آج کا دن
اسپیشل فیچر
گلیلیو مشن کا اختتام
21ستمبر 2003ء کوناسا کے خلائی جہاز ''گلیلیو‘‘ کا مشن اختتام پذیر ہوا۔ گلیلیو نے کئی برس تک مشتری کے گرد گردش کرتے ہوئے اس سیارے اور اس کے چاندوں کے بارے میں قیمتی معلومات اور تصاویر زمین پر بھیجیں۔ مشن مکمل ہونے کے بعد خلائی جہاز کو جان بوجھ کر مشتری کے ماحول میں داخل کر دیا گیا، جہاں شدید دباؤ اور درجہ حرارت کے باعث وہ تباہ ہوگیا۔
تائیوان کا تباہ کن زلزلہ
21 ستمبر 1999ء کو وسطی تائیوان میں 7.7 شدت کا شدید زلزلہ آیا، جس نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ زلزلے کے نتیجے میں تقریباً 2,400 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ ہزاروں افراد زخمی اور بے گھر ہوگئے۔ متعدد عمارتیں، سڑکیں اور دیگر بنیادی ڈھانچے بھی شدید متاثر ہوئے۔ اس قدرتی آفت کو تائیوان کی جدید تاریخ کے تباہ کن ترین زلزلوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
روس میں آئینی بحران
1993ء میں آج کے روزروسی صدر بورس یلسن نے پارلیمنٹ کو معطل کرکے اور 1978ء کے آئین کو ختم کرتے ہوئے ملک میں ایک سنگین آئینی بحران پیدا کر دیا۔ یلسن کے اس اقدام کے بعد صدر اور پارلیمنٹ کے درمیان اختیارات کی شدید کشمکش شروع ہوگئی۔ سیاسی اختلافات نے شدت اختیار کی اور روس کا سیاسی نظام ایک بڑے بحران سے دوچار ہوگیا۔
آرمینیا کی آزادی
ماسکو میں ناکام بغاوت کے بعد 21ستمبر 1991ء کوآرمینیا نے سرکاری طور پر اپنی آزاد ریاست کا اعلان کیا۔ لیون ٹیرپیڑوسیان 16 اکتوبر1991ء کو نئے آزاد آرمینیا کے پہلے صدر منتخب ہوئے۔ لیون آرمینیائی آبادی والے علاقے کاراباغ کے اتحاد کیلئے شروع ہونے والی تحریک کی قیادت کر کے نمایاں ہوئے تھے۔ 26 دسمبر 1991ء کو سوویت یونین کا وجود ختم ہو گیا اور آرمینیا کی آزادی کو تسلیم کر لیا گیا۔
نیویارک کی آگ
نیو یارک کی آگ ایک تباہ کن آگ تھی جو 21 ستمبر 1776ء کی صبح اس کے مغربی کنارے پر لگی۔ یہ واقعہ امریکی انقلابی جنگ کے دوران برطانوی افواج کی جانب سے شہر پر قبضے کے ابتدائی دنوں میں پیش آیا۔ آگ نے شہر کی تقریباً 10 سے 25 فیصد عمارتوں کو تباہ کر دیا، جبکہ شہر کے کچھ غیر متاثرہ حصوں کو لوٹ لیا گیا۔ بہت سے لوگوں کو یقین تھا کہ یہ آگ جان بوجھ کر لگائی گئی۔
اورلینڈو کا قتل
21 ستمبر 1976ء کو چلی کے ڈکٹیٹر آگسٹو پنوشے کے ایک سرکردہ مخالف اورلینڈو لیٹیلئیر کو واشنگٹن ڈی سی میں ایک کار بم دھماکے میں قتل کر دیا گیا۔ لیٹیلیئرامریکہ میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہے تھے۔ یہ قتل چلی کی خفیہ پولیس کے ایجنٹوں نے کیا۔ قتل آپریشن کنڈور میں کئے گئے بہت سے قتل میں سے ایک تھا۔ امریکی خفیہ ایجنسی کی دستاویزات بھی اس بات کی تصدیق کرتی ہیں کہ لیٹیلئیر کو قتل کرنے کا حکم براہ راست آگسٹو پنوشے کی جانب سے دیا گیا تھا۔