آن لائن ہراسانی :خواتین کی بڑھتی ہوئی غیر محفوظ صورتحال
اسپیشل فیچر
ڈیجیٹل دنیا نے انسانوں کے درمیان رابطے کے نئے ذرائع پیدا کیے ہیں، لیکن اسی دنیا میں لاکھوں خواتین اور لڑکیاں ہر روز '' تشدد اور بدسلوکی‘‘ کا شکار ہو رہی ہیں۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خواتین(UN Women) کے مطابق دنیا کی تقریباً ایک ارب 80کروڑخواتین اور لڑکیاں یعنی خواتین کی مجموعی آبادی کا44 فیصد آن لائن ہراسانی یا تعاقب سے قانونی تحفظ سے محروم ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ دنیا کی آدھی سے زائد خواتین کیلئے ڈیجیٹل دنیا خطرے کا گڑھ بن چکی ہے۔
آن لائن ہراسانی اور بدسلوکی کی نوعیت مختلف شکلوں میں سامنے آتی ہے۔ اس میں نہ صرف ہراسانی اور تعاقب شامل ہیں بلکہ بدنامی، جھوٹی معلومات، رضامندی کے بغیر تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنا، ڈیپ فیک اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز کے ذریعے جعلی مواس اوردھمکیاں دینا بھی شامل ہے۔ یہ تشدد صرف آن لائن محدود نہیں رہتا بلکہ حقیقی زندگی میں خوف، ذہنی اور جسمانی نقصان اور بعض اوقات خواتین کے قتل تک جا پہنچتا ہے۔
قانونی خلا اور کمزور تحفظ
ورلڈ بینک کے مطابق 40 فیصد سے بھی کم ممالک میں خواتین کو آن لائن ہراسانی سے تحفظ دینے والے قوانین موجود ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ دنیا کی 44 فیصد خواتین اور لڑکیاں قانونی خلا کی وجہ سے خطرات کا شکار ہیں۔ کمزور قانونی نظام کی وجہ سے مجرم بلاخوف و خطر اپنے اقدامات جاری رکھتے ہیں جبکہ متاثرہ خواتین اور لڑکیاں غیر محفوظ رہ جاتی ہیں۔خاص طور پر کاروبار یا سیاست میں قیادت کے عہدوں پر فائز خواتین اکثر منظم ہراسانی اور ڈیپ فیک کا شکار بنتی ہیں۔ ان پر غلط معلومات پھیلانے، بدنام کرنے یا انہیں اپنے عہدوں سے ہٹانے کے لیے منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔ یو این ویمن کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر کی تقریباً ایک چوتھائی خاتون صحافیوں کو آن لائن جسمانی تشدد حتیٰ کہ قتل کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔
مصنوعی ذہانت اور آن لائن تشدد
آن لائن ہراسانی میںAI کا کردار بڑھتا جا رہا ہے۔ ڈیپ فیک اورAI ٹولز کے ذریعے سرحد پار تشدد سے دھمکیوں اور بدنامی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ عدالتی نظام اس طرح کے نئے جرائم سے نمٹنے کے لیے تیار نہیں اور ٹیکنالوجی پلیٹ فارمز پر مؤثر احتساب تقریباً موجود نہیں۔ یہ صورتحال مجرموں کو مزید بے خوف بناتی ہے اور متاثرہ خواتین کی آواز کو دبانے کا سبب بنتی ہے۔تاہم کچھ مثبت پیش رفت بھی دیکھنے میں آئی ہے۔ برطانیہ اور آسٹریلیا کے آن لائن سیفٹی ایکٹ، میکسیکو کے اولمپیا ایکٹ اور یورپی یونین کے ڈیجیٹل سیفٹی ایکٹ جیسے قوانین آن لائن تشدد کے خلاف مؤثر اقدامات کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ 117 ممالک نے آن لائن تشدد سے نمٹنے کی اپنی کوششوں کی رپورٹ پیش کی مگر عالمی سطح پر یہ کوششیں اب بھی ناکافی ہیں۔
یو این ویمن نے آن لائن ہراسانی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے چند اہم سفارشات پیش کی ہیں:
عالمی تعاون: ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور AI آلات کو حفاظتی اور اخلاقی معیار کے مطابق بنانے کیلئے ممالک کے درمیان تعاون ضروری ہے۔
مالی معاونت: آن لائن تشدد سے متاثرہ خواتین کی مدد کے لیے حقوق نسواں کی تنظیموں کو مالی اور تکنیکی معاونت فراہم کی جائے۔
قانونی نفاذ: قوانین بہتر بنانے اور ان کے نفاذ کے ذریعے مجرموں کو جوابدہ بنایا جائے تاکہ متاثرہ خواتین تحفظ حاصل کر سکیں۔
خواتین کی شمولیت: ٹیکنالوجی کمپنیوں میں خواتین کی تعداد بڑھائی جائے تاکہ آن لائن ماحول محفوظ بن سکے، نقصان دہ مواد کو ہٹایا جا سکے اور شکایات پر مؤثر کارروائی ہو۔
رویوں میں تبدیلی: ڈیجیٹل خواندگی، آن لائن حفاظت کی تربیت اور زہریلی آن لائن ثقافت کا مقابلہ کرنے کے پروگرام مرتب کیے جائیں تاکہ خواتین اور لڑکیوں کو معلوماتی اور ذہنی تحفظ حاصل ہو۔
آن لائن ہراسانی کا اثر صرف ڈیجیٹل دنیا تک محدود نہیں یہ حقیقی زندگی میں خوف، ذہنی دباؤ اور جسمانی تشدد تک پہنچ سکتا ہے۔ جب خواتین کے خلاف ڈیجیٹل تشدد بڑھتا ہے تو ان کی آوازیں دب جاتی ہیں، وہ عوامی زندگی سے کٹ جاتی ہیں اور بعض اوقات انہیں اپنے پیشہ ورانہ یا ذاتی میدان میں نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔یو این ویمن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سیما بحوث (Sima Bahous)کہتی ہیں کہ جو کچھ آن لائن شروع ہوتا ہے وہ وہاں ہی محدود نہیں رہتا بلکہ یہ حقیقی زندگی میں تشدد اور خطرات کی صورت اختیار کر لیتا ہے۔ اس لیے قوانین اور پالیسیوں کو ٹیکنالوجی کے مطابق تیار کرنا ناگزیر ہے تاکہ خواتین اور لڑکیاں آن لائن اور آف لائن دونوں جگہوں پر محفوظ رہ سکیں۔
آگے کا راستہ
یو این ویمن نے اس بات پر زور دیا ہے کہ دنیا بھر میں فوری اقدامات کیے جائیں اور قانونی خلا کو ختم کرنا، مجرموں کو جوابدہ بنانا اور ٹیکنالوجی پلیٹ فارمز کی ذمہ داری بڑھانا ضروری ہے۔ اس کے ساتھ ہی خواتین کی ڈیجیٹل خواندگی بڑھانا، آن لائن حفاظت کی تربیت دینا اور زہریلی آن لائن ثقافت کا مقابلہ کرنا بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ آن لائن ہراسانی ایک عالمی مسئلہ ہے جو نہ صرف خواتین کی حفاظت بلکہ سماجی اور قانونی ڈھانچے کی مضبوطی کے لیے بھی خطرہ بن چکا ہے۔ قانونی خلا، کمزور احتساب اور مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال کی وجہ سے خواتین غیر محفوظ ہیں لیکن عالمی تعاون، مضبوط قوانین اور ٹیکنالوجی میں خواتین کی شمولیت کے ذریعے یہ مسئلہ کم کیا جا سکتا ہے۔