٹم کمپیوٹرز اینٹینگلمنٹ نامی خاصیت بھی رکھتے ہیں جس کے ذریعے مختلف کیوبٹس ایک دوسرے سے جڑے رہتے ہیں اور پیچیدہ حسابات کو بیک وقت انجام دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ کچھ مخصوص مسائل کو انتہائی تیزی سے حل کر سکتے ہیں۔اصل خطرہ کہاں ہے؟کوانٹم کمپیوٹرز کی سب سے بڑی طاقتShor's algorithm جیسے الگورتھمز میں ہے جو بڑی عددی فیکٹرائزیشن کو بہت کم وقت میں حل کر سکتے ہیں۔ یہی وہ مسئلہ ہے جس پر موجودہ انکرپشن سسٹمز کی بنیاد ہے۔ماضی میں ماہرین کا خیال تھا کہ اس سطح کی طاقت حاصل کرنے کے لیے لاکھوں کیوبٹس درکار ہوں گے لیکن نئی تحقیق نے یہ اندازہ بدل دیا ہے۔ اب سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ممکن ہے کہ صرف 10,000 سے 100,000 کیوبٹس ہی کافی ہیں۔ یہ ایک بہت بڑی تبدیلی ہے کیونکہ اس کا مطلب ہے کہ کوانٹم کمپیوٹرز ہماری توقع سے کہیں پہلے اس قابل ہو سکتے ہیں۔Q-Day کیا ہے؟Q-Dayوہ دن، جب کوانٹم کمپیوٹرز موجودہ انکرپشن کو توڑنے کے قابل ہو جائیں گے۔ کچھ نئی پیش گوئیوں کے مطابق یہ دن 2029 ء سے 2032ء کے درمیان آ سکتا ہے۔اگر ایسا ہوا تو اس کے اثرات بہت وسیع ہوں گے۔اس سے بینکنگ سسٹمز خطرے میں پڑ سکتے ہیں،حکومتی اور فوجی راز افشا ہو سکتے ہیںکرپٹو کرنسی، جیسے بٹ کوائن کی سکیورٹی متاثر ہو سکتی ہے،انٹرنیٹ پر محفوظ مواصلات غیر محفوظ ہو سکتے ہیں۔Harvest now, decrypt later(HNDL)کا خطرہ ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہیکرز آج ہی انکرپٹڈ ڈیٹا کو چوری کر کے محفوظ کر سکتے ہیں اور جب کوانٹم کمپیوٹرز دستیاب ہوں گے تو اسے آسانی سے ڈی کرپٹ کر لیں گے۔یعنی آج جو معلومات محفوظ سمجھی جا رہی ہیں وہ مستقبل میں غیر محفوظ ہو سکتی ہیں۔ اس میں سرکاری دستاویزات، مالی ریکارڈز اور ذاتی ڈیٹا شامل ہو سکتا ہے۔کیا فوری خطرہ ہے؟فی الحال کوانٹم کمپیوٹرز ابھی اتنے طاقتور نہیں ہیں کہ عملی طور پر بڑے پیمانے پر انکرپشن کو توڑ سکیں۔ موجودہ کوانٹم مشینیں محدود صلاحیت رکھتی ہیں اور ان میں بہت سی تکنیکی رکاوٹیں موجود ہیںلیکن مسئلہ یہ ہے کہ ترقی کی رفتار بہت تیز ہے۔ بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں اور حکومتیں اس میدان میں بھاری سرمایہ کاری کر رہی ہیں جس سے یہ پیش رفت تیزی سے ممکن ہو سکتی ہے۔حل کیا ہے؟خوش آئند بات یہ ہے کہ سائنسدان اس خطرے سے نمٹنے کے لیے پہلے ہی کام کر رہے ہیں۔ ایک نیا میدان Post-quantum cryptography(PQC)کے نام سے ابھر رہا ہے۔ اس میں ایسے انکرپشن سسٹمز تیار کیے جا رہے ہیں جو کوانٹم حملوں کے خلاف محفوظ ہوں۔امریکہ اور دیگر ممالک میں اس حوالے سے نئے سٹینڈرڈز بھی تیار کیے جا رہے ہیں تاکہ مستقبل میں ڈیجیٹل سکیورٹی کو برقرار رکھا جا سکے۔کوانٹم کمپیوٹرز بلاشبہ مستقبل کی ایک انقلابی ٹیکنالوجی ہیں لیکن ان کے ساتھ جڑے نئے خطرات بھی اپنی جگہ موجود ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ دنیا اس خطرے سے آگاہ ہو چکی ہے اور اس کے حل کے لیے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ تاہم وقت گزرتا جا رہا ہے اور اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو ہماری ڈیجیٹل دنیا کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔یوں کہا جا سکتا ہے کہ ہم ایک ایسے دور کے دہانے پر کھڑے ہیں جہاں سکیورٹی اور ٹیکنالوجی کے درمیان ایک نئی دوڑ شروع ہو چکی ہے اور اس دوڑ کا نتیجہ ہماری ڈیجیٹل زندگیوں کے مستقبل کا تعین کرے گا۔