آج کا دن
اسپیشل فیچر
یورپ کا خلائی کارنامہ
15جون 1988ء کو یورپی خلائی پروگرام کیلئے ایک اہم سنگِ میل اس وقت عبور کیا گیا جب اریانے 4 راکٹ نے اپنی پہلی کامیاب پرواز بھری۔ یہ راکٹ مصنوعی سیاروں کو مدار میں پہنچانے کیلئے تیار کیا گیا تھا اور اس کی لانچنگ نے یورپ کی خلائی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کیا۔ پہلی پرواز کی کامیابی نے اریانے 4 کو دنیا کے قابلِ اعتماد ترین تجارتی خلائی راکٹوں میں شامل ہونے کی راہ ہموار کی۔ بعد ازاں اس راکٹ نے متعدد مواصلاتی، سائنسی اور موسمیاتی سیارچوں کو خلا میں پہنچایا۔
فلپائن:قدرتی آفت کی ہولناکی
1991ء میں آج کے روز فلپائن میں واقع ماؤنٹ پیناٹوبو آتش فشاں اچانک دھماکے کے ساتھ پھٹ پڑا۔ یہ بیسویں صدی کے دوسرے بڑ ے آتش فشانی دھماکوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس تباہ کن قدرتی آفت سے 800 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ آتش فشاں سے نکلنے والی راکھ، دھواں اور گرم مادے نے قریبی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے ہزاروں افراد بے گھر ہوئے۔
جاپان میں زلزلہ
15جون 1896ء میں جاپان کی تاریخ کے مہلک ترین سونامیوں میں سے ایک نے ملک کے شمال مشرقی ساحلی علاقوں کو شدید تباہی سے دوچار کر دیا۔ زلزلے کے بعد پیدا ہونے والی دیوقامت سمندری لہریں تیزی سے ساحلوں سے ٹکرائیں اور اپنے راستے میں آنے والی بستیوں، گھروں اور کشتیوں کو بہا لے گئیں۔ اس ہولناک قدرتی آفت کے نتیجے میں 22 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ہزاروں زخمی اور بے گھر ہوئے۔یہ واقعہ آج بھی تاریخ کے المناک ترین سونامیوں میں شمار ہوتا ہے۔
پیٹرز برگ کی جنگ
1864ء میں آج کے روز امریکی خانہ جنگی کے دوران پیٹرزبرگ کی دوسری جنگ کا آغاز ہوا، جو جنگ کے اہم ترین معرکوں میں شمار کی جاتی ہے۔ یہ لڑائی ریاست ورجینیا کے شہر پیٹرزبرگ کے قریب لڑی گئی، جہاں وفاقی (یونین) افواج نے کنفیڈریٹ فوج کے مضبوط دفاعی مورچوں پر دباؤ بڑھانے کی کوشش کی۔ اس جنگ کا مقصد پیٹرزبرگ کی اہم رسد گاہوں اور ریلوے رابطوں پر قبضہ حاصل کرنا تھا۔
اوریگون معاہدہ
15جون1846ء کو برطانیہ اور ریاستہائے متحدہ امریکہ کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط ہوئے جسے اوریگون معاہدہ کہا جاتا ہے۔ اوریگون کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان غیر یقینی کی صورتحال پائی جاتی تھی ۔اس معاہدے میں دونوں ممالک نے مشترکہ حل تلاش کیا اور تنازع ختم کر لیا۔اس علاقے پر1818ء کے معاہدے کے بعد سے برطانیہ اور امریکہ دونوں نے مشترکہ قبضہ کر رکھا تھا۔
عثمانی تاریخ کا سنگ میل
1826ء میں سلطنتِ عثمانیہ میں ایک اہم تاریخی واقعہ پیش آیا۔ جسے ''Auspicoius Incident‘‘ کہا جاتا ہے۔ اس دوران عثمانی فوج کے طاقتور دستے نے سلطان محمد دوم کی اصلاحات کے خلاف بغاوت کر دی۔ سلطان نے اس بغاوت کو کچلنے کیلئے وفادار افواج اور توپ خانے کا استعمال کیا۔ بغاوت کی ناکامی کے بعد جنیسری فوج کو مکمل طور پر تحلیل کر دیا گیا، جس سے ان کی صدیوں پر محیط سیاسی و عسکری طاقت کا خاتمہ ہوگیا۔