مصنوعی ذہانت کے دور میں تنقیدی سوچ کیسے برقرار رکھی جائے؟
اسپیشل فیچر
مصنوعی ذہانت خصوصاً جنریٹو اے آئی نے معلومات حاصل کرنے، لکھنے، تحقیق کرنے اور مسائل حل کرنے کے طریقوں کو تیزی سے بدل دیا ہے۔ چند برس پہلے جس کام کے لیے گھنٹوں مطالعہ، تلاش اور تجزیہ درکار ہوتا تھا، آج وہ چند سیکنڈ میں مکمل ہو جاتا ہے۔ تاہم اس سہولت کے ساتھ ایک اہم سوال بھی سامنے آیا ہے کہ اگر انسان ہر مشکل ذہنی کام مصنوعی ذہانت کے حوالے کر دے تو کیا اس کی اپنی سوچنے اور مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے؟ بعض مطالعات میں اے آئی سے سیکھنے میں مدد ملنے کے شواہد سامنے آئے ہیں جبکہ کچھ تحقیقات یہ اشارہ دیتی ہیں کہ اگر طالب علم ہر کام کے لیے تیار جواب پر انحصار کرے تو اس کی اپنی علمی صلاحیت کم ہو سکتی ہے۔
اے آئی سہولت بھی اور آزمائش بھی
چین کی Tsinghua University کے محقق Lixiang Yan کا تجربہ اس بحث کو سمجھنے میں مدد دیتا ہے۔ انہوں نے ایک آن لائن کورس کے لیے AI ایجنٹ استعمال کیا تو معلوم ہوا کہ یہ ٹیکنالوجی اسائنمنٹس مکمل کرنے، سوالات کے جواب دینے اور مباحثوں میں حصہ لینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس صورت حال میں طالب علم بظاہر کورس کی تمام سرگرمیاں مکمل کر سکتا تھا مگر ضروری نہیں کہ وہ خود علمی طور پر ان سرگرمیوں میں شریک بھی ہو۔یہی وہ مقام ہے جہاں مصنوعی ذہانت اور انسانی تعلیم کے درمیان بنیادی فرق سامنے آتا ہے۔ تعلیم کا مقصد صرف صحیح جواب حاصل کرنا نہیں بلکہ جواب تک پہنچنے کے عمل میں علم، دلیل، تجزیے اور تجربے کو استعمال کرنا بھی ہے۔ماہرین کے مطابق انسانی ذہن بھی عضلات کی طرح ہے، جس طرح جسمانی عضلات کو مضبوط رکھنے کے لیے مشق ضروری ہے، اسی طرح یادداشت، reasoning اور پرابلم سالونگ کے لیے ذہنی مشق ضروری ہے۔ اگر ہر مشکل سوال کا جواب فوری طور پر اے آئی سے حاصل کر لیا جائے تو انسان کو خود سوچنے کی مشق کم ہو گی۔تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ اے آئی لازماً ذہنی صلاحیتوں کو کم کرتی ہے۔ اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ اسے کس انداز میں استعمال کیا جاتا ہے۔ اگر اے آئی صرف تیار جواب فراہم کرے تو انسان کی اپنی کوشش محدود ہو سکتی ہے لیکن اگر یہی ٹیکنالوجی سوالات اٹھانے، غلطیوں کی نشاندہی کرنے، مختلف نقطہ نظر پیش کرنے اور فیڈ بیک دینے کے لیے استعمال ہو تو یہ سیکھنے کا مؤثر ذریعہ بھی بن سکتی ہے۔
تنقیدی سوچ ہے کیا؟
Critical thinking یا تنقیدی سوچ کو عام طور پر معلومات کو صرف قبول کرنے کے بجائے ان کا تجزیہ کرنے، شواہد کا جائزہ لینے، مختلف امکانات پر غور کرنے اور منطقی نتیجے تک پہنچنے کی صلاحیت کہا جا سکتا ہے۔ اس میں یہ صلاحیت بھی شامل ہے کہ انسان اپنے خیال کے مخالف نقطہ نظر کو سن سکے اور ضرورت پڑنے پر اپنی رائے تبدیل کر سکے۔تاہم تنقیدی سوچ محض ایک عمومی ہنر نہیں جسے ایک مرتبہ سیکھنے کے بعد ہر شعبے میں یکساں طور پر استعمال کیا جا سکے۔ کسی شعبے میں بنیادی علم بھی ضروری ہے۔
اے آئی کے دور میں تعلیم کا نیا چیلنج
تعلیمی اداروں کے لیے مصنوعی ذہانت کا سب سے بڑا سوال شاید یہ نہیں کہ اسے روکا جائے یا استعمال کیا جائے بلکہ یہ ہے کہ طلبہ کو اسے صحیح طریقے سے استعمال کرنا کیسے سکھایا جائے۔سائنسی جریدے 'نیچر ‘کی رپورٹ کے مطابق ابھی اس بارے میں حتمی سائنسی نتیجہ موجود نہیں کہ جنریٹو اے آئی مجموعی طور پر طلبہ کی Critical thinking کو کم کر رہا ہے۔ مطالعات نسبتاً نئے ہیں، نتائج مختلف ہیں اور طویل مدتی تحقیق محدود ہے۔ 2024ء کی ایک تحقیق میں ایسے طلبہ کا جائزہ لیا گیا جنہوں نے ریاضی کے سوال حل کرنے کے لیے جنریٹو اے آئی استعمال کی۔ اے آئی کی مدد کے دوران ان کی کارکردگی بہتر ہوئی لیکن جب اے آئی کی سہولت ہٹا دی گئی تو ان کی کارکردگی ان طلبہ سے بھی کم رہی جنہوں نے ابتدا سے اے آئی استعمال نہیں کی تھی۔اس طرح کے نتائج یہ سوال ضرور اٹھاتے ہیں کہ کیا بہتر کارکردگی واقعی بہتر سیکھنے کی علامت ہے یا صرف بہتر ٹیکنالوجی کے استعمال کا نتیجہ۔تعلیمی ماہرین کے مطابق طلبہ کو صرف جواب حاصل کرنے کے بجائے سوال پوچھنے، دلیل دینے، شواہد تلاش کرنے اور اپنے نتیجے کا دفاع کرنے کی مشق کرانا ضروری ہے۔
مقابلہ نہیں ذمہ دارانہ تعاون
مصنوعی ذہانت کی ترقی کو روکنا نہ ممکن ہے اور نہ ہی ضروری۔ اصل ضرورت اس بات کی ہے کہ انسان اپنی بنیادی علمی صلاحیتوں کو ٹیکنالوجی کے حوالے نہ کرے۔ اے آئی کو ایک معاون، استاد، تحقیقی ساتھی یا فیڈ بیک دینے والے نظام کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے، لیکن حتمی سوچ اور فیصلہ سازی میں انسانی کردار برقرار رہنا چاہیے۔معلومات کی فراوانی کے دور میں اصل طاقت صرف معلومات تک رسائی نہیں بلکہ یہ سمجھنے میں ہے کہ کون سی معلومات قابلِ اعتماد ہیں، ان کے پیچھے کیا شواہد ہیں اور ان سے کیا نتیجہ اخذ کیا جا سکتا ہے۔مصنوعی ذہانت انسان کے لیے ایک طاقتور ذریعہ بن سکتی ہے مگر سوچنے کی ذمہ داری انسان ہی کی رہنی چاہیے۔مستقبل میں وہ معاشرے زیادہ مضبوط علمی بنیاد قائم کر سکیں گے جہاں لوگ مصنوعی ذہانت سے فائدہ اٹھانے کے ساتھ ساتھ اس کے نتائج پر سوال اٹھانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہوں۔