آج کا دن
اسپیشل فیچر
امریکہ، میکسیکو جنگ
13 مئی 1846ء کو امریکی کانگریس نے میکسیکو کے خلاف جنگ کا اعلان کیا۔ یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب دونوں ممالک کے درمیان ٹیکساس کی ملکیت اور سرحدی تنازعات شدت اختیار کر گئے تھے۔ امریکہ نے دعویٰ کیا کہ ریو گرانڈے دریا تک کا علاقہ اس کا حصہ ہے جبکہ میکسیکو اسے اپنی سرزمین سمجھتا تھا۔یہ جنگ تقریباً دو سال تک جاری رہی اور اس کے دوران امریکہ نے میکسیکو کے بڑے حصے جیسے کیلیفورنیا، نیواڈا، یوٹاہ، ایریزونا اور نیو میکسیکو پر قبضہ کر لیا۔
برازیل میں غلامی کا خاتمہ
13 مئی 1888ء کو برازیل کی شہزادی ایزابیل نے ایک تاریخی قانون پر دستخط کیے جس کے ذریعے برازیل میں غلامی کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا۔ اُس وقت برازیل دنیا کا آخری بڑا ملک تھا جہاں غلامی قانونی طور پر جاری تھی۔اُس وقت برازیل میں تقریباً سات لاکھ غلام موجود تھے، جو زیادہ تر زرعی شعبے خصوصاً کافی کے باغات میں کام کرتے تھے۔اس قانون کے مطابق تمام غلاموں کو بغیر کسی معاوضے یا شرط کے آزاد کر دیا گیا۔ یہ فیصلہ انسانی حقوق کی تاریخ میں ایک بہت بڑی کامیابی سمجھا جاتا ہے۔
پہلی فارمولا ون ورلڈ چیمپئن شپ ریس
13 مئی 1950ء کو برطانیہ کے مشہور ریس ٹریک سلورسٹون پر پہلی پہلی فارمولا ون ورلڈ چیمپئن شپ ریس منعقد ہوئی۔ یہ جدید موٹر ریسنگ کی تاریخ کا آغاز سمجھا جاتا ہے۔اس ریس میں مختلف ممالک کے ڈرائیورز نے شرکت کی اور الفا رومیو کی گاڑیوں نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ Giuseppe Farina نے یہ تاریخی ریس جیت کر پہلا F1 عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ بعد کے سالوں میں یہ کھیل دنیا کا سب سے مشہور اور مہنگا موٹر اسپورٹس بن گیا۔
پوپ جان پال پر قاتلانہ حملہ
13 مئی 1981ء کو ویٹیکن سٹی میں سینٹ پیٹرز سکوائر کے اندر پوپ جان پال دوم پر قاتلانہ حملہ کیا گیا۔ حملہ آور ایک ترک شہری تھا جس نے پوپ پر گولیاں چلائیں۔پوپ شدید زخمی ہو گئے اور انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں طویل آپریشن کے بعد ان کی جان بچائی گئی۔ یہ واقعہ دنیا بھر میں چونکا دینے والا تھا۔بعد میں پوپ نے اپنے حملہ آور کو معاف کر دیا، جو انسانی برداشت اور معافی کی ایک بڑی مثال بن گیا۔ اس واقعے کے پیچھے مختلف سیاسی اور خفیہ سازشوں کے نظریات بھی سامنے آئے لیکن مکمل حقیقت آج تک واضح نہیں ہو سکی۔
فلاڈیلفیا MOVE بمباری
13 مئی 1985ء کو امریکہ کے شہر فلاڈیلفیا میں پولیس نے ایک مذہبی و سیاسی گروہ ''MOVE‘‘ کے خلاف آپریشن کیا جو ایک بڑی تباہی پر ختم ہوا۔ پولیس نے گروہ کے گھروں پر بم گرائے جس کے نتیجے میں شدید آگ لگ گئی۔ جس سے پورا رہائشی بلاک تباہ ہو گیا۔اس واقعے میں 11 افراد ہلاک ہوئے جن میں بچے بھی شامل تھے ۔یہ واقعہ امریکی تاریخ کے سب سے متنازع پولیس آپریشنز میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ بعد میں حکومت نے اس واقعے پر معذرت بھی کی اور اسے انتہائی غلط فیصلہ قرار دیا گیا۔MOVE پہلے بھی متنازع گروہ تھا مگر اس کارروائی نے انسانی حقوق، پولیس فورس اور ریاستی تشدد پر بڑے سوالات اٹھا دیے۔