سڈنی میراتھن 2026ء، ریکارڈز کی بہار
اسپیشل فیچر
''میراتھن کی دنیا کا ساتواں عجوبہ‘‘
سڈنی میراتھن 2026ء نے دوڑ کے شائقین کو نہ صرف شاندار کھیل کا نظارہ فراہم کیا بلکہ متعدد نئے ریکارڈز کے باعث تاریخ کا حصہ بھی بن گئی۔ آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ہونے والی اس عالمی سطح کی دوڑ میں ہزاروں ایتھلیٹس نے شرکت کی، جبکہ ایتھوپیا کے اَدی سو گوبینا نے 2 گھنٹے 4 منٹ 42 سیکنڈ میں دوڑ مکمل کرکے نیا کورس ریکارڈ قائم کیا۔ اس کے ساتھ خواتین کی دوڑ میں کینیا کی پیرس جیپچیرنے کامیابی حاصل کی، جبکہ مختلف کیٹیگریز میں بھی نمایاں ریکارڈز قائم ہوئے۔ مجموعی طور پر سڈنی میراتھن 2026ء نے ثابت کردیا کہ یہ مقابلہ اب صرف ایک میراتھن نہیں بلکہ دنیا کے ممتاز ترین رننگ ایونٹس میں اپنی جگہ مضبوط کرچکا ہے۔
مسلسل تیسرے سال گنیز ورلڈ ریکارڈز نے سڈنی میراتھن میں غیر معمولی کارنامے انجام دینے والے ریکارڈ ساز رنرز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ یہ دن طویل فاصلے کی دوڑ کے تازہ ترین ایڈیشن کا موقع تھا، جبکہ سڈنی نے دنیا کی سات ایبٹ ورلڈ میراتھن میجرز میں شامل ہونے کی دوسری سالگرہ بھی منائی۔ دنیا کے 140 سے زائد ممالک سے تعلق رکھنے والے کھیلوں کے نامور کھلاڑی اور شوقیہ رنرز آسٹریلیا کے اس شہر میں جمع ہوئے تاکہ اپنی جسمانی برداشت اور صلاحیتوں کو آزما سکیں۔ اس مقابلے کو ''میراتھن کی دنیا کا ساتواں عجوبہ‘‘ بھی قرار دیا جاتا ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے ایڈجوڈی کیٹر برائن سوبل بھی موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے میراتھن کے دوران قائم یا توڑے جانے والے ریکارڈز کی باضابطہ تصدیق کی۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ان تمام رنرز کی حوصلہ افزائی اور حوصلہ بلند کیا جنہوں نے اپنی دوڑ کو ایک اضافی چیلنج کے ذریعے مزید یادگار اور غیر معمولی بنانے کا فیصلہ کیا۔
برائن نے کہا کہ کینسر کے علاج کے چیلنجز پر قابو پانے، ماحولیاتی مسائل کے بارے میں شعور اجاگر کرنے یا غیر روایتی لباس میں میراتھن میں حصہ لینے جیسے مختلف کارناموں کے ذریعے ان رنرز نے ثابت کردیا ہے کہ ریکارڈ قائم کرنا کس قدر خاص اور غیر معمولی تجربہ ہوسکتا ہے۔ ان کامیابیوں کا مشاہدہ کرنا اور یہ دیکھنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ یہ رنرز گنیز ورلڈ ریکارڈز کے تاریخی صفحات میں اپنے لیے جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے۔سڈنی میراتھن 2026ء کے اختتام پر ریکارڈ قائم کرنے کی چھ کوششوں میں سے تمام چھ کامیاب رہیں۔
40 ہزار سے زائد ایتھلیٹس شمالی سڈنی کی ملر اسٹریٹ پر جمع ہوئے، جہاں میراتھن کا آغاز صبح 6 بج کر 15 منٹ پر ہوا۔ رنرز 42.195 کلومیٹر طویل میراتھن کورس مکمل کرنے کیلئے تیار تھے۔ ان کا مقصد میڈل کے ساتھ گنیز ورلڈ ریکارڈز کا اعزاز اپنے نام کرنا تھا۔ فنِش لائن عبور کرنے والا پہلا رنر آسٹریلوی ایتھلیٹ اور سابق پیشہ ور سائیکلسٹ ٹوبی فلر تھا۔غیر معمولی عزم، استقامت اور متاثر کن جسمانی قوت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹوبی فلر نے ملٹی پل مائیلوما کے مرض میں مبتلا مرد کی جانب سے تیز ترین میراتھن مکمل کرنے کا ریکارڈ قائم کیا۔ انہوں نے یہ فاصلہ 3 گھنٹے، 18 منٹ اور 1 سیکنڈ میں طے کیا۔ ٹوبی کو 23 برس کی عمر میں ملٹی پل مائیلوما کی تشخیص ہوئی تھی۔ یہ ہڈیوں میں موجود پلازما خلیوں کو متاثر کرنے والی ایک ناقابلِ علاج قسم کی کینسر کی بیماری ہے۔ وہ گزشتہ پانچ برس سے اس بیماری کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔ ٹوبی تسلیم کرتے ہیں کہ بیماری کی وجہ سے مستقل بنیادوں پر تربیت کرنا مشکل ہے، تاہم انہوں نے کبھی کوشش ترک نہیں کی اوردوڑ جاری رکھی۔ ٹوبی نے آج یہ ریکارڈ قائم کرکے ایک منفرد مثال قائم کر دی۔ ان کا مقصد کینسر کے ساتھ زندگی گزارنے والے دوسرے افراد کو یہ پیغام دینا ہے کہ وہ اپنی بیماری کے باوجود اپنے خوابوں کے حصول کی جدوجہد جاری رکھیں۔
برسبین سے تعلق رکھنے والے ایتھلیٹ کینٹ اوہوری نے دن کا دوسرا ریکارڈ اپنے نام کیا۔ انہوں نے بیئر کین کا لباس پہن کر تیز ترین میراتھن مکمل کرنے کا ریکارڈ قائم کیا۔ کینٹ نے یہ دوڑ 3 گھنٹے، 28 منٹ اور 27 سیکنڈ میں مکمل کی۔کینٹ اوہوری اپنی غیر معمولی ایتھلیٹک صلاحیتوں اور کھیلوں و صحت مند طرزِ زندگی کے فوائد اجاگر کرنے کے مشن کے باعث اس سے قبل بھی خبروں کی زینت بن چکے ہیں۔ اس مرتبہ انہوں نے سڈنی کے مشہور اوپیرا ہاؤس کے سامنے فنش لائن عبور کی تو وہ نارنجی اور سفید رنگ کے بیئر کین کے لباس میں ملبوس تھے۔ کینٹ برسبین میں قائم معروف رننگ کمیونٹی ری باؤنڈ کلب کے بانی ہیں، جو رنرز، ٹرائیتھلیٹس اور کھیلوں سے وابستہ افراد کیلئے ایک کمیونٹی ہے۔
دن کی ایک اور نمایاں کامیابی فل برینٹ کی تھی، جو سڈنی سے تعلق رکھنے والے ڈیجیٹل اور کمیونیکیشنز کے ماہر ہیں۔ انہوں نے کچھوے کا روپ دھارتے ہوئے رینگنے والے جانور کے لباس میں تیز ترین میراتھن مکمل کرنے (مرد) کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ فل برینٹ نے دلکش سبز رنگ کا کچھوے کا لباس پہن کر میراتھن 3 گھنٹے، 45 منٹ اور 52 سیکنڈ میں مکمل کی۔
سڈنی میراتھن کے ریکارڈ ہولڈرز
ٹوبی فلر
ملٹی پل مائیلوما کے مرض میں مبتلا مرد کی جانب سے تیز ترین میراتھن کا ریکارڈ قائم کیا گیا،انہوں نے مطلوبہ فاصلہ 3 گھنٹے 18 منٹ 1 سیکنڈمیں طے کیا۔
کینٹ اوہوری
بیئر کین کے لباس میں تیز ترین میراتھن مکمل کرنے والا مرد،انہوں نے مطلوبہ فاصلہ 3 گھنٹے 28 منٹ 27 سیکنڈمیں طے کیا۔
کرس فائیوی
جسم کے اندر نصب ذیلی جلدی ڈیفبریلیٹر کے ساتھ تیز ترین میراتھن مکمل کرنے والا مرد، فاصلہ3 گھنٹے 36 منٹ 27 سیکنڈمیں طے کیا۔
فل برینٹ
رینگنے والے جانور کے لباس میں تیز ترین میراتھن مکمل کرنے والا مرد، 3 گھنٹے 45 منٹ 52 سیکنڈمیں فاصلہ کیا۔
ربیکا جوئنر
اسکاؤٹ یونیفارم میں تیز ترین میراتھن مکمل کرنے والی خاتون، 3 گھنٹے 55 منٹ 37 سیکنڈمیں فاصلہ مکمل کیا۔
نلہاری بھنڈاری
روایتی بھوٹانی لباس میں تیز ترین میراتھن مکمل کرنے والا مرد ، 4 گھنٹے 7 منٹ 6 سیکنڈمیں مطلوبہ فاصلہ طے کیا۔