سمندری طوفان ایان28ستمبر 2022ء میں سمندری طوفان ''ایان‘‘ امریکی ریاست فلوریڈا کے علاقے کایو کوسٹا اسٹیٹ پارک سے کیٹیگری چار کے شدید سمندری طوفان کی حیثیت سے ٹکرایا۔ اس تباہ کن طوفان کے نتیجے میں 169 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ مجموعی طور پر تقریباً 113 ارب ڈالر کا مالی نقصان ہوا۔ یہ طوفان گزشتہ 89برس کے دوران ریاست میں آنے والا سب سے مہلک سمندری طوفان بھی قرار دیا گیا۔ انڈونیشیا میں زلزلہ28 ستمبر 2018ء کو انڈونیشیا کے جزیرے سولاویسی میں 7.5 شدت کا شدید زلزلہ آیا، جس کے نتیجے میں ایک بڑے پیمانے پر سونامی بھی پیدا ہوئی۔ قدرتی آفت نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی اور 4,340 افراد جاں بحق جبکہ 10,679 زخمی ہوئے۔ زلزلے اور اس کے بعد آنے والی سونامی کے باعث متعدد علاقے متاثر ہوئے اور لوگوں کو جانی و مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔''فالکن 1‘‘ کا کارنامہ2008ء میں آج کے روز ''فالکن 1‘‘نے تاریخ رقم کرتے ہوئے دنیا کے پہلے ایسے نجی طور پر تیار کردہ مائع ایندھن والے راکٹ کا اعزاز حاصل کیا، جس نے زمین سے لانچ ہو کر کامیابی کے ساتھ پے لوڈ کو مدار میں پہنچایا۔ یہ کامیابی نجی خلائی تحقیق اور تجارتی خلائی پروازوں کے شعبے میں اہم سنگ میل ثابت ہوئی۔اس کامیابی نے نجی کمپنیوں کیلئے خلائی مشنز کی راہ ہموار کی۔ جنوبی آسٹریلیا کا بلیک آؤٹ28ستمبر2016ء کوجنوبی آسٹریلیا میں بجلی کا ایک بڑا بریک ڈاؤن ہوا، جس کے باعث ریاست کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ بعض علاقوں میں یہ تعطل تین روز تک جاری رہا۔ اس واقعے نے روزمرہ زندگی، کاروباری سرگرمیوں اور دیگر ضروری خدمات کو متاثر کیا اور اسے جنوبی آسٹریلیا کی تاریخ میں بجلی کے بڑے تعطل کے واقعات میں شمار کیا گیا۔نیپال میں فضائی حادثہ 1992ء میں آج کے روز پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی پرواز 268 نیپال میں ایک پہاڑی سے ٹکرا کر تباہ ہوگئی۔ یہ طیارہ کھٹمنڈو کے قریب لینڈنگ کیلئے پرواز کر رہا تھا کہ پہاڑی علاقے میں حادثے کا شکار ہو گیا۔ اس المناک سانحے کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 167 مسافر اور عملے کے ارکان جاں بحق ہوگئے۔ حادثے نے پاکستان اور نیپال سمیت دنیا بھر میں فضائی سفر کے تحفظ سے متعلق تشویش پیدا کی۔ یہ پی آئی اے کی تاریخ کے المناک حادثات میں شامل ہے۔فلڈ لائٹس میں پہلا فٹ بال میچ1892ء میں 28 ستمبر کو امریکی فٹ بال کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل اس وقت قائم ہوا جب وائیومنگ سیمینری اور مینسفیلڈ اسٹیٹ نارمل کے درمیان کھیلے گئے مقابلے کے دوران پہلی مرتبہ رات کے وقت امریکی فٹ بال کا میچ منعقد کیا گیا۔ یہ میچ مصنوعی روشنی میں کھیلا گیا، جس نے کھیلوں کے انعقاد کے انداز میں ایک نئی جہت متعارف کرائی۔ بعد ازاں رات کے میچ عام ہوتے گئے اور جدید کھیلوں میں فلڈ لائٹس کا استعمال معمول بن گیا۔