جسٹس مقبول باقر کے سکواڈ پر حملہ, 9 جاں بحق, متعدد زخمی

کراچی کے علاقے برنس روڈ پر سندھ ہائیکورٹ کے جج جسٹس مقبول باقر کے سکواڈ پر حملہ, دھماکے میں پولیس اہلکار سمیت 9 جاں بحق, متعدد زخمی، کئی افراد کی حالت تشویشناک، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ، پولیس اور رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

کراچی: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے برنس روڈ پر دھماکے میں 9 افراد کی ہلاکت جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے کے بعد لوگوں میں افراتفری پھیل گئی۔ لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کیا۔ دھماکے میں کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دھماکے کی اطلاعات ملتے ہی پولیس، امدادی ٹیمیں اور بم ڈسپوزل سکواڈ کا عملہ جائے حادثہ پر پہنچ گیا۔ پولیس اور رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دھماکے کے شواہد اکھٹا کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ دنیا نیوز کے مطابق دہشتگردوں نے سندھ ہائیکورٹ کے جج جسٹس مقبول باقر کے سکواڈ کو ٹارگٹ کیا۔ جسٹس مقبول باقر کا قافلہ سندھ ہائیکورٹ کی جانب رواں دواں تھا کہ دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی کو ان کی گاڑی سے ٹکرا دیا جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے. انھیں فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے.دھماکے میں ایک پولیس وین اور موٹر سائیکل مکمل تباہ ہو گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 7 سے 8 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا. سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ جسٹس باقر کے سکواڈ پر حملہ پلانٹڈ تھا۔ جسٹس باقر آغا خان ہسپتال میں زیر علاج ہیں، ان کی صحت کے لئے دعا گو ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حملے میں 9 افراد جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد میں پولیس اور رینجرز اہلکار بھی شامل ہیں۔ سندھ بار کونسل نے جسٹس مقبول باقر پر حملے کے خلاف صوبے بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے.

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں