الاسکا: سیاحوں کیلئے پُر کشش کیوں؟
اسپیشل فیچر
دنیا بھر میں قدرتی حسن سے مالا مال مقامات سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں، لیکن الاسکا اپنی منفرد جغرافیائی خصوصیات، برف پوش پہاڑوں، وسیع گلیشیئرز، دلکش جنگلات اور نایاب جنگلی حیات کی وجہ سے ایک خاص مقام رکھتا ہے۔ امریکہ کی سب سے بڑی ریاست کہلانے والا الاسکا فطرت کے ایسے حیرت انگیز مناظر پیش کرتا ہے جو دیکھنے والوں کو مسحور کر دیتے ہیں۔ ہر سال لاکھوں سیاح یہاں کی شفاف جھیلوں، برفانی وادیوں،روشنیوں اور مہم جوئی سے بھرپور سرگرمیوں سے لطف اندوز ہونے کیلئے آتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ الاسکا دنیا کے مقبول ترین سیاحتی مقامات میں شمار ہوتا ہے۔
دنیا بھر سے سیاحوں کی ایک بڑی تعداد ہر سال الاسکا آ تی ہے۔قومی سیاحتی ایسوسی ایشن کے مطابق دنیا بھر سے الاسکا آنے والوں میں یورپی سیاحوں کی تعداد تسلسل سے سب سے زیادہ (38فیصد) چلی آ رہی ہے۔ تاہم چین، بھارت، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے آنے والے سیاحوں کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
الاسکا میں واقع آٹھ میں سے کسی ایک نیشنل پارک میں جا کر سیاح کراس کنٹری سکی اِنگ کے ذریعے پہاڑوں اور گلیشیئر کے نظاروں سے لطف اندوز ہو تے ہیں۔ ریاست میں دیگر مقبول سیاحتی سرگرمیوں میں کیاک کشتی رانی، گھومنا پھرنا، گلیشیئراور پہاڑوں پر چڑھائی اور دریا کے تند و تیز پانیوں میں کشتی چلانا شامل ہیں۔ سیاح سمندر میں ہیلی بٹ اور کنگ سالمن قسم کی مچھلیوں کے شکار، الاسکا کے بہت سے دریاؤں، ندیوں اور جھیلوں میں ٹراؤٹ مچھلی پکڑنے کیلئے بھی یہاں کا رخ کرتے ہیں۔
الاسکا جنگلی حیات کے نظارے کیلئے دنیا کے بہترین مقامات میں سے ایک ہے۔ مثال کے طور پر آرکٹک ساحل کے قریب کونگاکٹ دریا میں اترائی کے رخ کشتی چلانے سے بھورے ریچھوں، کیریبو کہلانے والے برفانی ہرنوں کے ریوڑ اور سنہری عقابوں کو دیکھنے کا موقع مل سکتا ہے۔ الاسکا کے بیابان علاقوں میں واقع لکڑی کے بنے کسی گھروندے میں ٹھہرنے سے آپ مکمل تنہائی میں جنگلی حیات کا نظارہ کر سکتے ہیں۔ الاسکا کے پہاڑوں کے درمیان ٹرین کا سفر، پس منظر میں برف سے ڈھکے پہاڑ آپ کو عجب ہی نظارہ دیں گے۔وائٹ پاس اور یوکون کے راستے پر ریل کی پٹری ''سکیگوے‘‘ کی جانب جاتی پہاڑی چوٹیوں کے ساتھ ساتھ چلتی ہے۔
ریل کا سفر الاسکا میں اہم ترین سیاحتی سرگرمیوں میں سے ایک ہے جہاں سیاح محفوظ اور آرام دہ طور سے ریل گاڑی میں کھڑکی کے قریب بیٹھ کر مختلف النوع نظاروں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ الاسکا میں ریل کی 756 کلومیٹر طویل پٹری جزیرہ نما کینائی میں سیوارڈ سے لے کر شمال کی جانب اینکریج، ٹلکیٹنا، ڈینالی نیشنل پارک اور فیئربینکس تک جاتی ہے۔
الاسکا میں مغربی اینکریج کے علاقے پوائنٹ ورونزوف پر آسمان میں شمالی روشنیاں رقص کناں ہوتی ہیں۔ستمبر کے وسط سے اپریل کے اواخر تک سیاحوں کی بڑی تعداد شمالی روشنیاں دیکھنے الاسکا کا رخ کرتی ہے جو کہ آرکٹک خطوں میں فطری روشنیوں کا قابل دید نظارہ ہوتا ہے۔ صاف راتوں میں خیرہ کن سبز، نیلی، سرخ اور جامنی روشنیاں ستاروں بھرے آسمان پر رقص کرتی دکھائی دیتی ہیں۔ دراصل یہ قطبی روشنیاں سورج کی تمازت سے برقی طور پر چارج ذرات اور زمینی ماحول میں گیسوں کے ذرات کے مابین ٹکراؤ سے جنم لیتی ہیں۔مارچ میں سیاح، کتا گاڑیوں کی دوڑ دیکھنے یہاں آتے ہیں جس ''‘آڈیٹاراڈ‘‘ کہا جاتا ہے۔ طویل فاصلے کے اس مقابلے میں برفانی کتا گاڑیاں اینکریج سے نومے تک اندازاً 1,688 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتی ہیں ۔