آج کا دن
اسپیشل فیچر
اینیک (ENIAC)کمپیوٹر
1946 ء میں آج کے روز دنیا کا پہلا ''اینیاک‘‘ (eniac)کمپیوٹر پنسلوینیا یونیورسٹی میں نمائش کیلئے پیش کیا گیا۔ اینیاک یعنی (Electronic Numerical Integrator and Computer) دنیا کا پہلا مکمل الیکٹرانک، جنرل پرپز ڈیجیٹل کمپیوٹر تھا۔یہ کمپیوٹر دوسری جنگ عظیم میں مذکورہ یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے دو ماہرین نے تیار کیا تھا اور اس کا وزن 30 ٹن تھا۔ دنیا کے اس پہلے کمپیوٹر کے پرزہ جات آج بھی واشنگٹن کے عجائب گھر میں موجود ہیں۔
یو ٹیوب کی لانچنگ
14فروری 2005ء کو ویڈیو شیئرنگ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ''یو ٹیوب‘‘ کو لانچ کیا گیا۔ جسے تین نوجوانوں اسٹیو چن، جاوید کریم اور چاڈ ہرلے نے ''پے پال‘‘ کی مدد سے تخلیق کیا تھا۔ اب یہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ''گوگل‘‘ کی ملکیت ہے اور ایک منٹ کے دوران اس پر دنیا بھر سے 100 گھنٹوں سے زائد کی ویڈیو اپ لوڈ کی جاتی ہیں۔ہر ماہ یوٹیوب پر 4 بلین سے زائد گھنٹوں کی ویڈیو دیکھی جاتی ہیں۔
ٹیلی فون پیٹنٹ ہوا
1876ء میں آج کے روز مقبول ترین سائنسدان الیگزینڈر گراہم بیل نے اپنی اہم ایجاد ٹیلی فون کو پیٹنٹ کرایا۔ الیگزینڈر گراہم بیل وہ پہلا شخص تھا جسے ریاستہائے متحدہ نے ایک ایسے آلے کیلئے پیٹنٹ دیا تھا جس نے دوسرے آلے پر انسانی آواز کی واضح طور پر قابل فہم نقل تیار کی تھی۔یہ آلہ آج ترقی کی بیشمار منازل طے کرچکا ہے۔
پولش سوویت جنگ
پولش سوویت جنگ کا آغاز 14 فروری 1919ء کو ہوا۔ یہ لڑائی 18 مارچ 1921ء تک جاری رہی۔ یہ پہلی عالمی جنگ اور روسی انقلاب کے بعد پولش اور سوویت فیڈریشن کے درمیان ان علاقوں پر لڑی گئی جو پہلے روس کے پاس تھے۔مرکزی طاقتوں کے خاتمے اورجنگ بندی کے بعدولادیمیر لینن نے بریسٹ،لیٹوسک کے معاہدوں کو منسوخ کردیا اور فوجوں کو مغرب میں منتقل کرنا شروع کر دیا۔
ایوب خان صدر بنے
1960ء میں آج کے روز ایوب خان پاکستان کے صدر بنے۔انہوں نے 1961ء میںصدارتی طرز کا ایک آئین بنوایا۔ آئین مکمل ہونے کے بعد 1962ء میں عام انتخابات ہوئے اور مارشل لاء ختم کر دیا گیا ۔ وہ 9سال تک ملک کے صدر رہے، ان کے دور میں پاکستان نے بے پناہ ترقی کی ۔ انہوں نے 25 مارچ 1969ء کواپنے عہدے سے استعفیٰ دے کر اقتدار یحییٰ خان کے حوالے کر دیا۔
بیروت میں بم دھماکا
14 فروری 2005ء کو لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ایک ہولناک بم دھماکے کے نتیجے میں سابق وزیراعظم رفیق حریری سمیت کم از کم 23 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ یہ دھماکا اس وقت ہوا جب حریری کا قافلہ شہر کے ایک مرکزی علاقے سے گزر رہا تھا۔ دھماکے کی شدت تقریباً ایک ہزار کلو گرام ٹی این ٹی کے برابر بتائی گئی، جس نے قافلے کو مکمل طور پر تباہ کر دیا اور آس پاس کے علاقے میں شدید نقصان پہنچایا۔ اس واقعے کے بعد ملک میں بڑے پیمانے پر احتجاج شروع ہو گئے۔