ہاؤس برپنگ: صحت مند گھریلو فضا کا سادہ مگر مؤثر طریقہ
اسپیشل فیچر
جدید دور میں جہاں گھروں کو ہر موسم میں بند رکھنا معمول بنتا جا رہا ہے، وہیں صحتِ عامہ سے متعلق نئے خدشات بھی جنم لے رہے ہیں۔ بند کمروں میں گردش کرتی ہوا جراثیم، وائرس اور مضر ذرات سے آلودہ ہو کر انسانی صحت پر منفی اثرات ڈال سکتی ہے۔ ایسے میں ''ہاؤس برپنگ‘‘ کا نیا رجحان توجہ حاصل کر رہا ہے، جس کے تحت لوگ باقاعدگی سے کھڑکیاں اور دروازے کھول کر گھروں کی فضا کو تازہ ہوا سے بدلتے ہیں۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ سائنس دانوں نے بھی اس سادہ مگر مؤثر عادت کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عمل واقعی گھروں میں موجود جراثیم سے بھرپور ہوا کو خارج کرنے اور صحت مند ماحول قائم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ماہرین اب صاف ستھری اور تازہ ہوا کو بہتر صحت کی بنیادی ضرورت قرار دے رہے ہیں۔
''ہاؤس برپنگ‘‘ سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہونے والا نیا رجحان ہے، جس میں لوگ سردیوں کی شدید ٹھنڈ میں بھی اپنے گھروں کی کھڑکیاں پوری طرح کھول دیتے ہیں، اس امید کے ساتھ کہ جراثیم سے بھرپور ہوا کو باہر نکالا جا سکے۔ایک صارف نے کہاکہ مجھے نہیں معلوم آپ نے اس کے بارے میں سنا ہے یا نہیں، لیکن میں نے یہ ابھی ٹک ٹاک پر سیکھا ہے۔ آپ کو اپنے گھر کو ''برپ‘‘ کرنا چاہیے۔ ایک اور صارف نے زور دیتے ہوئے کہا کہ سردی کے باوجود گھر کی ''ہاؤس برپنگ‘‘ بے حد ضروری ہے۔جبکہ ایک صارف نے مذاقاً کہا کہ نئے لوگ اسے ''ہاؤس برپنگ‘‘ کہتے ہیں، میں تو اسے ''روزانہ گھر میں تازہ ہوا آنے دینا محض عام سی عقل کی بات‘‘ کہتا ہوں۔
اس کے منفرد نام کی وجہ سے بظاہر ایسا لگتا ہے کہ ''ہاؤس برپنگ‘‘ محض ایک فضول فیشن ہے، لیکن اب آئرلینڈ کی یونیورسٹی آف لیمریک میں شعبہ صحتِ عامہ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر وکرم نیرنجن کا کہنا ہے کہ یہ طریقہ واقعی مؤثر ہے۔ وہ گھر جہاں کبھی ''ہاؤس برپنگ‘‘ نہیں کی جاتی، وہاں اندرونی آلودگی کی سطح زیادہ اور سانس سے خارج ہونے والی ہوا کا اجتماع بڑھ جاتا ہے، خاص طور پر وائرس کے موسم میں۔انہوں نے مزید کہاکہ اپنے گھر کو درست وقت پر ایک مختصر ''اسپا بریک‘‘ دیں۔ کھڑکیاں کھول دیں، باسی ہوا کو باہر نکلنے دیں اور تازہ ہوا کو اندر آنے دیں۔ آپ کے پھیپھڑے، دماغ اور حتیٰ کہ آپ کے پالتو جانور بھی اس پر شکر گزار ہوں گے۔
اگرچہ اس وقت ''ہاؤس برپنگ‘‘ ٹک ٹاک پر تیزی سے مقبول ہو رہی ہے، لیکن درحقیقت یہ عمل جرمنی میں برسوں سے رائج ہے۔وہاں اسے ''لوفٹن‘‘ (Lüften) یعنی ہوا کی تبدیلی، یا ''شٹوس لوفٹن‘‘ (Stoßlüften) یعنی جھٹکے سے ہواداری کہا جاتا ہے۔اس کا تصور نہایت سادہ ہے۔آپ چند منٹ کیلئے اپنے گھر کی کھڑکیاں اور دروازے پوری طرح کھول دیتے ہیں تاکہ تازہ ہوا تیزی سے اندر داخل ہو کر باسی اندرونی ہوا کی جگہ لے لے۔
ڈاکٹر نیرنجن کے مطابق: گھروں کی اندرونی فضا میں غسل اور کھانا پکانے سے نمی، چولہوں اور موم بتیوں سے دھواں اور ذرات، صفائی کے اسپرے اور فرنیچر سے نکلنے والے کیمیکلز، اور انسانوں کے سانس سے خارج ہونے والے باریک ذرات اور وائرس جمع ہو جاتے ہیں۔انہوں نے وضاحت کی کہ جب گھر کو ''برپ‘‘ کیا جاتا ہے تو باہر کی تازہ ہوا کا اچانک بہاؤ اس مرکب کو پتلا کر دیتا ہے اور اس کا بڑا حصہ باہر دھکیل دیتا ہے۔
تاہم، ہاؤس برپنگ کے فوائد آپ کے گھر کے محل وقوع کے لحاظ سے مختلف ہو سکتے ہیں۔مثال کے طور پر، اگر آپ کسی مصروف مرکزی سڑک یا موٹر وے کے قریب رہتے ہیں تو گھر کی ''ہاؤس برپنگ‘‘ الٹا آلودہ ہوا کو اندر لے آنے کا سبب بن سکتی ہے۔اس حوالے سے ڈاکٹر نیرنجن نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ مصروف اوقات میں سڑک کے کنارے واقع گھروں کی کھڑکیاں کھولنے سے گاڑیوں کے دھوئیں، ٹائروں اور بریک کی گرد کا ریلا اندر آ سکتا ہے، عین اس وقت جب ٹریفک کی آلودگی اپنی انتہا پر ہوتی ہے۔
گھر کی ''ہاؤس برپنگ‘‘ کیلئے درست وقت کا انتخاب بھی نہایت اہم ہے۔اگر آپ کسی شہر میں رہتے ہیں تو بہتر یہی ہے کہ صبح اور شام کے اوقاتِ آمد و رفت (کمیوٹ ٹائم) سے گریز کریں، کیونکہ ان اوقات میں بیرونی فضائی آلودگی عموماً اپنی بلند ترین سطح پر ہوتی ہے۔ڈاکٹر نیرنجن نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ان اوقات کے علاوہ مختصر وقفوں کیلئے ''ہاؤس برپنگ‘‘ کرنایا بارش کے فوراً بعد، جب ہوا میں موجود کچھ ذرات عارضی طور پر دھل جاتے ہیںانفیکشن سے بچاؤ اور آلودگی سے نمائش کے درمیان بہتر توازن فراہم کر سکتا ہے۔اس کے ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ ہاؤس برپنگ کا عمل صرف مختصر وقت کیلئے ہو، کیونکہ زیادہ دیر تک کھڑکیاں کھلی رکھنے سے گھر باقی دن کے لیے ٹھنڈا ہو سکتا ہے۔