آج کا دن
اسپیشل فیچر
گوگل کا آغاز
Google نے27 ستمبر 1998ء کو اپنی باضابطہ تاریخ آغاز قرار دیا اور اسے کمپنی کی سالگرہ کے طور پر منانا شروع کیا۔ اسی عرصے میں گوگل کا سرچ انجن انٹرنیٹ پر معلومات تلاش کرنے کے ایک نئے اور مؤثر ذریعے کے طور پر سامنے آیا۔ اس کی بنیاد لیری پیج اور سرگئی برن نے رکھی تھی۔ وقت کے ساتھ گوگل دنیا کے معروف سرچ انجنوں میں شامل ہوگیا اور انٹرنیٹ پر معلومات تک رسائی کا اہم ذریعہ بن گیا۔
ناسا کا تاریخی خلائی مشن
27ستمبر 2007ء کو ناسا نے ڈان (Dawn) خلائی مشن روانہ کیا، جس کا مقصد مریخ اور مشتری کے درمیان واقع شہابیوں کی پٹی کا مطالعہ کرنا تھا۔ ڈان خلائی جہاز نے اس خطے میں موجود بڑے اجرامِ فلکی، خصوصاً ویسٹا اور سیرس کے بارے میں اہم معلومات حاصل کیں۔ اس مشن کے ذریعے سائنسدانوں کو نظامِ شمسی کی ابتدائی تشکیل، سیارچوں کی ساخت اور ارتقائی مراحل کو سمجھنے میں مدد ملی۔
سہ افریقی معاہدہ
27ستمبر1940ء کو برلن میں جرمنی، اٹلی اور جاپان کے درمیان ایک معاہدہ ہوا جسے ''برلن معاہدہ‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ یہ ایک فوجی اتحاد تھا جس میں ہنگری، رومانیہ، بلغاریہ، یوگو سلاویہ اور سلوواکیہ نے شمولیت اختیار کی۔یوگوسلاویہ کے اتحاد کی وجہ سے بلغاریہ میں بغاوت کو ہوا ملی جس کا جواب جرمنی، اٹلی اور ہنگری نے یوگوسلاویہ پر حملہ کر کے دیا۔ اسی کے نتیجے میں اٹلی اس معاہدے میں شامل ہوا تھا۔ اس معاہد ے کو تاریخ کے کمزور معاہدوں میں شمار کیا جاتا ہے جو زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکے۔
سپین : سزائے موت کاخاتمہ
سپین میں سزائے موت کا آخری استعمال 27 ستمبر 1975ء کو ہوا جب مسلح باسک قوم پرست اور علیحدگی پسند گروپ کے دو ارکان اور انقلابی اینٹی فاشسٹ پیٹریاٹک فرنٹ کے تین ارکان کو سزائے موت پانے کے بعد فائرنگ اسکواڈ کے ذریعے سزادی گئی تھی۔ان مجرموں کو پولیس اہلکاروں اور سول گارڈز کے قتل کے جرم میں فوجی عدالتوں نے موت کی سزا سنائی تھی۔ یہ سپین میں سزائے موت کا آخری استعمال تھا۔
جاپان میں سمندری طوفان
27ستمبر1959ء کو شدید سمندری طوفان ویرا نے جاپان میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی اور تقریباً 5ہزار افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ طوفان جاپان میں آنے والی تباہ کن قدرتی آفات میں شمار کیا جاتا ہے۔ شدید ہواؤں، موسلا دھار بارش اور سیلاب نے کئی علاقوں کو متاثر کیا، جس سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔ متعدد گھر تباہ ہوئے، مواصلاتی نظام متاثر ہوا اور ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے۔
زوگ کا قتل عام
زوگ کا قتل عام 27 ستمبر 2001ء کو زوگ میں ہوا۔ فریڈرک لیباکر نے خود کو مارنے سے پہلے 14 افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ قتل عام سے پہلے کئی برسوں تک لیباکر نے قانونی چارہ جوئی کے بہت زیادہ استعمال سے اپنی طرف توجہ مبذول کرائی۔ اس کی جانب سے دائر کئے گئے تمام مقدمات کو برخاست کر دیا گیا جس پر اس نے یہ فرض کر لیا کہ ریاست جان بوجھ کر اس کے ساتھ ایسا سلوک کر رہی ہے۔ اسی سوچ نے اسے جرم کرنے پر مجبور کیا۔