ویپنگ

ویپنگ

اسپیشل فیچر

تحریر : ڈاکٹر سہیل اختر


نوجوان نسل کی صحت کیلئے بڑھتا ہوا خطرہ

جدید دور میں ویپنگ کو سگریٹ نوشی کے نسبتاً کم نقصان دہ متبادل کے طور پر پیش کیا گیا، مگر وقت گزرنے کے ساتھ اس کے مضر صحت اثرات سے متعلق تشویشناک حقائق سامنے آ رہے ہیں۔ ایک تحقیقی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ویپنگ پھیپھڑوں کے مسائل، ڈپریشن اور آنکھوں کی مختلف بیماریوں سے تعلق رکھتی ہے، جبکہ اس عادت میں مبتلا نوجوانوں کے مستقبل میں روایتی سگریٹ نوشی کی جانب مائل ہونے کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔ یہ صورتحال بالخصوص نوجوان نسل کی صحت اور مستقبل کے حوالے سے ایک سنگین خطرے کی گھنٹی ہے۔
تحقیقی رپورٹ کے مطابق ویپنگ کے آلات نوجوانوں کو تمباکو نوشی کی مہلک عادت سے دور رکھنے کے بجائے اس کی جانب لے جانے کیلئے ''گیٹ وے‘‘ کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ رنگ برنگی پیکنگ اور مٹھائی جیسے ذائقوں نے نوجوانوں کو اس عادت کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ رائل کالج آف پیڈیاٹرکس اینڈ چائلڈ ہیلتھ (RCPCH) کے محققین نے اپنے نتائج جریدے آرکائیوز آف ڈیزیز اِن چائلڈہڈ میں شائع کرتے ہوئے کہا کہ دستیاب شواہد ''تشویشناک‘‘ ہیں۔ ان کے مطابق اگرچہ ویپنگ سگریٹ نوشی کے مقابلے میں کم نقصان دہ ہے، تاہم اسے کسی صورت بے ضرر نہیں سمجھا جا سکتا۔ ویپنگ کا تعلق سانس کے مختلف مسائل، جن میں گھرگھراہٹ اور کھانسی شامل ہیں کے علاوہ بے چینی، ڈپریشن اور پینک ڈس آرڈر سے بھی پایا گیا۔
محققین نے ویپنگ اور نیند کی خرابی، آنکھوں کی بیماریوں اور منہ کی صحت کے مسائل کے درمیان بھی تعلق دریافت کیا، جن میں سوزش، منہ کے چھالے اور منہ کا خشک ہونا شامل ہیں۔مزید برآں، تحقیقی ٹیم نے ان بچوں کے حوالے سے بھی تشویشناک علامات کا مشاہدہ کیا جن کی ماؤں نے حمل کے دوران ویپنگ کی تھی۔ان بچوں میں غیر معمولی اضطراری حرکات (Reflexes) کی زیادہ تعداد اور حرکی نشوؤنما میں کمی دیکھی گئی۔ حرکی نشوؤنما سے مراد بچے کی جسمانی حرکات اور جسم کے ردعمل کی پختگی ہے۔ رحم مادر میں ویپنگ کے اثرات کا سامنا کرنے والے بچوں میں وزن بڑھنے کی رفتار بھی کم پائی گئی۔
تحقیق کے مصنفین نے لکھا کہ یہ جامع جائزہ بچوں اور نوجوانوں پر ویپنگ اور ای سگریٹ کے استعمال سے پیدا ہونے والے ابھرتے ہوئے خطرات کو نمایاں کرتا ہے۔تحقیق کے شریک مصنف پروفیسر ول کیرول نے کہاکہ ویپنگ کو جوانی یا بڑے ہونے کے عمل کا بے ضرر حصہ نہیں سمجھنا چاہیے۔ تحقیق میں نوجوانوں کے ویپنگ کرنے اور بعد ازاں روایتی سگریٹ نوشی شروع کرنے کے درمیان ''واضح تعلق‘‘ سامنے آیا۔
اگرچہ سگریٹ اور زیادہ تر ویپس دونوں میں نکوٹین موجود ہوتی ہے، تاہم ان کا طریقہ کار ایک دوسرے سے خاصا مختلف ہے۔سگریٹ میں تمباکو کو جلایا جاتا ہے، جس سے ہزاروں کیمیکلز خارج ہوتے ہیں، جن میں تار اور کاربن مونو آکسائیڈ بھی شامل ہیں۔ ان میں سے بہت سے کیمیکلز سرطان کا باعث بننے کیلئے معروف ہیں۔ پھیپھڑوں کے سرطان کے 60 فیصد سے زیادہ کیسز سگریٹ نوشی سے منسلک ہیں، جبکہ یہ بیماری ہر سال تقریباً 33 ہزار افراد کی جان لے لیتی ہے۔اس کے برعکس ویپنگ میں بیٹری سے چلنے والے ایک آلے کے ذریعے ایک مائع کو، جس میں عموماً نکوٹین شامل ہوتی ہے، گرم کیا جاتا ہے۔ اس عمل سے بخارات نما مادہ پیدا ہوتا ہے، جسے صارف سانس کے ذریعے اندر کھینچتا ہے۔ ویپنگ کے ذریعے صارفین کو سگریٹ کے مقابلے میں نقصان دہ کیمیکلز کی نسبتاً کم مقدار کا سامنا کرنا پڑتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ویپنگ کو سگریٹ نوشی کے مقابلے میں خاصا کم نقصان دہ سمجھا جاتا ہے۔ تاہم ماہرین زور دیتے ہیں کہ اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ویپنگ بے ضرر ہے۔
تمباکو نوشی اور صحت کے شعبے میں کام کرنے والی فلاحی تنظیم ایکشن آن اسموکنگ اینڈ ہیلتھ (ASH) کے مطابق برطانیہ میں 11 سے 17 سال کی عمر کے تقریباً 19 فیصد بچے اور نوجوان، یعنی لگ بھگ 10 لاکھ افراد ویپنگ آزما چکے ہیں۔ وزراء نے بچوں میں ویپنگ کی کشش کم کرنے کیلئے متعدد اقدامات کیے ہیں، جن میں اشتہارات، پیکنگ اور مختلف ذائقوں کی تشہیر سے متعلق پابندیاں شامل ہیں۔جولائی میں حکومت نے سادہ پیکنگ متعارف کرانے اور ویپ تیار کرنے والی کمپنیوں کو میٹھے پکوانوں اور الکحل سے متاثر دلکش ناموں کے بجائے سادہ نام استعمال کرنے کا اعلان کیا تھا۔پروفیسر کیرول نے حکومتی اقدامات کا خیرمقدم کیا، تاہم وزراء پر زور دیا کہ وہ مزید سخت اقدامات کرتے ہوئے صرف ذائقوں کے ناموں ہی نہیں بلکہ خود دستیاب ذائقوں کی اقسام کو بھی محدود کریں۔
ایکشن آن اسموکنگ اینڈ ہیلتھ کی چیف ایگزیکٹو ہیزل چیزمین نے کہا کہ ویپنگ اب بھی سگریٹ نوشی ترک کرنے کے خواہش مند بالغ افراد کیلئے ایک اہم مددگار ذریعہ ہے، تاہم نوجوانوں میں ویپنگ کے رجحان کو کم کرنے کیلئے اس کی مارکیٹنگ اور تشہیر پر سخت پابندیاں ضروری ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
انسان کی بنائی ذہانت انسان کی دشمن؟

انسان کی بنائی ذہانت انسان کی دشمن؟

مصنوعی ذہانت نے انسانی زندگی کو آسان بنانے سے لے کر پیچیدہ ترین مسائل حل کرنے تک اپنی حیرت انگیز صلاحیت ثابت کردی ہے، مگر یہی ٹیکنالوجی اب ایک ایسے سوال کو جنم دے رہی ہے جس نے سائنسدانوں اور ماہرین کو بھی تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ اگر مصنوعی ذہانت انسان سے کہیں زیادہ ذہین ہوگئی تو کیا وہ خود اپنے خالق کیلئے خطرہ بن سکتی ہے؟ ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ انتہائی ذہین اے آئی نظام اگر انسانی مفادات اور قابو سے باہر ہوگئے تو وہ ایسے فیصلے کرنے کی صلاحیت حاصل کرسکتے ہیں جن کے نتائج پوری نسل انسانی کیلئے تباہ کن ثابت ہوں۔ یوں انسان کی اپنی تخلیق کردہ ذہانت مستقبل میں اس کے وجود کیلئے سب سے بڑا چیلنج بن سکتی ہے۔سان فرانسسکو میں قائم اے آئی کمپنی Anthropic میں جدید ترین مصنوعی ذہانت کے ماڈلز کی تربیت میں معاونت کرنے والے جیکب کوکسن نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ اے آئی کی طاقت کو ''کم نہ سمجھیں‘‘، خصوصاً اس صورت میں جب یہ ٹیکنالوجی ''انتہائی ذہین‘‘ بن جائے۔ کوکسن کا دعویٰ ہے کہ Anthropic، جو اے آئی نظام Claude تیار کرنے والی کمپنی ہے، اور ChatGPT کی خالق کمپنی OpenAI، دونوں ہی اے آئی کی حفاظت کے معاملے میں ''ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار نہیں کر رہیں‘‘۔لیکن آخر یہ ٹیکنالوجی انسانیت کے خاتمے کا باعث کیسے بن سکتی ہے؟ماہرین کے مطابق انسانیت کی تباہی کے کئی ممکنہ راستے موجود ہیں جو درج ذیل ہیں۔اہم نظاموں کی ہیکنگانتہائی ذہین مصنوعی ذہانت سے لاحق زیادہ تر خطرات کی بنیاد اس مسئلے میں ہے جسے ماہرین ''الائنمنٹ پرابلم‘‘ کہتے ہیں۔ بنیادی تصور یہ ہے کہ جب ہم انسانوں سے زیادہ ذہین اے آئی تیار کرلیں گے تو شاید اس بات کو یقینی بنانا مشکل ہوجائے کہ اس کے مقاصد اور ترجیحات انسانی مفادات کے مطابق رہیں۔ دنیا کو حال ہی میں ان خطرات کی ایک واضح جھلک اس وقت دیکھنے کو ملی جب OpenAI کے تیار کردہ ایک ہزار سے زائد بے قابو اے آئی بوٹس اپنے محفوظ ماحول سے باہر نکل گئے اور اوپن سورس ماڈلز کی میزبانی کرنے والی عوامی ویب سائٹ ''Hugging Face‘‘ کو ہیک کر لیا۔ ان بوٹس کو اس پر حملہ کرنے کا حکم نہیں دیا گیا تھا بلکہ انہیں غلطی سے ایک ایسا کام سونپ دیا گیا تھا جسے پورا کرنا ممکن نہیں تھا۔ چنانچہ انہوں نے فیصلہ کیا کہ اس مسئلے کو حل کرنے کا بہترین طریقہ جوابات چوری کرنا ہے۔ بعض محققین کو خدشہ ہے کہ زیادہ طاقتور اے آئی ماڈلز میں بھی یہی الائنمنٹ کی خرابی کہیں زیادہ تباہ کن پیمانے پر پیدا ہوسکتی ہے۔برمنگھم یونیورسٹی کے مصنوعی ذہانت کے ماہر پروفیسر مارک لی کے مطابق یہ خطرہ ''مسلح روبوٹس‘‘ سے بھی زیادہ بڑا ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ بڑی اے آئی کمپنیاں ایسی مصنوعی ذہانت تیار کرنے کی دوڑ میں ہیں جو انسانوں جتنی یا ان سے بھی زیادہ ذہین ہو، ہمارے پاس انہیں قابو میں رکھنے کے ذرائع موجود نہیں ہیں‘‘۔معاشرتی انتشار اور افراتفری پیدا کرنابے قابو مصنوعی ذہانت کو انسانیت کے خاتمے کا سبب بننے کیلئے براہِ راست انسانوں کو نقصان پہنچانا بھی ضروری نہیں۔ یہ ٹیکنالوجی معاشرے میں ایسی افراتفری پیدا کر سکتی ہے جو ہماری موجودہ زندگی کے نظام کو ہی بدل کر رکھ دے۔ سرے انسٹی ٹیوٹ فار پیپل سینٹرڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ڈاکٹر اینڈریو روگوئسکی نشاندہی کرتے ہیں کہ ایک ''واقعی ذہین اے آئی یہ سمجھ لے گی کہ وہ انسانیت پر منحصر ہے اور انسان بھی اس پر انحصار کرتے ہیں۔ ہمیں اپنے مطلوبہ کام انجام دینے کیلئے اے آئی کی ضرورت ہوگی، جبکہ اے آئی کو خام مال، بجلی، ٹھنڈک، نیٹ ورکس اور ڈیٹا کیلئے ہماری ضرورت ہوگی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ممکنہ طور پر کسی انتہائی ذہین اے آئی کیلئے انسانیت کو ایک تباہ کن جنگ یا کسی ہولناک حادثے کے ذریعے ختم کرنا اس کے اپنے بہترین مفاد میں نہیں ہو گا۔ جوہری جنگ بھڑکانے کا خطرہجب یہ بات سامنے آتی ہے کہ مصنوعی ذہانت موجودہ دنیا میں انسانی زندگی کے خاتمے کا سبب عملی طور پر کیسے بن سکتی ہے تو سب سے واضح خطرات ان ہتھیاروں سے وابستہ ہیں جو پہلے ہی ہمارے پاس موجود ہیں۔ اس وقت دنیا کے نو ممالک جوہری ہتھیار رکھتے ہیں اور ان کے پاس مجموعی طور پر تقریباً 12,187 جوہری وار ہیڈز موجود ہیں۔ اگر ان میں سے کسی ایک ملک میں انتہائی غیر ہم آہنگ یا بے قابو مصنوعی ذہانت نظام کا کنٹرول حاصل کر لے تو یہ ہتھیار انسانیت کے خلاف استعمال کیے جا سکتے ہیں۔تشویش کی بات یہ ہے کہ اے آئی کے مقاصد اور انسانی مفادات کے درمیان عدم مطابقت کے باعث کسی انتہائی ذہین اے آئی کا بدنیت ہونا بھی ضروری نہیں کہ وہ ایسی تباہی کا سبب بنے۔ مثلاً کوئی اے آئی اپنے مالک کے منافع میں اضافے کیلئے اسٹاک مارکیٹ میں ایسی ہلچل پیدا کرنے کی کوشش کر سکتا ہے جس کے نتیجے میں حالات قابو سے باہر ہو جائیں، یا عالمی درجہ حرارت کم کرنے کیلئے یہ غیر متوقع نتیجہ اخذ کر سکتا ہے ۔ تاہم، یہ خطرہ اس وقت مزید بڑھ جاتا ہے جب طاقتور ممالک جنگی نظاموں میں مصنوعی ذہانت شامل کرنے کی دوڑ میں مصروف ہیں۔ جان لیوا حیاتیاتی ہتھیاروں کا خطرہآخرکار مصنوعی ذہانت انسانیت کو اپنی خواہشات کے تحت تباہ کرنے کے بجائے خطرناک آلات ایسے لوگوں کے ہاتھ میں پہنچا کر بھی تباہی کا سبب بن سکتی ہے جو انہیں استعمال کرنے پر آمادہ ہوں۔ ماضی میں خطرناک بیکٹیریا یا وائرس کو بطور ہتھیار تیار کرنے کیلئے عموماً پوری پوری ریاستوں کی اجتماعی علمی صلاحیت، مہارت اور مالی وسائل درکار ہوتے تھے۔ تاہم ماہرین بارہا خبردار کر چکے ہیں کہ مصنوعی ذہانت کے جدید آلات نے مہلک حیاتیاتی ہتھیار تیار کرنا کہیں زیادہ آسان بنا دیا ہے۔ پروفیسر لی کا کہنا ہے کہ زیادہ حقیقی خطرہ دہشت گردوں یا بے قابو ریاستوں جیسے عناصر سے ہے، جو اے آئی کی مدد سے ایسا نیا وائرس تیار کرسکتے ہیں جو ایک اور، پہلے سے زیادہ مہلک عالمی وبا کا باعث بن جائے۔Anthropic نے انکشاف کیا ہے کہ اسے اپنے Claude ماڈل کو حیاتیاتی ہتھیار تیار کرنے کیلئے استعمال کرنے کی ''بدنیتی پر مبنی‘‘ کوششوں کو ناکام بنانا پڑا۔ کمپنی کے مطابق اسے ایسے پانچ واقعات کا پتا چلا جن میں صارفین نے ایسی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جو حیاتیاتی ہتھیاروں کی تیاری میں معاون ثابت ہوسکتی تھیں۔ یہ انکشاف ایک ایسی رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں خبردار کیا گیا تھا کہ مارکیٹ میں عام دستیاب ''آف دی شیلف‘‘ اے آئی ماڈلز میں معمولی تبدیلیاں کرکے ان کے حفاظتی نظام کو بائی پاس کرنا ممکن ہے۔

کمر اور کندھے کے درد کا سستا علاج

کمر اور کندھے کے درد کا سستا علاج

کمر اور کندھے کا درد روزمرہ زندگی کو اس حد تک متاثر کر سکتا ہے کہ معمول کے کام بھی دشوار محسوس ہونے لگتے ہیں۔ خاص طور پر ''فروزن شولڈر‘‘ میں کندھے کی حرکت محدود ہو جاتی ہے اور درد کے باعث مریض کی زندگی اجیرن ہو جاتی ہے۔ اب ماہرین نے وٹامن ڈی کے ممکنہ کردار کی جانب توجہ دلائی ہے اور اسے ایک نسبتاً سستا غذائی جزو قرار دیا ہے جو بعض افراد میں ہڈیوں اور پٹھوں کی صحت کیلئے اہم ثابت ہو سکتا ہے۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر درد کا علاج وٹامن یا نام نہاد ''قدرتی‘‘ نسخوں میں تلاش کرنا درست نہیں، بلکہ درد کی اصل وجہ معلوم کرکے مناسب علاج اختیار کرنا زیادہ ضروری ہے۔کندھے کا درد ان عام تکالیف میں سے ایک ہے جس میں معمولی سی حرکت بھی ناقابلِ برداشت درد کا باعث بن سکتی ہے۔ فروزن شولڈر یعنی منجمد کندھے کی کیفیت اس وقت پیدا ہوتی ہے جب جوڑ کے گرد موجود بافتوں میں سوزش پیدا ہونے کے ساتھ وہ سکڑنے لگیں۔ کم از کم ہر 20 میں سے ایک شخص اس تکلیف کا شکار ہوتا ہے، جس کے نتیجے میں درد، کھنچاؤ اور کندھے کی حرکت میں نمایاں کمی واقع ہوتی ہے۔ تنگ اور سکڑی ہوئی بافتوں کو ڈھیلا کرنے کیلئے فزیوتھراپی کے علاوہ بہت سے مریضوں کیلئے جنرل پریکٹیشنرز کے پاس محدود علاج موجود ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بہت سے لوگسپیلنٹس اور تجرباتی طریقہ علاج کا رخ کرتے ہیں۔حالیہ تحقیق سے معلوم ہوتا ہے کہ شاید ان میں سے بعض طریقوں کا کچھ فائدہ ہو سکتا ہے۔ گزشتہ برس سائنسدانوں کی شائع کردہ ایک تحقیق میں فروزن شولڈر اور کمر کے درد کے درمیان ایک دلچسپ تعلق سامنے آیا اور اس کا ربط نام نہاد ''سن شائن وٹامن‘‘ یعنی وٹامن ڈی سے جوڑا گیا۔ سائنسدانوں نے 5 ہزار سے زائد افراد کی طبی رپورٹس کا تجزیہ کیا اور معلوم کیا کہ جن افراد میں وٹامن ڈی کی کمی تھی، ان میں فروزن شولڈر کا شکار ہونے کا امکان کہیں زیادہ تھا۔ماہرین کے مطابق وٹامن ڈی کی کم سطح ایسی خلیاتی سرگرمی کو متحرک کرسکتی ہے جو سوزش کو بڑھاتی ہے، جس کے نتیجے میں درد اور اکڑاؤ مزید شدت اختیار کرسکتا ہے۔ تو کیا فروزن شولڈر سے متاثرہ افراد کو روزانہ وٹامن ڈی کی گولیاں لینا شروع کردینی چاہئیں؟ اور کیا دیگر غذائی سپلیمنٹس بھی مددگار ثابت ہوسکتے ہیں؟اس مضمون میں ماہرین نے عام درد اور تکالیف کیلئے ان سپلیمنٹس کے بارے میں بتایا ہے جنہیں وہ ترجیح دیں گے، ان کے بارے میں بھی آگاہ کیا ہے جو مؤثر ثابت نہیں ہوتے۔وٹامن ڈی مفید، ہلدی نہیںاس بات کے شواہد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے کہ فروزن شولڈر اور دائمی کمر درد جیسی کیفیات جسم میں ہونے والی سوزش کا نتیجہ ہو سکتی ہیں، جبکہ بعض غذائی اجزا کی کمی اس سوزش کو مزید بڑھا دیتی ہے۔ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ میگنیشیم، بی وٹامنز اور وٹامن ڈی کی کم سطح سے پٹھوں، ہڈیوں اور جوڑوں سے متعلق مسائل کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔2024ء میں فلوریڈا کے روتھ مین آرتھو پیڈک انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین نے اس موضوع پر ہونے والی متعدد تحقیقات کا جائزہ لیا۔ ماہرین نے نتیجہ اخذ کیا کہ وٹامن ڈی میں سوزش کم کرنے کی خصوصیات پائی جاتی ہیں، جبکہ یہ پٹھوں کی کارکردگی اور بافتوں کی بحالی کے عمل پر بھی اثر انداز ہوتا ہے۔ ماہرین کے مطابق وٹامن ڈی کی کمی کو دور کرنا، جو تقریباً ہر پانچ میں سے ایک شخص کو لاحق ہے، کندھے کے مسائل کے علاج میں مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔ تاہم فزیوتھراپسٹ سیمی مارگوٹ واضح کرتی ہیں کہ وٹامن ڈی کا ممکنہ فائدہ غالباً صرف ان افراد کو ہوگا جن میں واقعی اس کی کمی پائی جاتی ہو۔ ان کا کہنا ہے کہ پٹھوں، ہڈیوں اور جوڑوں کے کسی بھی مسئلے میں جسم میں وٹامن ڈی کی مناسب مقدار یقینی بنانا اہم ہے، تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ وٹامن ڈی فوری طور پر درد ختم کرنے والی دوا ثابت ہو گا۔دوسری جانب، فروزن شولڈر کے علاج میں دیگر غذائی سپلیمنٹس کے کردار پر تحقیق ابھی محدود اور غیر واضح ہے۔ سیمی مارگوٹ کے مطابق بہت سے مریض یہ سمجھتے ہیں کہ ہلدی جیسے سپلیمنٹس، جنہیں سوزش کم کرنے کی خصوصیات کیلئے جانا جاتا ہے، فروزن شولڈر کی علامات میں کمی لاتے ہیں۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ ان کے علم کے مطابق ایسی کوئی مخصوص تحقیق موجود نہیں جس سے ثابت ہو کہ ہلدی فروزن شولڈر کے علاج میں مؤثر ہے۔ہلدی اور جوڑوں کے درد پر ہونے والی بیشتر تحقیقات گھٹنے کے اوسٹیو آرتھرائٹس سے متعلق ہیں، جو فروزن شولڈر سے مختلف بیماری ہے۔ تو پھر کونسا علاج مؤثر ہے؟ فزیو تھراپسٹ سیمی مارگوٹ کے مطابق اسٹیرائیڈ انجیکشنز مؤثر ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان کے ذریعے سوزش کم کرنے والی دوا براہِ راست کندھے کے جوڑ میں پہنچائی جاتی ہے، جس سے درد اور سوجن میں کمی آتی ہے۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ علاج کی کامیابی کا انحصار اس بات پر بھی ہوتا ہے کہ مریض بیماری کے کس مرحلے میں علاج شروع کرتا ہے۔ اگر بیماری کے ابتدائی اور زیادہ تکلیف دہ مرحلے میں انجیکشن لگایا جائے تو اس کے مؤثر ہونے کے شواہد زیادہ ہیں۔ جب درد کی کیفیت کم ہونا شروع ہوجائے تو ورزشیں اور اسٹریچنگ کندھے کی حرکت بحال کرنے کیلئے اہم ہوجاتی ہیں۔ بعض ماہرین انجیکشن کے ساتھ فزیوتھراپی بھی تجویز کرتے ہیں۔ اومیگا تھری اور ہلدی کا امتزاجکمر درد ان عام تکالیف میں شامل ہے جن سے نجات کیلئے لوگ اکثر درد کش ادویات، غذائی سپلیمنٹس اور متبادل طریقۂ علاج کا سہارا لیتے ہیں۔ زندگی کے کسی نہ کسی مرحلے میں ہر شخص اس تکلیف کا سامنا کرتا ہے۔ سیمی مارگوٹ کے مطابق بعض سپلیمنٹس کمر درد کی علامات میں بہتری لانے میں ''کچھ کردار‘‘ ادا کرسکتے ہیں۔ ہلدی میں موجود سوزش کم کرنے والا جزو کرکیومِن کمر کی شدید تکلیف میں مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ گزشتہ برس طبی جریدے SAGE میں شائع ہونے والی ایک معیاری تحقیق میں بتایا گیا کہ زیادہ مقدار والی ہلدی کی ایک خوراک، جب اسے بوسویلیا نامی جڑی بوٹی کے ساتھ استعمال کیا گیا، تو زیرِمطالعہ 90 فیصد افراد میں صرف چار گھنٹے کے اندر کمر کے درد میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔

آج کا دن

آج کا دن

''اوسلو معاہدہ‘‘ 13 ستمبر 1993ء کو وائٹ ہائوس امریکہ میں فلسطین اور اسرائیل کے مابین ''اوسلو معاہدہ‘‘ طے پایا۔ یہ اسرائیلی فوج کے غزہ اوراردن کے علاقوں سے انخلا کا معاہدہ تھا جس پر فلسطین کے صدر یاسر عرفات اور اسرائیلی وزیرا عظم اسحاق رابن نے دستخط کئے۔ یہ معاہدہ کرانے میں امریکی صدر بل کلنٹن نے اہم کردار ادا کیا۔جوئیانیا تابکاری13ستمبر1987ء کو برازیل میں تابکاری آلودگی کا ایک حادثہ پیش آیا جسے ''جوئیانیا تابکاری حادثہ‘‘ کہا جاتا ہے۔ اس واقعہ کے بعدتقریباً ایک لاکھ 12ہزار افراد کا تابکاری آلودگی کیلئے معائنہ کیا گیا،249افراد میں اس کے اثرات پائے گئے۔بین الاقوامی جریدے نے اسے دنیا کی بدترین جوہری آفات میں سے ایک قرار دیا۔انگولا ٹرین حملہ2001ء میں آج کے روز انگولا میں ایک مسافر ٹرین کو مسلح حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ اس افسوسناک واقعے میں ٹرین پر سوار مسافروں کو شدید جانی نقصان اٹھانا پڑا اور مجموعی طور پر 252 افراد ہلاک ہوئے۔ یہ حملہ انگولا کی تاریخ کے انتہائی المناک واقعات میں شمار ہوتا ہے۔ کالا ماتا زلزلہ1986ء میں آج کے روز یونان میں زلزلہ آیا، جس کی شدت 6.0 سے6.2 تک ریکارڈ کی گئی۔ یہ کالا ماتا میں آنے والے بدترین زلزلو ں میں سے ایک تھا۔ اس زلزلے میں تقریباً20 افراد ہلاک اور 300 زخمی ہوئے۔ یونان میں معمول سے زیادہ زلزلے اس لئے آتے ہیں کہ یہ پلیٹوں کے سنگم کے ایک پیچیدہ زون میں واقع ہے۔خلائی شٹل پروگرام 2001ء میں امریکی خلائی شٹل ڈسکوری کو مشن ایس ٹی ایس105 کے تحت بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کی جانب روانہ کیا گیا۔ اس مشن کے دوران ایکسپیڈیشن 3 کے خلابازوں کو خلائی اسٹیشن پہنچایا گیا تاکہ وہ وہاں موجود ایکسپیڈیشن 2 کے عملے کی جگہ ذمہ داریاں سنبھال سکیں۔ یہ مشن بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر مستقل انسانی موجودگی برقرار رکھنے اور سائنسی و تکنیکی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی کوششوں کا اہم حصہ تھا۔گیس لائن حادثہ2018ء میں آج کے روز لارنس، اینڈور اور نارتھ اینڈور کے قصبوں میں گیس پائپ لائنز میں ضرورت سے زیادہ دباؤ ہونے کی وجہ سے اچانک دھماکے شروع ہو گئے۔ 40گھروں سمیت متعدد مقامات پر گیس کے پائپ پھٹنے سے آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے کی وجہ سے 30ہزار سے زائد افراد کوگھر خالی کرنے کا کہا گیا۔باسوٹوگن جنگ''باسوٹو گن جنگ‘‘ باسوٹو اور برطانوی کالونی کے درمیان ایک تنازع تھا۔ یہ13ستمبر 1880ء سے 29 اپریل 1881ء تک جاری رہا اور باسوٹو کی فتح پر ختم ہوا۔ 12 مارچ 1868ء کو باسوٹو لینڈ کے برطانوی شاہی تسلط میں تبدیل ہونے کے بعد، یہ کالونی انتظامیہ کی جانب سے تیزی سے اس کا نظام مغربی طرز پر بنانے کی کوششوں میں مصروف ہو گئی۔ 1879ء میں، کیپ پارلیمنٹ نے پیس پرزرویشن ایکٹ کو باسوٹو لینڈ تک بڑھا دیا، جس کا مقصد باسوٹو لوگوں کو غیر مسلح کرنا تھا۔

مینڈکوں کی دیوانی امریکی خاتون

مینڈکوں کی دیوانی امریکی خاتون

13 ہزار اشیاء جمع کر کے نیا عالمی ریکارڈ بنا دیادنیا میں شوق رکھنے والوں کی کمی نہیں، مگر بعض افراد کا شوق اس قدر منفرد ہوتا ہے کہ وہ ان کی پہچان بن جاتا ہے۔ امریکا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے مینڈکوں سے اپنی غیر معمولی محبت کو محض پسند تک محدود نہیں رکھا بلکہ اسے زندگی بھر کے شوق میں بدل دیا۔ انہوں نے برسوں کے دوران مینڈکوں سے متعلق 13 ہزار سے زائد اشیاء جمع کرلیں، جن میں مختلف نوعیت کی یادگاری اور آرائشی چیزیں شامل ہیں۔ ان کا یہ حیرت انگیز ذخیرہ دنیا کے سب سے بڑے مینڈکوں سے متعلق مجموعوں میں شمار ہوتا ہے، جو ان کے منفرد ذوق، محنت اور غیر معمولی لگن کی دلچسپ داستان بیان کرتا ہے۔مینڈک عام طور پر ایسے جانوروں میں شمار ہوتے ہیں جنہیں دیکھ کر بہت سے لوگ خوش ہونے کے بجائے گھبرا جاتے ہیں، لیکن اس امریکی خاتون کیلئے مینڈک محض ایک جانور نہیں بلکہ دلچسپی اور خوشی کا ذریعہ ہیں۔ ان کی زندگی میں مینڈکوں کی موجودگی اس قدر بڑھ گئی ہے کہ ان سے متعلق مختلف اشیاء ان کے گھر اور ذاتی مجموعے کا نمایاں حصہ بن چکی ہیں۔ چھوٹی بڑی یادگاری اشیاء جمع کرنے کے اس منفرد شوق نے انہیں ایک ایسے مقام تک پہنچا دیا جہاں ان کا مجموعہ دیکھنے والے حیران رہ جاتے ہیں۔سوزن برگوس (Susan Burgos) مینڈکوں کی دیوانی ہیں اور وہ بھی اس حد تک کہ ان کے گھر میں مینڈک ہی مینڈک دکھائی دیتے ہیں۔ درحقیقت انہیں مختلف اقسام کی مینڈکوں سے متعلق اشیاء جمع کرنے کا جنون ہے۔خاتون کے پاس باضابطہ طور پر دنیا میں مینڈکوں سے متعلق اشیاء کا سب سے بڑا ذخیرہ موجود ہے۔ ان کے پاس ایسی حیرت انگیز طور پر 13,201 اشیاء ہیں، جنہیں انہوں نے کیلیفورنیا کے شہر کیمارِیلو میں واقع اپنے گھر میں جمع کر رکھا ہے۔یہ ذخیرہ اتنا بڑا ہے کہ ان کے گھر میں ننھے سبز مینڈکوں سے متعلق اشیاء ہر طرف نظر آتی ہیں۔درحقیقت ان کا ذخیرہ اس قدر وسیع ہو چکا ہے کہ تمام اشیاء رکھنے کیلئے انہیں ایک دوسرا گھر خریدنا پڑا، جس میں ایک بڑا گیراج بھی موجود ہے، تاکہ ان کی پوری کلیکشن کو مناسب جگہ مل سکے۔جنوری میں اس ریکارڈ کی باضابطہ تصدیق کی گئی، جس کے بعد سوزن برگوس نے سابقہ ریکارڈ توڑ دیا۔ اس سے پہلے دنیا میں مینڈکوں سے متعلق اشیاء کا سب سے بڑا ذخیرہ 10,502 اشیا پر مشتمل تھا، جو برطانیہ کی شیلا کراؤن(Sheila Crown) کے پاس تھا۔ یہ ریکارڈ آج نمایاں کرنے کیلئے بھی نہایت موزوں ہے، کیونکہ آج ہی گنیز ورلڈ ریکارڈز 2027ء کی باضابطہ اشاعت کا دن ہے۔ اس کتاب کا سرورق بھی انتہائی دلکش چمکدار سبز رنگ کا ہے، جو مینڈکوں کی اس حیرت انگیز دنیا کی خوب یاد دلاتا ہے۔سوزن نے 1983ء میں مینڈکوں سے متعلق اشیاء جمع کرنا شروع کیں، جب ایک روز انہیں اپنے باورچی خانے میں درخت پر رہنے والا ایک ننھا سا مینڈک نظر آیا۔انہوں نے بتایا کہ اس ننھے مینڈک نے میرا دل موہ لیا۔ اس نے مجھے تحریک دی اور میں نے اپنی کلیکشن کی پہلی چیز خریدی، جو زمرد جیسی سبز آنکھوں والی سونے کی مینڈک کی انگوٹھی تھی۔ اس کے بعد سے سوزن جہاں بھی جاتی ہیں، اپنی کلیکشن میں شامل کرنے کیلئے نئی اشیاء تلاش کرتی رہتی ہیں۔ سفر کے دوران بھی ان کی نظر ایسی منفرد چیزوں پر رہتی ہے، جبکہ اکثر مختلف کیٹلاگز کے صفحات بھی الٹتی رہتی ہیں تاکہ اپنے مینڈکوں کے منفرد خاندان میں شامل کرنے کیلئے بہترین اشیاء تلاش کر سکیں۔نرم و ملائم کھلونوں سے لے کر آرائشی اشیاء، گھریلو استعمال کی چیزوں اور ملبوسات تک، سوزن نے تقریباً ہر قابلِ تصور چیز کا مینڈکوں کی تھیم والا نمونہ تلاش کرلیا ہے۔یہی نہیں، ان کے پاس مینڈکوں سے متعلق کرسمس کی اتنی زیادہ سجاوٹی اشیاء بھی موجود ہیں کہ وہ اپنے کرسمس ٹری کو مکمل طور پر ان ہی سے سجا سکتی ہیں۔تاہم، ان ہزاروں اشیاء میں سوزن کی ایک پسندیدہ چیز بھی ہے۔جب ان سے کہا گیا کہ وہ اپنی کلیکشن میں سے صرف ایک پسندیدہ چیز کا انتخاب کریں تو انہوں نے بتایاکہ میرے ذہن میں فوراً ایک موٹر سائیکل پر سوار گانے والے اینیمیٹڈ مینڈک کا خیال آتا ہے، جو 'کوکومو‘ گانا بجاتا ہے۔ یہ گانا معروف امریکی میوزک بینڈ دی بیچ بوائز کا ہے۔13 ہزار سے زائد مینڈکوں سے متعلق اشیاء کی مالک سوزن کیلئے، جیسا کہ توقع کی جا سکتی ہے، اپنی اس وسیع و عریض کلیکشن کو محفوظ رکھنے اور اس کیلئے مناسب جگہ بنانا سب سے بڑا چیلنج ہے۔

جینزی، برقی گاڑیوں کی دیوانی

جینزی، برقی گاڑیوں کی دیوانی

دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور نئی نسل کے رجحانات بھی اس تبدیلی کی عکاسی کر رہے ہیں۔ ٹیکنالوجی سے گہری وابستگی رکھنے والی جنریشن زی کے نوجوان اب نقل و حمل کے روایتی ذرائع کو بھی نئے زاویے سے دیکھنے لگے ہیں۔ ایک حالیہ جائزے میں انکشاف ہوا ہے کہ تقریباً ایک چوتھائی نوجوانوں کے نزدیک پیٹرول سے چلنے والی گاڑی رکھنا اب اتنا ہی فرسودہ تصور ہے جتنا کسی گھر میں لینڈ لائن فون رکھنا۔ یہ نوجوان ماحول دوست ٹیکنالوجی اور جدید طرزِ زندگی کو ترجیح دیتے ہوئے الیکٹرک گاڑیوں کو مستقبل کی سواری سمجھتے ہیں، جس سے گاڑیوں کی دنیا میں آنے والی بڑی تبدیلی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔جینزی کے نوجوان مقبول اشیاء کو ''رد‘‘ کرنے کے حوالے سے خاص شہرت رکھتے ہیں، اور اب ان کا تازہ فیصلہ شاید سب سے زیادہ اختلاف پیدا کرنے والا ہو۔ایک نئے سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ تقریباً ایک چوتھائی نوجوانوں کا خیال ہے کہ پیٹرول سے چلنے والی گاڑی رکھنا اتنا ہی فرسودہ ہوچکا ہے جتنا لینڈ لائن فون رکھنا۔''ای اون نیکسٹ‘‘ کی جانب سے کرائے گئے اس سروے میں 1,500 نوجوان ڈرائیوروں سے گاڑیوں کے بارے میں ان کی آرا معلوم کی گئیں۔نتائج سے معلوم ہوا کہ اب نصف سے زیادہ، یعنی 55فیصد نوجوان چاہتے ہیں کہ ان کی پہلی گاڑی الیکٹرک وہیکل (ای وی) ہو۔ الیکٹرک گاڑیوں کے ماہر رابرٹ لیولین کا کہنا ہے کہ یہ نسل اس مفروضے کے ساتھ بڑی نہیں ہو رہی کہ ان کی پہلی گاڑی لازماً پیٹرول سے چلنے والی ہوگی۔ وہ آج دستیاب سہولتوں اور گاڑیوں کو دیکھتے ہوئے عملی انتخاب کر رہے ہیں۔آج پہلے کے مقابلے میں الیکٹرک گاڑیوں کے کہیں زیادہ ماڈلز دستیاب ہیں، گاڑی حاصل کرنے کیلئے نسبتاً سستے طریقے موجود ہیں اور گھر پر چارجنگ کے ذریعے اخراجاتِ سفر کم رکھنے کا موقع بھی ملتا ہے۔بہت سے نوجوان ڈرائیوروں کیلئے الیکٹرک گاڑی رکھنا مستقبل کے حوالے سے محض ایک علامتی فیصلہ نہیں بلکہ آج کے حالات میں سب سے زیادہ مناسب اور معقول انتخاب ہے۔سروے کیلئے ای اون نیکسٹ نے 17 سے 20 سال عمر کے 1,500 برطانوی نوجوانوں سے الیکٹرک اور پیٹرول گاڑیوں کے بارے میں ان کی رائے دریافت کی۔الیکٹرک گاڑی خریدنے کی خواہش کی سب سے بڑی وجہ اخراجات میں کمی تھی، جس کا ذکر 20 فیصد نوجوانوں نے کیا، جبکہ 19 فیصد نے گھر پر آسانی سے گاڑی چارج کرنے کی سہولت کو اہم وجہ قرار دیا۔پانچ میں سے ایک نوجوان نے کہا کہ وہ خود کو کبھی پیٹرول گاڑی چلاتے ہوئے نہیں دیکھ سکتے، جبکہ تقریباً دو تہائی نوجوانوں کا خیال ہے کہ ان کی زندگی ہی میں پیٹرول اور ڈیزل گاڑیاں ختم ہوجائیں گی۔24 فیصد نوجوانوں نے یہاں تک کہا کہ وہ نئی پیٹرول یا ڈیزل گاڑی نہیں خریدیں گے، جبکہ 53 فیصد کا کہنا تھا کہ وہ شاید ایسی گاڑیاں معمول کے مطابق چلانے والی آخری نسل ہوں گے۔''ای اون نیکسٹ‘‘ کی پروپوزیشنز ڈائریکٹر گرین ریگن کے مطابق نصف سے زیادہ نوجوان ڈرائیور اپنی پہلی گاڑی الیکٹرک چاہتے ہیں اور واضح طور پر ایسا لگتا ہے کہ ان کا یہ فیصلہ درست سمت میں ہے۔ ایندھن کے مقابلے میں پہلے سال میں 890 پاؤنڈ تک بچت اور رات کے وقت گھر پر صرف 8 پاؤنڈ میں چارجنگ کی سہولت کے باعث الیکٹرک گاڑی نئی نسل کے ڈرائیوروں کیلئے بتدریج زیادہ قابلِ رسائی انتخاب بنتی جا رہی ہے۔یہ نتائج حیران کن بھی ہوسکتے ہیں، کیونکہ ایک حالیہ سروے میں انکشاف ہوا تھا کہ جینزی کے بہت سے نوجوان گاڑی چلانے سے خوفزدہ ہیں۔ٹیمپ کور کی جانب سے ماہرین نے نوجوانوں سے ان عام ڈرائیونگ اور موٹرنگ کے کاموں کے بارے میں سروے کیا جنہیں وہ سب سے زیادہ مشکل اور خوفناک سمجھتے ہیں۔پنکچر ہونے کی صورت میں ٹائر تبدیل کرنا نوجوان ڈرائیوروں کا سب سے بڑا خوف سامنے آیا، جبکہ متوازی پارکنگ، چڑھائی پر گاڑی اسٹارٹ کرنا اور موٹروے پر دوسری سڑک سے شامل ہونا بھی سیکڑوں نوجوان ڈرائیوروں کیلئے انتہائی خوفناک ثابت ہوا۔یہ نتائج جینزی کے بہت سے نوجوانوں کیلئے حیران کن نہیں ہوں گے، کیونکہ وہ باقاعدگی سے ٹک ٹاک پر گاڑی چلانے سے متعلق اپنے خوف اور پریشانیوں کا اظہار کرتے رہتے ہیں۔آرٹیمس الیکسس کے مطابق''جب آپ کسی نئی جگہ گاڑی لے جانے والے ہوں اور آپ کو وہاں پارکنگ کے بارے میں کچھ معلوم نہ ہو تو اچانک گھبراہٹ طاری ہوجاتی ہے‘‘۔روملی جین نے کہا: ''لوگ ہمیشہ سمجھتے ہیں کہ میں بات کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہی ہوں، لیکن یہ واقعی بہت خوفناک ہے۔ مجھے یہ بالکل پسند نہیں‘‘۔''جن زی‘‘ کو گاڑی چلانے کے دوران سب سے زیادہ خوفپنکچر ٹائر تبدیل کرنا 36 فیصدبیٹری ختم ہونے پر گاڑی اسٹارٹ کرنا 36 فیصدمتوازی پارکنگ کرنا 24 فیصدگیراج میں ٹائر کا دباؤ چیک کرکے ہوا بھرنا 22 فیصدچڑھائی پر گاڑی اسٹارٹ کرنا 22 فیصدانجن آئل کی سطح چیک کرنا 20 فیصدانشورنس کمپنی کو فون کرنا یا کلیم دائر کرنا 19 فیصدموٹروے پر گاڑی چلانا 18 فیصدموٹروے پر دوسری سڑک سے شامل ہونا 18 فیصدگاڑی خراب ہونے کی صورت میں امدادی کمپنی کو فون کرنا 18 فیصد

آج تم یاد بے حساب آئے! میجر راجہ عزیز بھٹی شہید جنگ ستمبر65کا ہیرو (1965-1928ء)

آج تم یاد بے حساب آئے! میجر راجہ عزیز بھٹی شہید جنگ ستمبر65کا ہیرو (1965-1928ء)

٭... 6اگست1928ء کو ہانگ کانگ میں پیدا ہوئے۔٭...ان کے والد رائو عبداللہ ہانگ کانگ میں پولیس میں ملازمت کرنے کے ساتھ ساتھ درس و تدریس کے شعبے سے منسلک تھے ۔بڑے بھائی نذیر احمد بھٹی بھی ایک استاد تھے۔ ٭...میٹرک تک تعلیم ہانگ کانگ میں حاصل کی، بعد میں کوئنز کالج میں داخلہ لے لیا۔٭...قیام پاکستان سے قبل ان کے خاندان نے ضلع گجرات کے گاؤں لادیاں میں رہائش اختیار کی۔٭...21 جنوری 1948ء کو پنجاب رجمنٹ میں سیکنڈ لیفٹیننٹ کی حیثیت سے شمولیت اختیار کی۔ ٭...1950ء میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کے پہلے ریگولر کورس کی پاسنگ آوٹ پریڈ میں انہیں بہترین کیڈٹ کے اعزازکے ساتھ شمشیر اعزازی اور نارمن گولڈ میڈل کے اعزاز سے نوازا گیا۔٭... 1952 ء میں اعلیٰ فوجی ٹریننگ کیلئے کینیڈا بھی گئے۔ ٭...1957ء سے 1959ء تک جی ایس سیکنڈ آپریشنز کی حیثیت سے جہلم اور کوہاٹ میں خدمات سر انجام دیں۔ ٭...1960ء سے1962ء تک پنجاب رجمنٹ جبکہ 1962ء سے1964ء تک انفنٹری سکول کوئٹہ سے وابستہ رہے۔ ٭...جنوری 1965 ء سے مئی 1965ء تک سیکنڈ کمانڈر کے طورپر خدمات سرانجام دیں۔٭...6 ستمبر 1965ء کو جب بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو میجر عزیز بھٹی لاہور سیکٹر میں برکی کے علاقے میں کمپنی کی کمان کررہے تھے۔ ٭...میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نے سترہ پنجاب رجمنٹ کے اٹھائیس افسروں سمیت پانچ دن اور پانچ راتوں تک دشمن کے ہر وار کو ناکام بنائے رکھا۔٭...12ستمبر کو ایک گولہ ان کے سینے کے آرپار ہوگیا۔ جس سے وہ موقع پر ہی شہید ہوگئے۔٭...وطن کی خاطر اپنی جان نثار کرنے پر انہیں پاکستان کا سب سے بڑا فوجی اعزاز نشان حیدر دیا گیا، جو 23 مارچ 1966ء کو ان کی اہلیہ نے وصول کیا۔ عزیز بھٹی شہید یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے تیسرے سپوت تھے۔