آج کا دن
اسپیشل فیچر
روآنُوک بستی کا معمہ
18 اگست 1590ء کو شمالی امریکہ کی انگریزی نوآبادیاتی تاریخ کا ایک مشہور اور آج تک حل نہ ہونے والا واقعہ پیش آیا۔ انگریز مہم جُو اور روآنُوک بستی کا گورنر جان وائٹ تین سال کی طویل غیر حاضری کے بعد روآنُوک جزیرے پر واپس پہنچا تو وہاں آبادکاروں کا کوئی نشان موجود نہیں تھا۔ اس واقعے نے بعد میں ''گم شدہ روآنُوک بستی‘‘ کے نام سے ایک تاریخی معمے کو جنم دیا۔وائٹ 18 اگست 1590ء کو بستی کے مقام پر پہنچا اور وہاں نہ کوئی انسان ملا نہ کوئی واضح جنگی تباہی کے آثار البتہ ایک درخت پر ''کرو‘‘ اور قلعہ نما حفاظتی دیوار پر ''کروایٹون‘‘ کے الفاظ کندہ تھے۔ مورخین آج تک قطعی طور پر یہ نہیں بتا سکے کہ آبادکاروں کے ساتھ کیا ہوا۔
مریخ کا چاند دریافت
18 اگست 1877ء کو امریکی ماہرِ فلکیات آساف ہال نے مریخ کے دوسرے چاند فوبوس کو دریافت کیا۔ یہ دریافت واشنگٹن ڈی سی میں واقع امریکی بحری رصدگاہ میں ہوئی۔ ناسا کے مطابق آساف ہال نے 1877ء میں مریخ کے دونوں چاند دریافت کیے؛ پہلے ڈیموس اور اس کے چند دن بعد فوبوس کو شناخت کیا۔فوبوس مریخ کا سب سے بڑا اور مریخ کے سب سے قریب گردش کرنے والا چاند ہے۔ اس کا مدار مریخ کی سطح سے تقریباًچھ ہزار کلومیٹر بلند ہے اور یہ تقریباً ساڑھے سات گھنٹے میں مریخ کے گرد ایک چکر مکمل کرتا ہے۔ بعد میں خلائی مشنز نے فوبوس اور ڈیموس کا تفصیلی مطالعہ کیا جس سے مریخ کے ماضی، اس کے چاندوں کی ساخت اور ان کے ارتقائی امکانات کو سمجھنے میں مدد ملی۔
کارل جاتھو کی پرواز
جرمن موجد اور انجینئر کارل جاتھو نے 18 اگست 1903ء کو جرمنی کے شہر ہنوور کے قریب اپنے تیار کردہ موٹر سے چلنے والے طیارے کو اڑانے کا تجربہ کیا۔ بعض روایات کے مطابق جاتھو نے کئی مختصر پروازیں کیں ۔واضح رہے رائٹ برادران نے 17 دسمبر 1903ء کو امریکہ کے علاقے کٹی ہاک میں اپنی مشہور پہلی کامیاب پرواز کی تھی یعنی جاتھو کے مبینہ تجربے کے تقریباً چار ماہ بعدتاہم جاتھو کو دنیا کا پہلا کامیاب ہواباز تسلیم کرنے پر مورخین میں اختلاف ہے۔ ان کی پرواز کے شواہد رائٹ برادران کے مقابلے میں کم واضح اور کم دستاویزی ہیں اسی وجہ سے عام طور پر رائٹ برادران کو پہلی باقاعدہ ہوائی پرواز کا کریڈٹ دیا جاتا ہے تاہم جاتھو کی کوششیں ہوابازی کی ابتدائی ترقی میں قابلِ ذکر ضرور ہیں۔
امریکی خواتین کا حقِ رائے دہی
18 اگست 1920ء کو ریاست ٹینیسی نے امریکی آئین کی انیسویں ترمیم کی توثیق کرکے خواتین کے حقِ رائے دہی کی آئینی راہ ہموار کردی۔ ٹینیسی اس ترمیم کی توثیق کرنے والی 36ویں ریاست تھی اور اس وقت آئینی ترمیم کے لیے تین چوتھائی ریاستوں کی منظوری ضروری تھی۔خواتین کو ووٹ کا حق دلانے کی جدوجہد کئی دہائیوں پر محیط تھی۔ خواتین کی منظم حقِ رائے دہی کی تحریک 19ویں صدی کے وسط میں مضبوط ہوئی ۔ 18 اگست1920ء کو ترمیم کی ریاستی توثیق مکمل ہوئی جبکہ اسے امریکی آئین کا باقاعدہ حصہ قرار دینے کی وفاقی تصدیق 26 اگست کو وزیر خارجہ بین برج کولبی نے کی۔اس واقعے نے امریکی جمہوریت میں خواتین کی سیاسی شرکت کو آئینی بنیاد فراہم کی اور خواتین کے لیے قومی سطح پر سیاسی عمل میں شرکت کا راستہ کھولا۔
انڈونیشیا ، آئین کی منظوری
18اگست 1945ء کو انڈونیشیا کا آئین منظور کیا گیا، اس طرح آزادی کے اعلان کے فوراً بعد ملک کو ایک باقاعدہ سیاسی قیادت فراہم ہوگئی اور ایک قومی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا تاکہ پارلیمانی اداروں کے باقاعدہ قیام تک صدر اور نائب صدر کے کام میں معاونت کی جا سکے۔ انڈونیشیا کے بنیادی ریاستی اصول جنہیں پنچ سیلا کہا جاتا ہے کی حتمی آئینی صورت بھی اسی مرحلے میں سامنے آئی۔ پنچ سیلا کی تشکیل طویل سیاسی اور فکری عمل کا نتیجہ تھی جس کی حتمی صورت 18 اگست 1945ء کو طے ہوئی۔یوں 18 اگست 1945ء محض آزادی کے اگلے دن کا ایک اجلاس نہیں تھا بلکہ نئی انڈونیشی ریاست کو عملی حکومتی شکل دینے کا بنیادی مرحلہ تھا۔