چھپے ہوئے آتش فشاں:ان دیکھے خطرات جو دینا کو ہلا سکتے ہیں
اسپیشل فیچر
زمین کی سطح کے نیچے ایک خاموش ہلچل ہمیشہ جاری رہتی ہے۔ کہیں میگما آہستہ آہستہ حرکت کرتا ہے، کہیں زمین کے دباؤ میں معمولی سی تبدیلی زیرِ زمین توازن بگاڑ دیتی ہے۔ ہم عموماً ان آتش فشاں پہاڑوں سے واقف ہیں جو مشہور ہیں، جن کی تصاویر کتابوں میں چھپی ہیں، جن کے فعال ہونے کی خبریں وقتاً فوقتاً آتی رہتی ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ سب سے بڑا خطرہ اکثر اُن آتش فشانوں سے نہیں ہوتا جو مشہور ہیں بلکہ ان سے ہوتا ہے جو نامعلوم، غیر معروف یا صدیوں سے خاموش چلے آ رہے ہیں۔حال ہی میں ایتھوپیا کے علاقے افار میں پھٹنے والےHayli Gubbi آتش فشاں نے دنیا کو خاصا متاثر کیا۔ 12 ہزار سال کی طویل خاموشی کے بعد اس کا اچانک جاگ اٹھنا جیالوجی کے سائنسدانوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ ماہرین کے مطابق ایسے آتش فشاں جن کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں یا جنہیں ہم ہمیشہ سے غیر فعال سمجھتے آئے ہیں اصل میں سب سے بڑا عالمی خطرہ بن سکتے ہیں۔
Hayli Gubbi کی کہانی
23 نومبر کی صبح دنیا نے ایک ایسے آتش فشاں کی خبر سنی جس کا نام شاید ہی کسی نے پہلے سنا ہو۔Hayli Gubbi ایک شیلڈ آتش فشاں ہے، یعنی وہ پہاڑ جو سطح سے زیادہ بلند نہیں ہوتا اور اپنی ساخت کے باعث نسبتاً کم خطرناک سمجھا جاتا ہے۔ لیکن جب اس نے دھواں اگلنا شروع کیا تو راکھ کا بادل 45 ہزار فٹ کی بلندی تک جا پہنچا۔ یہ راکھ ایتھوپیا سے نکل کر یمن، عمان، بحیرہ عرب تک پھیل گئی۔گوادر کے ساحلی علاقے کے قریب بھی اس بادل کے آثار محسوس کیے گئے اور محکمہ موسمیات نے ایوی ایشن کیلئے ایش الرٹ جاری کیا۔یہ واقعہ دنیا کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ احتیاط ان جگہوں سے ضرور کرنی چاہیے جو دکھائی نہیں دیتیں۔
چھپے ہوئے آتش فشاں اتنے خطرناک کیوں؟
سائنسدانوں کے مطابق فعال آتش فشانوں میں سے 50 فیصد سے بھی کم کی باقاعدہ نگرانی کی جاتی ہے۔ جن ممالک میں وسائل کم ہیں ، جیسے افریقی، پیسیفک یا جنوب مشرقی ایشیائی خطے، وہاں سینکڑوں آتش فشاں ایسے ہیں جن پر کوئی مانیٹرنگ نہیں ہوتی۔ ان کے اندر بڑھتے ہوئے دباؤ یا تبدیل ہوتے ہوئے میگما کے بارے میں کسی کو خبر نہیں ہوتی نتیجتاً وہ اچانک پھٹ سکتے ہیں۔Mount Etna،ییلو سٹون یا فیوجی جیسے آتش فشانوں پر بے شمار تحقیقی مقالے اور رپورٹس موجود ہیں مگر انڈونیشیا، فلپائن، چلی، پیرو اور ایتھوپیا جیسے ممالک میں موجود کئی آتش فشاں مکمل طور پر نظر انداز ہیں۔ یہ وہ خطے ہیں جہاں آبادی بھی زیادہ ہے اور معاشی و سماجی نقصان بھی زیادہ ہو سکتا ہے۔
اکثر لوگ سمجھتے ہیں کہ آتش فشاں کا اثر صرف اسی علاقے تک محدود رہتا ہے جہاں وہ پھٹتا ہے لیکن تاریخ اس کے برخلاف شواہد پیش کرتی ہے مثلاً 1982ء میں میکسیکو کا El Chichónآتش فشاں اچانک پھٹا تھا حالانکہ اس کا بھی کوئی بڑا تاریخی ریکارڈ موجود نہیں تھا۔ اس دھماکے نے عالمی موسم کو متاثر کیا، بارشوں کے نظام میں تبدیلی آئی، زراعت متاثر ہوئی اور افریقہ سمیت کئی خطوں میں قحط اور بیماریوں کی شدت بڑھی۔یہی خطرہ آج بھی ہمارے سروں پر منڈلا رہا ہے کیونکہ فضامیں جانے والی راکھ اور سلفر کے ذرات سورج کی روشنی روک کر عالمی درجہ حرارت کو گرا سکتے ہیں، بارشوں کے پیٹرن تبدیل کر سکتے ہیں اور معاشی و زرعی عدم توازن پیدا کر سکتے ہیں۔ماہرینِ ارضیات نے خبردار کیا ہے کہ گلوبل وارمنگ کے باعث جیسے جیسے گلیشیئر پگھل رہے ہیں زیرِ برف چھپے ہوئے آتش فشاں آزاد ہو رہے ہیں۔برف کی تہہ ان آتش فشانوں پر ایک قسم کا دباؤ ڈالے رکھتی ہے۔ جب یہ دباؤ کم ہوتا ہے تو میگما اوپر آنے لگتا ہے اور دھماکے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ یہ عمل مستقبل میں ہماری زمین کے لیے نئے خطرات جنم دے سکتا ہے۔
زمین کی گہرائیوں میں چھپا ہوا عالمی خطرہ
اگرچہ ہماری دنیا کو موسمیاتی تغیرات، زلزلوں، طوفانوں اور سمندری سیلابوں جیسے مسائل کا سامنا ہے لیکن سائنسدان متنبہ کر رہے ہیں کہ ایک بڑا آتش فشانی دھماکہ ان تمام بحرانوں کو یکجا کر کے عالمی سطح پر تباہی کا سبب بن سکتا ہے۔یہ دھماکے انسانوں کی پیدا کردہ مشکلات کا نتیجہ نہیں ہوتے لیکن ان کے اثرات ہمارے نظامِ زندگی، خوراک، معیشت، موسم اور فضائی سفر تک سب کچھ بدل سکتے ہیں۔دنیا میں ایسے آتش فشاں موجود ہیں جنہیں ماضی میں کبھی پھٹتے نہیں دیکھا گیا نہ ان کے بارے میں ریکارڈ موجود ہے، نہ ان پر سائنسی آلات نصب ہیں مگر یہی پہاڑ آنے والے برسوں میں سب سے بڑا خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں۔Hayli Gubbi کا اچانک پھٹنا ایک واضح پیغام دیتا ہے کہ خطرہ ہمیشہ وہ نہیں ہوتا جو نظر آئے بلکہ وہ بھی ہوتا ہے جو نظر انداز کر دیا گیا ہو۔زمین ایک زندہ سیارہ ہے، اس کے اندر کی حرارت، اس کے دباؤ، اس کے میگما کے چشمے ہمارے قابو میں نہیں لیکن ہم ان خطرات کو سمجھ کر، تحقیق کر کے اور بہتر منصوبہ بندی کے ذریعے تباہی کو کم ضرور کر سکتے ہیں۔ دنیا کو جھنجوڑنے والی اگلی بڑی تباہی شاید کسی ایسے آتش فشاں سے آئے جس کا نام ہم نے کبھی نہ سنا ہو۔