سول ایوی ایشن کا عالمی دن :فضاؤں سے مستقبل کی سمت کا تعین
اسپیشل فیچر
دنیا جس تیزی سے ترقی کی سمت بڑھ رہی ہے، دنیا کا نقشہ ماضی کے مقابلے میں آج کہیں زیادہ چھوٹا محسوس ہوتا ہے۔ چند دہائیاں قبل جو فاصلہ ہفتوں اور مہینوں میں طے ہوتا تھا، وہ اب صرف چند گھنٹوں کا سفر ہے۔ اس سفر میں ہوابازی کا کردار پہلے سے کہیں زیادہ اہم اور فیصلہ کن ہو چکا ہے۔ بین الاقوامی تجارت سے لے کر سیاحت، سفری سہولتوں سے لے کر ہنگامی امداد تک، ہر میدان میں سول ایوی ایشن جدید دور کی شہ رگ کی حیثیت رکھتی ہے۔
ہر سال 7 دسمبر کو منایا جانے والا سول ایوی ایشن کا عالمی دن اسی حقیقت کی یاد دہانی ہے کہ محفوظ، منظم اور پائیدار فضائی نظام نہ صرف عالمی معیشت کا اہم ستون ہے بلکہ اقوام کے درمیان رابطوں، تعاون اور سمجھ بوجھ کو فروغ دینے کا ایک طاقتور ذریعہ بھی ہے۔ اس دن کا مقصد شہری ہوا بازی کی عالمی ترقی میں اہمیت کو اجاگر کرنا اور مستقبل میں اسے مزید محفوظ، ماحول دوست اور جدید بنانے کے عزم کو تازہ کرنا ہے۔
سول ایوی ایشن کا عالمی دن ''انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن‘‘ (ICAO) کے قیام کی یاد میں منایا جاتا ہے، جس کا مقصد بین الاقوامی فضائی سفروں کو محفوظ، منظم اور ہم آہنگ قواعد و ضوابط کے تحت چلانا ہے۔ شہری ہوابازی کے عالمی دن کی بنیاد 1994ء میں اس وقت ڈالی گئی جب ''انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن‘‘ کی 50 ویں سالگرہ منائی جا رہی تھی۔ اس کے بعد سے اس دن کو خصوصیت کے ساتھ ہر سال 7 دسمبر کو منایا جاتا ہے۔ اس کی سرگرمیاں 1996ء میں اس وقت شروع کی گئیں جب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے کینیڈا کے تعاون سے 7 دسمبر کی تاریخ کو اس کی یادگار کے طور پر تسلیم و منظور کیا۔ اقوام متحدہ نے اس دن کو عالمی سطح پر تسلیم کرکے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ ہوابازی صرف ایک سفری ضرورت نہیں بلکہ عالمی امن، معیشت اور ترقی کا مرکزی ستون ہے۔
سول ایوی ایشن آج عالمی معاشی سرگرمیوں میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔بین الاقوامی تجارت کا 40 فیصد سے زائد حصہ فضائی راستوں سے ہوتا ہے۔ لاکھوں افراد روزانہ فضائی سفر کرتے ہیں، جس سے سیاحت کے دروازے کھلتے اور ثقافتوں کے درمیان فاصلہ کم ہوتا ہے۔خطرناک ہنگامی حالات،قدرتی آفات، طبّی ایمرجنسی یا انسانی بحران میں ہوابازی ہی سب سے فوری اور موثر سہولت مہیا کرتی ہے۔
پاکستان میں سول ایوی ایشن کا کردار
پاکستان میں سول ایوی ایشن اتھارٹی (CAA) نہ صرف ہوائی اڈوں کے انتظام و انصرام کی ذمہ دار ہے بلکہ ملک کی فضائی حدود، سیکیورٹی اقدامات، پائلٹس کی تربیت اور ایئر لائنز کے معیار کی نگرانی بھی کرتی ہے۔
ماحولیات اور مستقبل کی ایوی ایشن
عالمی سطح پر ہوابازی کو ماحول دوست بنانے کی کوششیں جاری ہیں، جیسے کہ !
٭...سستے اور ماحول دوست بائیو فیول
٭...کاربن اخراج میں کمی کے پروگرام
٭...الیکٹرک اور ہائبرڈ ایئرکرافٹ پر تحقیق
یہ سب وہ اقدامات ہیں جو آئندہ برسوں میں دنیا کو زیادہ صاف، محفوظ اور پائیدار ہوابازی کی طرف لے جائیں گے۔
محفوظ فضائی سفر،عالمی ضرورت
سول ایوی ایشن کی اہم ترین ذمہ داری مسافروں کی حفاظت ہے۔ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک جدیدریڈار سسٹمز، ایئر ٹریفک مینجمنٹ، پائلٹس کی عالمی معیار کے مطابق تربیت اور بین الاقوامی قوانین پر سختی سے عمل کرتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں ہوابازی دنیا کے محفوظ ترین سفری ذرائع میں شمار ہوتی ہے۔
بعض ایئر لائنز کا سیفٹی ریکارڈ بہت اچھا ہوتا ہے۔ گو کہ ناگہانی حادثہ تو کبھی بھی کسی کو بھی پیش آسکتا ہے، تاہم کچھ ایئر لائنز اپنی جانب سے مسافروں کو محفوظ سفر فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتیں۔ فضائی سفر کیلئے ہمیشہ ایسی ہی ایئر لائن کا انتخاب کیا جائے جن کا سیفٹی ریکارڈ اچھا ہو۔اس کے برعکس ایسی ایئر لائنز جن کے طیاروں میں اکثر خرابی کی اطلاعات سامنے آتی ہوں، کوشش کی جائے کہ ان میں سفر سے گریز کریں۔
کیا طیارے میں کوئی محفوظ سیٹ ہے؟یہ سوال اکثر مسافروں کی طرف سے کیا جاتا ہے۔لندن کی گرین وچ یونیورسٹی نے 2011ء میں ایک ''پانچ قطاروں کے اصول‘‘ کا نظریہ پیش کیاتھا۔اس نظریے کے مطابق اگر آپ ایمرجنسی ایگزٹ کے نزدیک 5 قطاروں میں موجود کسی سیٹ پر بیٹھے ہیں تو کسی حادثے کی صورت میں آپ کے بچنے کا امکان زیادہ ہو سکتا ہے۔تاہم امریکی ایوی ایشن کے ماہرین نے اس کو یکسر مسترد کردیا۔امریکا کے وفاقی ہوا بازی کے ادارے سے تعلق رکھنے والے ان ماہرین کا کہنا ہے کہ جہاز میں کوئی بھی سیٹ محفوظ نہیں کہی جاسکتی۔کسی حادثے کی صورت میں تمام مسافروں اور عملے کو یکساں خطرات لاحق ہوتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ بچنے کا انحصار اس بات پر ہے کہ جہاز کو کس قسم کا حادثہ پیش آیا ہے۔ مثال کے طور پر اگر ایمرجنسی ایگزٹ کے قریب آگ بھڑک اٹھی ہے تو ظاہر ہے اس سے سب سے زیادہ خطرے میں وہی افراد ہوں گے جو اس ایگزٹ کے نزدیک بیٹھے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ حادثے کی صورت میں جہاز کا ہر حصہ مختلف انداز سے متاثر ہوتا ہے لہٰذا یہ کہنا بالکل ناممکن ہے کہ جہاز کی کوئی سیٹ بالکل محفوظ ہے۔
سول ایوی ایشن کا عالمی دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ فضائی سفر محض سہولت نہیں بلکہ ایک ایسا نظام ہے جو دنیا کو جوڑے رکھتا ہے۔ یہ عالمی معیشت کو تقویت دیتا ہے، ثقافتی فاصلے کم کرتا ہے، ہنگامی حالات میں انسانیت کی خدمت کرتا ہے ۔آج ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے ممالک ہوابازی کے شعبے کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالیں، سیکیورٹی اور تربیت کے معیارات کو مزید بہتر بنائیں اور ماحول دوست نظام کی جانب قدم بڑھائیں تاکہ آنے والی نسلیں بھی محفوظ فضائی دنیا سے فائدہ اٹھا سکیں۔