جنوبی افریقی بولر رباڈا اچانک آئی پی ایل چھوڑ کر وطن واپس چلے گئے

ممبئی (سپورٹس ڈیسک )جنوبی افریقی فاسٹ بولر کاگیسو رباڈا اچانک انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) چھوڑ کر وطن واپس روانہ ہوگئے ۔
آئی پی ایل 2025 میں گجرات ٹائٹنز کی نمائندگی کرنے والے کاگیسو رباڈا 2 میچز کھیلنے کے بعد اچانک جنوبی افریقہ گئے ۔ رباڈا کو گجرات ٹائٹنز نے آئی پی ایل 2025 کی میگا نیلامی میں 10 کروڑ 75 لاکھ بھارتی روپے میں خریدا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق گجرات ٹائٹنز نے ایک بیان میں کہا کہ رباڈا ایک اہم ذاتی معاملے کو حل کرنے کے لیے وطن واپس لوٹ گئے ہیں۔فرنچائز نے رباڈا کی اچانک روانگی کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں اور نہ ہی ان کی ممکنہ واپسی کے بارے میں کوئی اطلاع دی۔رباڈا آئی پی ایل کے 82 میچز میں 119 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔