اب کپڑے خریدنا ہوا مزید آسان
اسپیشل فیچر
خریداری میں جدید ٹیکنالوجی کا انقلاب
آج کے ڈیجیٹل دور میں ٹیکنالوجی نے خریداری کے انداز کو بھی تیزی سے بدلنا شروع کر دیا ہے۔ اب صارفین کو لباس خریدنے سے پہلے اسے پہن کر دیکھنے کیلئے اسٹور کے ٹرائل روم کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔ برطانیہ میں معروف ریٹیل کمپنی ٹیسکو اپنے فیشن برانڈ ''F&F ‘‘کے کپڑوں کیلئے ایسی ورچوئل ٹیکنالوجی کی آزمائش کر رہی ہے، جس کی مدد سے صارفین خریداری سے پہلے یہ دیکھ سکیں گے کہ منتخب لباس ان پر کیسا دکھائی دے گا۔ یہ جدید سہولت آن لائن شاپنگ کے تجربے کو مزید آسان، دلچسپ اور حقیقت سے قریب بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔
اگرچہ کبھی ٹیسکو دودھ کا پیکٹ یا ڈبل روٹی لینے کی جگہ کے طور پر جانا جاتا تھا، لیکن اب یہ فیشن کے شوقین افراد کیلئے بھی ایک مقبول خریداری مرکز بن چکا ہے۔سپر مارکیٹ کے F&F ملبوسات کے شعبے کو خاصی مقبولیت حاصل ہے، تاہم خریدار اکثر وہاں کپڑے تبدیل کرنے کے کمروں کی عدم دستیابی کی شکایت کرتے رہتے ہیں۔اب ٹیسکو کا خیال ہے کہ اس مسئلے کا حل ورچوئل ٹرائی آن سسٹم کی صورت میں سامنے آ سکتا ہے۔
ٹیسکو کے سینڈہرسٹ ایکسٹرا اسٹور میں اس نظام کی آزمائش کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے خریدار خواتین اور مردوں کے ملبوسات پر مشتمل F&F کے 1,500 مختلف آئٹمز کو ورچوئل طور پر پہن کر دیکھ سکیں گے۔ یہ خبر بہت سے خریداروں کیلئے خوش آئند ثابت ہو گی، کیونکہ وہ اکثر سوشل میڈیا پر اس بات کی شکایت کرتے ہیں کہ انہیں اسٹور میں کپڑے پہن کر دیکھنے کی سہولت میسر نہیں ہوتی۔ایک خاتون صارف نے اسٹور کے فرش پر ہی پتلون پہن کر دیکھتے ہوئے سوشل میڈیا پر سوال کیا: ''ٹیسکو، کیا ہمیں کبھی کپڑے تبدیل کرنے کے کمرے ملیں گے؟‘‘
خریدار اسٹور کے ملبوسات کے شعبے کے ایک کونے میں نصب اسکرین کے ذریعے ورچوئل ٹرائی آن سسٹم تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔ اس نظام میں صارف کو اپنی تصویر کھینچنے، پہلے سے موجود تصویر اپ لوڈ کرنے یا اپنے جسمانی سائز کے مطابق ایک ڈیجیٹل ماڈل منتخب کرنے کا اختیار دیا جائے گا۔ اس کے بعد صارف 1,500 مختلف ملبوسات میں سے اپنی پسند کے کپڑے منتخب کر سکیں گے، جبکہ مصنوعی ذہانت (AI) انہیں دکھائے گی کہ یہ لباس ان کے جسم پر پہننے کے بعد کس طرح نظر آئیں گے۔ ان اسکرینوں کے ذریعے خریدار اسٹاک، قیمتوں، دستیاب سائز اور دیگر اسٹورز میں موجودگی بھی چیک کر سکیں گے۔
ٹیسکو نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ''ورچوئل ٹرائی آن اسکرین سینڈھرسٹ ایکسٹرا (Sandhurst Extra)میں F&F کی وسیع تر تجدید کا حصہ ہے، جس میں نئے کپڑے تبدیل کرنے کے کمرے اور خریداری مکمل کرنے اور اشیا واپس کرنے کے عمل کو آسان بنانے کیلئے ایک مخصوص سروس ہب بھی شامل ہے‘‘۔ کمپنی کے مطابق، صارفین کو اسٹور میں F&F کے ملبوسات کی زیادہ وسیع رینج بھی دستیاب ہوگی۔ اس کے علاوہ نئی سائن بورڈز، بہتر روشنی اور جدید انداز کے ذریعے اسٹور کی ظاہری شکل و صورت کو بھی تبدیل کیا جا رہا ہے، جبکہ خواتین، مردوں اور بچوں کے ملبوسات کی F&F رینج کو نمایاں انداز میں پیش کرنے پر توجہ دی جائے گی۔
یہ خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خریداروں کی ایک بڑی تعداد ہائی اسٹریٹ برانڈز کو چھوڑ کر سپر مارکیٹوں کے ملبوسات کی جانب راغب ہو رہی ہے۔ یہ صرف عام خریدار ہی نہیں جو اپنی پسندیدہ سپر مارکیٹوں کی ملبوسات کی رینج کے دیوانے ہو رہے ہیں، بلکہ معروف شخصیات بھی ان برانڈز کی تشہیر اور فیشن لائنز کا حصہ بن رہی ہیں۔ٹیسکو کے F&F برانڈ کیلئے بھی زارا میک ڈرموٹ اور ایبی کلینسی جیسی معروف شخصیات اپنی ملبوسات کی خصوصی لائنز متعارف کرا چکی ہیں۔
صارفین نے ٹک ٹاک کا رخ کرتے ہوئے دوسروں کو بھی کم قیمت اور جدید ملبوسات کی رینج سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی ہے۔ بعض صارفین نے دستیاب ڈیزائنز کے بارے میں کہا کہ وہ ان کے ''دیوانے‘‘ ہو چکے ہیں۔ ایک صارف نے ٹک ٹاک پر لکھا: ''F&F میرے سارے پیسے لے لو! میں نے بہت سے ملبوسات خرید لیے ہیں۔ کام کیلئے کوآرڈینیٹڈ لباس، اسکرٹس، بلیزرز اور کارڈی گنز خریدی ہیں۔ مجھے ان کے ڈیزائنز بے حد پسند ہیں‘‘۔ ایک اور صارف نے کہا: ''کوئی مجھے یہ نہیں کہہ سکتا کہ اس موسم خزاں میں F&F کے کپڑے انتہائی شاندار اور فیشن ایبل نہیں ہیں۔ موسم بدلتے ہی میں وہاں کے تقریباً سبھی کپڑے پہنوں گا‘‘۔جبکہ ایک صارف نے مزاحیہ انداز میں کہا:''ٹیسکو، برا نہ ماننا، لیکن مجھے تو معلوم ہی نہیں تھا کہ تمہارا فیشن کے میدان میں اتنا بڑا کھیل ہے۔