دنیا کے حیرت انگیز جانور
اسپیشل فیچر
جنہوں نے اپنی شکل و جسامت سے گنیز بک میں جگہ بنائی
دنیا میں بعض جانور اپنی منفرد شکل و انداز کی وجہ سے نہ صرف لوگوں کی توجہ کا مرکز بنتے ہیں بلکہ ریکارڈ بھی قائم کرتے ہیں۔ چاہے وہ غیر معمولی رنگت، غیرمعمولی قد یا عجیب و غریب بالوں اور نقوش کے حامل ہوں۔ ایسے جانور اپنی خصوصیات کی بدولت عالمی شہرت حاصل کرتے ہیں۔ یہ منفرد جانور کبھی تو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں جگہ بناتے ہیں، تو کبھی سوشل میڈیا پر ہزاروں دل جیت لیتے ہیں۔ ان کے حیرت انگیز انداز اور انوکھے مظاہرے انسانوں کیلئے تفریح اور حیرت کا سبب بنتے ہیں اور حیوانات کی خوبصورتی اور تنوع کی نمائندگی کرتے ہیں۔یہاں ہم کچھ ایسے ہی دلچسپ ریکارڈ توڑنے والے جانوروں پر نظر ڈالیں گے۔
ہَمفری:چھوٹا مگر طاقتور
اگر آپ ایک بیل کا تصور کریں تو کیا ذہن میں آئے گا؟ کچھ بڑا، مضبوط اور ناقابلِ شکست؟ بیل اکثر فارم کے ''بادشاہ‘‘ ہوتے ہیں، لیکن کیا آپ نے کبھی منی ایچر بیل دیکھا ہے؟ 27 اپریل 2018ء کو، چھوٹے جانوروں کی دنیا کے ایک ''ستارے‘‘ کو ناپا گیا، اور صرف 67.6 سینٹی میٹر (26.6 انچ) قد کے ساتھ یہ اب تک کا سب سے چھوٹا بیل بن گیا۔ اس کا اصل نام ہائیکنز آرک جیوپیٹر (Heikens Ark Jupiter)ہے، لیکن وہ ''ہَمفری‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس کا قد کالونا ویٹرنری کلینک، آئیووا، امریکہ میں جانچا گیا۔یہ منی ایچر زیبو(Zebu ) نسل کا بیل ہے۔ 2017ء میں جب اس کے مالک نے جانوروں کی نیلامی میں اس کی بولی لگائی، تو قد کی بنیاد پر وہ اسے بچہ سمجھ رہے تھے، لیکن حقیقت میں وہ دو سال کا تھا اور اپنی مکمل بالغ قد تک پہنچ چکا تھا، جو ایک کچن کی کرسی سے زیادہ نہیں تھا۔ ہَمفری اپنے دن ویسے ہی گزارتا ہے جیسے کوئی اور فارم جانور، گھاس کھاتا ہے اور کھیت میں گھومتا ہے، مگر اسے باقی جانوروں سے منفرد بناتا ہے کہ وہ اب گنیز ورلڈ ریکارڈ کا حامل ہے۔
گھریلو بلی کی سب سے لمبی دم
اگلی باری ہے ایک ایسے جانور کی جس نے ریکارڈ بک میں جگہ بنائی اور وہ بھی ایک انتہائی لمبی دُم کے ساتھ۔ امریکہ کی مسٹر پگزلے ایڈمز (Mr. Pugsley Addams) نامی یہ بلی مینکون نسل کی ہے، جو گنیز ورلڈ ریکارڈز کے دو اعزازات کی حامل ہے۔ 24 فروری 2025ء کو اس بات کی تصدیق کی گئی کہ پگزلے نہ صرف زندہ گھریلو بلیوں میں سب سے لمبی دم کا ریکارڈ رکھتی ہے بلکہ اب تک کی کسی بھی گھریلو بلی کی سب سے لمبی دم کا اعزاز بھی اسی کے نام ہے۔ یہ خوبصورت سرمئی بلی مینیسوٹا سے تعلق رکھتی ہے اور اپنی دو بہنوں وِنی اور ڈچس اور بھائی گومیز کے ساتھ رہتی ہے۔ اس خوشگوار گھرانے کی دیکھ بھال بلیوں کی شوقین امانڈا کیمرون کرتی ہیں، جنہوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو بتایا کہ پگزلے انتہائی تجسس پسند، مہم جو اور ذہین ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس کی دم غیر معمولی حد تک لمبی ہے، جو 46.99 سینٹی میٹر (18.5 انچ) لمبی ہے۔
قدآور اور ننھابھینسا
یہاں ہم ایک ہی نسل کے دو حیرت انگیز جانور پیش کر رہے ہیں، جو شکل و جسامت کے لحاظ سے ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہیں۔ سب سے پہلے ہے ''کنگ کانگ‘‘ جو اس وقت دنیا کا سب سے قدآور بھینسے کے طور پر گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہے۔ یہ غیر معمولی طور پر بڑا بھینسا ایک حقیقی دیو قامت جانور ہے اور تھائی لینڈ میں واقع نن لینی فارم پر رہتا ہے۔ کنگ کانگ کی پیدائش 1 اپریل 2021ء کو ہوئی اور فارم کے مالکان نے فوراً محسوس کر لیا کہ وہ دوسرے بھینسوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ بڑا ہے۔ درحقیقت، اس کا قد اوسط بھینسے سے تقریباً 50 سینٹی میٹر زیادہ ہے۔
کیلا کھانے کا شوقین اور انسانوں کے ساتھ کھیل کود پسند کرنے والے اس بھینسے کو 15 جنوری 2025ء کو ناپا گیا، جہاں اس کا قد 186 سینٹی میٹر (6 فٹ 0.8 انچ) پایا گیا۔ یہ پیمائش اس کے کھر سے لے کر کندھوں کے اوپر والے حصے تک کی گئی۔
دوسری جانب قد کے پیمانے پر ہیں رادھا، جو قد میں چھوٹی مگر بے حد دلکش ہیں، اور دنیا کی سب سے چھوٹی زندہ بھینس ہے۔ یہ مادہ مْرّہ (Murrah) نسل کی بھینس ہے، جو مالواڈی، مہاراشٹر، بھارت میں اپنے مالک کے فارم پر پیدا ہوئی، اور اسے 12 ستمبر 2025ء کو ناپا گیا۔ پیمائش کے بعد معلوم ہوا کہ اس کا قد صرف 83.8 سینٹی میٹر (2 فٹ 8 انچ) ہے، جو گنیز ورلڈ ریکارڈ کی حامل دنیا کی سب سے چھوٹی خاتون جیوَتی امگے (بھارت) کے قد سے محض چند انچ زیادہ ہے۔
چھوٹے قد والا گھوڑا
جب آپ گھوڑے کا تصور کرتے ہیں تو شاید لمبی ٹانگوں اور گھنی ایال والا جانور ذہن میں آئے جو سورج ڈھلتے وقت دوڑتا ہوا دکھائی دے؟ مگر یہ ننھا بادشاہ کسی بھی گھوڑے جتنا خوبصورت ہے، بس ذرا سا قد میں چھوٹا ہے۔
پومْکل (Pumuckel) اس وقت دنیا کے سب سے چھوٹے زندہ نر گھوڑے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر چکا ہے، اور اس نے یہ اعزاز 16 اگست 2025ء کو حاصل کیا۔جرمنی کے شہر بریکر فیلڈ میں جب اس کی پیمائش کی گئی تو اس کا قد صرف 52.6 سینٹی میٹر (21.1 انچ) نکلا۔ یہ ننھا سا مشہور گھوڑا توجہ کا شوقین ہے اور اسے تھراپی ہارس کے طور پر تربیت دی گئی ہے، جو اکثر نگہداشت کے مراکز اور اسکولوں کا دورہ کرتا ہے۔
جانوروں کی دنیا میں بے شمار انواع ایسی ہیں جو اپنی جگہ منفرد اور خاص ہیں، اور ہم ان کی کہانیاں دنیا کے ساتھ بانٹنا اور ان حیرت انگیز خوبیوں کا جشن منانا پسند کرتے ہیں جو انہیں وہ بناتی ہیں جو وہ ہیں۔